ہارورڈ نفرت اور جہالت سکھا رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارورڈ کو اب معیاری تعلیمی ادارے کی فہرست میں شامل نہیں کیا جاسکتا اور ہارورڈ ایک ایسا مذاق بن چکی ہے، جو نفرت اور جہالت سکھاتی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہارورڈ کو اب معیاری تعلیمی ادارے کی فہرست میں شمار نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسے دنیا کی صفِ اول کی یونیورسٹیوں کی کسی فہرست میں شامل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارورڈ ایک ایسا مذاق بن چکی ہے، جو نفرت اور جہالت سکھاتی ہے، اس لیے اسے مزید سرکاری مالی امداد نہیں دی جانی چاہیے۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اور ہارورڈ کے درمیان تناؤ اُس وقت بڑھا جب یونیورسٹی نے حکومتی دباؤ کے باوجود اپنے تعلیمی اور انتظامی معاملات میں مداخلت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ٹرمپ کی ہدایت پر ہارورڈ یونیورسٹی کی 2.2 ارب ڈالر مالیت کی وفاقی امداد منجمد کر دی گئی ہے، جب کہ صدر ٹرمپ نے ادارے کی غیر منافع بخش حیثیت کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ صدر ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی اپنی داخلہ پالیسی، بھرتیوں اور تعلیمی شعبہ جات کی ساخت پر نظرثانی کرے، اور تعلیمی پروگرامز کا آڈٹ کرانے کی اجازت دے۔ دوسری جانب ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر، ایلن گاربر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ “ہم اپنی خودمختاری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔” یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کا الزام ہے کہ بعض یونیورسٹیاں، بالخصوص ہارورڈ، ’یہود مخالف جذبات‘ کو فروغ دے رہی ہیں، خاص طور پر اسرائیل کے غزہ پر جاری حملوں کے خلاف طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں یہ موقف سامنے آیا ہے۔

حماس کی دنیا بھر کے مسلمانوں سے امریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ہفتہ یکجہتی منانے کی اپیل

فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری صیہونی جارحیت اور نسل کشی کے خلاف اسلامی مزاحمتی تحریک “حماس” نے دنیا بھر کے مسلمانوں بشمول عرب اقوام اور حریت پسندوں سے ہفتہ بھر پر مشتمل عالمی یکجہتی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ حماس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری صہیونی بربریت اور نسل کشی کی امریکی حمایت اور بین الاقوامی خاموشی کے تحت ارتکاب کیا جائے، اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) عرب اور مسلم اقوام اور دنیا بھر کے آزاد لوگوں سے ایک ہفتہ طویل عالمی یکجہتی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی فوری اپیل کرتی ہے۔ حماس نے زور دیا ہے کہ آئندہ ہفتے غزہ کی حمایت میں تمام صلاحیتوں اور کوششوں کو متحرک، دارالحکومتوں اور شہروں میں ریلیوں اور دھرنوں سمیت یکجہتی کی سرگرمیوں کی تمام اقسام کو تیز کرکے جاری نسل کشی کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔ مزید پڑھیں: فلسطین پر اسرائیلی قبضہ: تاریخ کے اوراق میں کیا لکھا ہے؟ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حماس دنیا بھر میں عوامی یکجہتی کے لیے عوامی اور ٹریڈ یونینوں کے مطالبات کو سراہتی ہے، غزہ اور اس کے محصور لوگوں کی حمایت میں دنیا بھر کی تمام یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں منگل (22 اپریل) کو عالمی عام ہڑتال کی اپیل کرتی ہے۔ حماس نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے جمعہ، ہفتہ اور اتوار (اپریل 18، 19 اور 20) کو غیر قانونی قبضے، امریکی مداخلت اور بین الاقوامی بے عملی کے خلاف عالمی غصے کے دنوں کے طور پر اعلان کیا جائے۔ یہ بھی پڑھیں: ’وہ امتحان کی تیاری کر رہے تھے‘ تیونس میں اسکول کی چھت گرنے سے تین طلبا جاں بحق حماس کا کہنا ہے کہ اس عوامی دباؤ کے ذریعے صیہونی جارحیت کو روکا جا سکتا ہے اور دنیا کو غزہ کے نہتے اور مظلوم عوام کی حمایت پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔ حم نے دنیا بھر کے آزاد ضمیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس یکجہتی مہم میں بھرپور حصہ لے کر انسانیت کا ساتھ دیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کر لیا

