تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے فنڈز بلوچستان پرلگائیں گے، شہباز شریف

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود، وفاقی حکومت نے ملکی پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کی بجائے بچت کو بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کا انتخاب کیا ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی سے بچائے گئے فنڈز کو اسٹریٹجک این 25 ہائی وے چمن،کوئٹہ، قلات،خضدار،کراچی روٹ کو دوہری بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “اس اقدام کا مقصد بلوچستان کے لوگوں کو سفر کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔” وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہائی وے کی بحالی اور توسیع موٹروے کے مکمل معیار پر پورا اتری جائے۔ اس کے علاوہ کچھی کینال کے فیز 2 کو مکمل کرنے کے لیے فنڈز کا ایک حصہ مختص کیا جائے گا، جس سے بلوچستان میں سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرنے کی توقع ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں ترقی بالخصوص این 25 منصوبے اور انفراسٹرکچر کے دیگر طویل انتظار کی کوششوں کو ترجیح دینے پر وزیر اعظم شریف کا شکریہ ادا کیا۔ کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات (پیٹرولیم لیوی) آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی منظوری بھی دی، جیسا کہ پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش کی گئی تھی۔ پی ایم او نے کہا کہ توقع ہے کہ اس ترمیم سے قومی آمدنی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ فیصلہ تیل کی عالمی منڈیوں کو عدم استحکام کا سامنا کرنے پر آیا ہے۔ برینٹ کروڈ 54 سینٹ گر کر 64.34 ڈالر فی بیرل، جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 57 سینٹ گر کر 60.96 ڈالر پر آگیا، اوپیک اور انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) دونوں کی جانب سے مانگ میں کمی کی پیش گوئی کے درمیان، جس کی بڑی وجہ تجارتی کشیدگی اور امریکی ٹیرف کی پالیسیوں میں اتار چڑھاؤ ہے۔ فنانس ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق اپنے آخری قیمتوں کے جائزے میں، حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 1 روپے فی لیٹر کی معمولی کمی کی تھی، انہیں 254.63 روپے مقرر کیا تھا، جبکہ 15 اپریل تک ہائی اسپیڈ ڈیزل 258.64 روپے فی لیٹر پر رکھا تھا۔
پنجاب میں گرد آلود ہوائیں اورگرج چمک کے ساتھ بارشیں: پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے ، جس کے مطابق صوبے میں 16 اپریل تا 20 اپریل گرد آلود ہوائیں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اعلامیے کے مطابق راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، فیصل آباد، خوشاب اور میانوالی میں بارش اور آندھی متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق اپریل کے اختتام پر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ جائے گی، عوام گرمی اور لو کی شدت میں محتاط رہیں۔ صوبائی ادارے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن، صحت، آب پاشی، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کےلیے بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق شہری آسمانی بجلی سے بچنے کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جائے۔
سوڈان کے علاقے دارفور میں حملے سے جاں بحق افراد کی تعداد تین سو ہو گئی: اقوام متحدہ

سوڈان کے علاقے دارفور میں پیرا ملٹری گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے پناہ گزین کیمپوں پر کیے گئے حملوں میں کم از کم 300 عام شہری ہلاک ہو گئے۔ عالمی نشریاتی ادراے الجزیرہ کے مطابق یہ حملے جمعہ اور ہفتہ کے روز زمزم اور ابو شوک کے بے گھر افراد کے کیمپوں اور ال فاشر شہر کے آس پاس کیے گئے، جس کے نتیجے میں تقریباً چار لاکھ افراد بے گھر ہو گئے۔ یہ اعداد و شمار اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ہجرت کی پیر کے روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں پیش کیے گئے، جو مقامی، غیر مصدقہ ذرائع پر مبنی ہے۔ یہ المناک واقعات سوڈان میں خانہ جنگی کے آغاز کی دوسری برسی کے موقع پر پیش آئے، جب ملک پہلے ہی ظلم، بربریت اور قحط جیسے انسانی المیوں سے دوچار ہے۔ اقوامِ متحدہ نے اسے دنیا کا بدترین انسانی بحران قرار دیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ریلیف انٹرنیشنل سوڈان سے وابستہ 10 امدادی کارکن بھی شامل ہیں، جو زمزم کیمپ میں آخری فعال طبی مراکز میں سے ایک چلا رہے تھے۔ سیٹلائٹ تصاویر میں جمعہ کے روز کیمپ میں جلتی ہوئی عمارات اور دھواں دکھایا گیا ہے، جبکہ اتوار تک ریپڈ سپورٹ فورسز نے زمزم کیمپ کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق، حملے کے نتیجے میں 60ہزار سے 80ہزار خاندان یعنی تقریباً چار لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ سوڈان میں یہ خانہ جنگی 15 اپریل 2023 کو اُس وقت شروع ہوئی تھی جب ملک کی فوجی حکومت اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان اقتدار کی کشمکش شدت اختیار کر گئی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم از کم 20 ہزارافراد جاں بحق اور ایک کروڑ 30 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں، تقریباً 40 لاکھ لوگ پڑوسی ممالک میں داخل ہو چکے ہیں۔ پچھلے مہینے، سوڈانی مسلح افواج نے دارالحکومت خرطوم پر دوبارہ قبضہ کرنے کے بعد ریپڈ سپورٹ فورسز کے خلاف ایک اہم فتح حاصل کی۔ اس نے ریپڈ سپورٹ فورسز کی طرف سے مزید حملے کیے ہیں، جو تقریباً تمام دارفورکے علاقے کو کنٹرول کرتا ہے، جس سے ملک کی ممکنہ تقسیم کا خطرہ ہے۔
نوشہرہ موٹروے پر فائرنگ سے سینئر سول جج اور بہنوئی جاں بحق ہوگئے