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے رواں سال کے آخر میں انڈیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے باقاعدہ کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی میگا ایونٹ میں شرکت کی اہل قرار پائی ہے۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف اپنی مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کے برابر بھی آگئی۔ رن ریٹ کے فرق کی بنیاد پر بنگلہ دیش پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب ورلڈ کپ 2025 میں شرکت یقینی بنا لی ہے۔ اگرچہ ٹورنامنٹ میں اب بھی پانچ میچز باقی ہیں، تاہم ان کے نتائج پاکستان اور بنگلہ دیش کی پوزیشن میں معمولی رد و بدل تو کر سکتے ہیں، مگر کسی اور ٹیم کی کوالیفائی کرنے کی امید باقی نہیں رہی۔ مزید پڑھیں: چھکوں کی بارش مگر تماشائی غائب، پی ایس ایل کی رونق کہاں گئی؟ پاکستان ویمنز ٹیم نے کوالیفائر میں اپنے ابتدائی تینوں میچز میں شاندار فتوحات حاصل کیں، جب کہ بنگلہ دیش بھی اب تک ناقابل شکست ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا یہ 13واں ایڈیشن ہوگا، جو 29 ستمبر سے 26 اکتوبر تک انڈیا میں کھیلا جائے گا۔ بھارت چوتھی بار اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جب کہ 31 میچز پر مشتمل اس میگا ایونٹ میں آسٹریلیا ٹائٹل کے دفاع اور آٹھویں بار ٹرافی اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ورلڈ کپ کے کسی ایڈیشن میں صرف آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، اس سے قبل 1978، 1997 اور 2013 کے ایونٹس میں بھی یہی فارمیٹ اپنایا گیا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: چھ ایسے بالر جو سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں دوسری جانب انڈیا میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے باوجود پاکستان کے میچز انڈیا میں نہیں کھیلے جائیں گے۔ گرین شرٹس کے تمام میچز کسی نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔ یاد رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے مطابق 2027 تک پاکستان اور انڈیا کسی بھی آئی سی سی یا اے سی سی ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کے ملک میں میچز نہیں کھیلیں گے۔ اسی معاہدے کے تحت انڈین ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز دبئی میں کھیلے تھے۔

LIVE پی ایس ایل 10: ملتان سلطان کا اسلام آباد یونائیٹد کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ

پی ایس ایل (ایڈیشن 10) کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے یونائیٹڈ کی کپتانی شاداب خان، جب کہ سلطانز کی کپتانی محمد رضوان کررہے ہیں، شائقین کرکٹ کو اس دلچسپ مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اس وقت زبردست فارم میں ہے اور دو مسلسل فتوحات کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ ٹیم کا نیٹ رن ریٹ +3 سے زیادہ ہے، جو ان کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بولنگ یونٹ نے گزشتہ دونوں میچز میں مخالف ٹیموں کو 150 رنز سے کم پر محدود رکھا، جب کہ بیٹنگ لائن اپ نے پچھلے میچ میں 240 سے زائد رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے اپنی شاندار سنچری سے ٹیم کی بیٹنگ طاقت کو واضح کر دیا۔ مجموعی طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ ایک مکمل اور مضبوط ٹیم کے طور پر سامنے آئی ہے، جس کے کھیل میں فی الحال کوئی کمزوری نظر نہیں آتی۔ دوسری جانب ملتان سلطانز کے لیے سیزن کا آغاز مایوس کن رہا ہے۔ اپنے پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹیم دباؤ کا شکار نظر آ رہی ہے۔ اگرچہ کپتان محمد رضوان نے شاندار سنچری اسکور کی، تاہم بولنگ یونٹ 234 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔ ملتان سلطانز کو اپنی بولنگ حکمت عملی پر نظرثانی کرنا ہوگی اگر وہ فتح کی راہ پر واپس آنا چاہتے ہیں۔ یہ میچ ایک سنسنی خیز مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں فتح کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ کیا اسلام آباد یونائیٹڈ اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھ پائے گی یا ملتان سلطانز واپسی کرے گی؟ فیصلہ آج کے میچ میں ہو گا۔