نوشہرہ کے علاقے رشکئی کے قریب موٹروے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینیئر سول جج ایڈمن مردان محمد حیات خان اور ان ک بہنوئی وکیل خالد خان جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دلخراش واقعہ نوشہرہ کے علاقے رشکئی میں اس وقت پیش آیا، جب مقتولین گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک نامعلوم موٹرکار سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مزید پڑھیں: لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ: 11 افراد جاں بحق، کتنے پاکستانی شامل ہیں؟ ضلعی پولیس افسر نوشہرہ عبدالرشید خان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی اور زمین کے پرانے تنازعے کا شاخسانہ لگتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے، جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کینیا: ایجنٹوں نے دیوہیکل چیونٹیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

کینیاکے ایجنٹوں نے چار اسمگلر کو نیروبی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حراست میں لیا، جن میں دو بیلجیئم کے شہری، ایک ویتنامی اور ایک کینیا کا باشندہ شامل تھے،ان کے پاس ہزاروں زندہ چیونٹیاں جن میں نایاب میسر سیفلوٹسن سل کی ملکہ چیونٹیاں شامل تھیں۔ نیروبی کے جومو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹعالمی خبر ارساں ادرے رائٹرز کے مطابق ان اسمگلر کوچیونٹیاں بیرون ملک شوقین افراد کو فروخت کے لیے اسمگل کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کیس کو کینیا وائلڈ لائف سروس کی جانب سے حیاتیاتی چوری کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ کینیا وائلڈ لائف سروس بیان کے مطابق حکام نے ان چیونٹیوں کو خاص طور پر تیار کردہ ٹیسٹ ٹیوبز اور سرنجز میں چھپایا ہوا پایا، جنہیں اس طرح ڈیزائن کیا گیا تھا کہ وہ دو ماہ تک چیونٹیوں کو زندہ رکھ سکیں اور ایئرپورٹ سیکیورٹی سے بچ نکلیں۔ ادارے نے اس عمل کو سوچ سمجھ کر کی گئی اور منصوبہ بند اسمگلنگ قرار دیا۔ اگرچہ عام لوگ چیونٹیوں کو پریشان کن کیڑے سمجھتے ہیں، لیکن کچھ شوقین افراد انہیں فارمیکیریم میں رکھ کر ان کی کالونی بنانے کی پیچیدہ سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ رائٹرز کو دستیاب عدالتی دستاویزات کے مطابق، حکام نے تقریباً 5,000 زندہ ملکہ چیونٹیاں 2,244 کنٹینرز میں پیک کی ہوئی پکڑیں، جن کی قیمت تقریباً 10 لاکھ کینیائی شِلنگ (7,800 امریکی ڈالر) کے برابر بتائی گئی ہے۔ ان ملزمان کو نیروبی کے جومو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا،بیلجیئم کے ایک اسمگلر ڈیوڈ لورنوئے نے عدالت میں کہا کہ ہم یہاں قانون توڑنے کے لیے نہیں آئے تھے۔ یہ سب غلطی اور نادانی میں ہوا، عدالت ہم سے نرمی کرے۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 23 اپریل مقرر کی ہے۔ کینیا وائلڈ لائف سروس نیشنل میوزیم آف کینیا، اور پروبیشن افسر کی جانب سے پری سینٹنسنگ رپورٹ پیش کرے گی، چاروں اسمگلرز اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں۔
مالدیپ کا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد

مالدیپ نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ملک میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق مالدیپ کی پارلیمان نے اسرائیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی سے متعلق بل کی منظوری دے دی، جسے صدر محمد معیزو نے بھی دستخط کے بعد فوری طور پر نافذ کر دیا۔ مالدیپ کے صدارتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امیگریشن قانون میں کی جانے والی یہ ترمیم اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اب اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد مالدیپ میں داخل نہیں ہو سکیں گے، تاہم دوہری شہریت رکھنے والے شہری کسی دوسرے ملک کے سفری دستاویزات کے ذریعے ملک میں داخلے کی اجازت حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں: اسرائیل کی جنگ بندی کی تجویز: حماس کا ’ضروری مشاورت‘ کے بعد جواب دینے کا عندیہ یاد رہے کہ یہ تجویز سب سے پہلے مئی 2024 میں اپوزیشن کے رکن پارلیمنٹ میکائل احمد نسیم نے پیش کی تھی، جسے سیکیورٹی سروسز کمیٹی نے منظور کیا، اور 308 دن بعد پارلیمان سے باضابطہ منظوری حاصل کی گئی۔ ادھر صدر محمد معیزو نے فلسطینی علاقوں میں انسانی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے عنوان سے فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا ہنگری کے سفیر کو خط، نیتن یاہو کو دعوت دینے پر احتجاج

احتجاج جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس کو خط کے ذریعے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو ہنگری کے دورے کی دعوت دینے پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ انہوں نے خط میں حکومت ہنگری کے اس فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خط میں کہا کہ نیتن یاہو پر انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) میں سنگین الزامات عائد ہیں، جن میں جنگی جرائم، غزہ میں نسل کشی اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے جیسے جرائم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فرد کو کسی بھی مہذب ملک میں خوش آمدید کہنا انسانی حقوق کی پامالی کے مترادف ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے ہنگری کی جانب سے آئی سی سی سے علیحدگی کے فیصلے پر بھی گہری مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جیسے اداروں کی اہمیت کو تسلیم کرنا اقوامِ عالم کی ذمہ داری ہے تاکہ ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا لہٰذا ہنگری کی حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے۔
معروف اسلامی اسکالر پروفیسر خورشید کی اسلام آباد میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی

معروف اسلامی اسکالر، دانشور اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما پروفیسر خورشید احمد کی غائبانہ نمازِ جنازہ اسلام آباد کی تاریخی فیصل مسجد میں ادا کی گئی، جس کی امامت سابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کی۔ نماز جنازہ میں سابق چیئرمین سینیٹ راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین سید، انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے سربراہ خالد رحمٰن اور آزاد کشمیر سے عبدالرشید ترابی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پروفیسر خورشید احمد، سید ابوالاعلیٰ مودودی کے فکری جانشین، جماعت اسلامی کے بانی رہنما، ماہر اقتصادیات اور متعدد اداروں کے بانی کا 92 سال کی عمر میں 13 اپریل کو انتقال ہوا تھا۔ 23 مارچ 1932ء کو دہلی میں جنم لینے والے پروفیسر خورشید احمد کا علمی سفر محض کاغذی ڈگریوں تک محدود نہ تھا بلکہ انہوں نے معیشت، تعلیم، دین، سیاست اور سماج کے ہر زاویے کو اپنی تحقیق کا مرکز بنایا۔ پروفیسر خورشید احمد عالمی سطح کے دانشور اور جماعت اسلامی کے معتبرترین رہنما شمار ہوتے تھے۔ جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالاعلیٰ مودودی کے قابل فخرشاگردوں میں سے ایک تھے۔ پروفیسر اسلامی معاشیات کو جدید دنیا میں بطور علیحدہ علم متعارف کرانے والے اولین شخص تھے۔ ان کی 70 سے زائد تصانیف اردو اور انگریزی میں فکری تشنگی مٹاتی ہیں۔ 1949ء میں اسلامی جمعیت طلبہ کے رکن بنے، پھر 1956ء میں سید مودودی کی جماعت اسلامی سے وابستہ ہوکر پوری زندگی نظریۂ اسلام کے فروغ میں گزار دی۔ اس کے علاوہ تین بار سینیٹر بھی منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی رہے اور کئی بین الاقوامی اعزازات سے نوازے گئے جن میں شاہ فیصل ایوارڈ، اسلامی ترقیاتی بینک پرائز اور نشان امتیاز شامل ہیں۔ مرحوم کو اقتصادیات اسلام میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر اسلامی بینک نے 1990 میں اعلیٰ ترین ایوارڈ بھی دیا تھا، امریکن فنانس ہاؤس نے 1998 میں اسلامک فنانس اعزاز بھی عطا کیا۔ پروفیسر خورشید احمد عالمی جریدے ترجمان القرآن کے مدیر بھی تھے۔ آخری دم تک اس ادارے کو چلاتے رہے۔ ان کی لائبریری میں ہزاروں نایاب کتب تھیں، جو انہوں نے مختلف اداروں کو وقف کردیں۔ وہ نہ صرف ایک محقق بلکہ تحریکِ اسلامی کے سچے داعی تھے۔ آج وہ خاموش ہو گئے، مگر ان کی تحریریں، تقاریر اور فکری میراث ہمیشہ زندہ رہے گی۔ پروفیسر خورشید احمد جماعت اسلامی کے بزرگ اعلیٰ اوصاف کے حامل سیاسی رہنما عالمی معاشی دانشور اور کئی کتابوں کے مصنف اور کئی عالمی ادا روں کے سربراہ تھے ۔ واضح رہے کہ مرحوم کی یاد میں ملک بھر میں تعزیتی ریفرنسز اور خصوصی دعائیہ تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا چھٹا میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، جہاں قلندرز نے کنگز کو 65 رنز سے عبرتناک شکست دے دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے ٹیم کی قیادت فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، جب کہ کنگز کی قیادت جارح مزاج بلےباز ڈیوڈ وارنز نے کی۔ قلندرز نے ٹاس جیت کر بلےبازی کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 اسکور بنائے اور کنگز کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے انتہائی مؤثر کن بلےبازی دیکھنے کو ملی۔ اوپننگ کے لیے جارح مزاج بلےباز فخر زمان اور محمد نعیم بلےبازی کے لیے کریز پر آئے، مگر محمد نعیم کریز پر ٹہر نہ سکے اور محض 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد عبداللہ شفیق آئے اور وہ بھی 6 رنز بناکر چلتے بنے۔ فخر زمان نے شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھے چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ 47 گیندوں پر 76 رنز بنائے اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ ڈیرل مچل نے 41 گیندوں پر 75 رنز بنائے، جب کے باقی کوئی بھی بلےباز 30 رنز بھی نہ بناسکا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بالکل معمولی گیندبازی دیکھنے کو ملی، اننگ کے آغاز میں حسن علی نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں لیں، مگر ان کے علاوہ کوئی بھی بلےباز آؤٹ نہ کرسکا۔ ایک بعد دوسرا ایسے کرتے گیندباز لاہوری بلےبازوں کے ہاتھوں پٹتے گئے۔ فاسٹ بولر حسن علی کی جانب سے ذمہ دارانہ گیندبازی دیکھنے کوملی اور انھوں نے 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ عباس آفریدی 1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ ان کا علاوہ کوئی بھی گیند باز وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ قلندرز کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنگز کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کنگز کی جانب سے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی مایوس کن بلےبازی دیکھنے کو ملی، خوشدل شاہ کے علاوہ کوئی بیٹر بھی 30 سے زیادہ نہ کرسکا، خوشدل نے 39 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ حسن علی نے27 اور شان مسعود نے 18 رنز بنائے۔ کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر ایک بار پھر ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور رشاد حسین نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، سکندر رضا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں میچ کل شام 16 اپریل کو رات 8 بجے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد اور ملتان سلطانز کے مابین راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دہشتگردوں کی 10 نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ 10نسلیں بھی بلوچستان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتیں ،بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے ،جب تک اس ملک کے غیور عوام فوج کے ساتھ کھڑے ہیں فوج ہر مشکل سے نبردآزما ہوسکتی ہے اور کوئی بھی ملک کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا اسلام آباد میں ہونے و الے پہلے اوور سیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے لئے ہمارے جذبات اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں بلکہ وہ روشنی ہے جو اقوام عالم پر پڑتی ہے، جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں وہ سن لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور بیرون مقیم پاکستانی اس کی عمدہ مثال ہیں۔ جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کیا پاکستان کے دشمنوں کا یہ خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں، جو بھی پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہوگا ہم مل کر اس رکاوٹ کو ہٹادیں گے ۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ جب تک اس ملک کے غیور عوام فوج کے ساتھ کھڑے ہیں فوج ہر مشکل سے نبردآزما ہوسکتی ہے، شہدا کی لازوال قربانیوں پر کبھی ملال نہیں آنے دیں گے۔ انہوں کہا کہ ہم آج یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ جو پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہوگا ہم مل کر اس رکاوٹ کو ہٹادیں گے، ہم کبھی بھی مشکلات اور دشواریوں کے آگے نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے، پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا اور پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے فلسیطنی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا، سوال یہ نہیں کہ پاکستان نے کتنی ترقی کرنی ہے، سوال یہ ہے کہ پاکستان نے کتنی تیزی سے ترقی کرنی ہے۔