صدارتی آرڈیننس: حکومت لیوی کی نئی شرح کسی حد کے بغیر مقرر کر سکے گی

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی حد ختم کرتے ہوئے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات پر لیوی کی شرح میں نمایاں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ففتھ شیڈول ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد حکومت اب پیٹرولیم لیوی کی کوئی بھی حد مقرر کر سکتی ہے۔ ففتھ شیڈول کے مطابق حکومت زیادہ سے زیادہ 70 روپے فی لیٹر لیوی لینے کی پابند تھی۔ مزید پڑھیں: فلسطین پر اسرائیلی قبضہ: تاریخ کے اوراق میں کیا لکھا ہے؟ پیٹرول پر لیوی 8 روپے 2 پیسے بڑھا کر 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر کر دی گئی، جب کہ ڈیزل پر 7 روپے 1 پیسے کا اضافہ کرتے ہوئے نئی شرح 77 روپے 1 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 7 روپے 99 پیسے بڑھا کر 18 روپے 95 پیسے فی لیٹر کر دی گئی، جب کہ لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی میں 7 روپے 62 پیسے اضافہ کر کے نئی شرح 15 روپے 37 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

سونا عوام کی پہنچ سے دور، 8600 روپے مزید مہنگا ہو گیا

پاکستان میں سونے کی قیمتیں مسلسل دوسرے دن تیزی سے بڑھنے کے بعد تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 8,600 روپے اضافے سے 348,000 روپے تک پہنچ گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 7373 روپے کا اضافہ ہوا جو اب 298,353 روپے ہے۔ عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں 46 ڈالر کا اضافہ ہوا جو بین الاقوامی مارکیٹ میں 3310 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ گزشتہ روزعالمی اور مقامی دونوں بازاروں میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر اضافے سے 3224 ڈالر تک پہنچ گئی۔ مزید برآں، 10 گرام سونے کی قیمت میں 514 روپے کا اضافہ ہوا، جس سے یہ پاکستان میں 290,980 روپے ہو گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز   فی تولہ سونے کی  قیمت 600 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 39 ہزار 400 روپے تھی۔

تجارتی جنگ: چین کا نجی ایئرلائنز کو امریکی بوئنگ طیارے نہ خریدنے کا حکم

چین نے تجارتی کشیدگی کے تناظر میں نجی ایئرلائنز کمپنیوں کو امریکا سے مزید بوئنگ جیٹ طیارے وصول نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ بلومبرگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 145 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیجنگ نے چینی ایئر لائنز کو امریکی طیاروں کے پرزے اور آلات خریدنے سے بھی روک دیا ہے۔ چین کا شمار بوئنگ کے بڑے صارفین میں ہوتا ہے اور اس فیصلے کے بعد بوئنگ کے حصص کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جب کہ یورپی کمپنی ایئربس کی مارکیٹ پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایئر چائنا، چائنا ایسٹرن اور چائنا سدرن ایئر لائنز نے 2025 سے 2027 کے درمیان بوئنگ کے درجنوں طیارے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، جن کی فراہمی اب متاثر ہو سکتی ہے۔ مزید پڑھیں: ٹرمپ کی حکومت بس اپنے امیر دوستوں کو اور امیر بنا رہی ہے، سابق امریکی صدر جو بائیڈن واضح رہے کہ بوئنگ پہلے ہی کئی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جن میں کارکنوں کی ہڑتال، سخت ریگولیٹری جائزہ اور سپلائی چین میں رکاوٹیں شامل ہیں۔ چین کی جانب سے ترسیل روکنے کا اقدام کمپنی کے لیے ایک اور جھٹکا ہے۔ عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بوئنگ نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، جب کہ کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنی ترسیل دیگر ایئر لائنز کو منتقل کر سکتی ہے، لیکن طویل مدتی اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین نے امریکی ساختہ پرزوں کی درآمد بند کر دی تو اپنے مقامی تیار کردہ C919 طیارے کی تیاری اور پرواز بھی متاثر ہو سکتی ہے، کیونکہ ان میں بھی کئی امریکی پرزے استعمال ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ بیجنگ کی جانب سے یہ قدم ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے، جب امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ چینی حکومت اس وقت بوئنگ طیارے لیز پر لینے والی کمپنیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی غور کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شدید ژالہ باری، متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش اور اولے پڑنے سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، جس سے مختلف مقامات پر ٹریفک بھی جام ہو گئی۔   اسلام آباد کے کئی علاقوں میں بڑے سائز کے اولے پڑے، جس سے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،شیدید بارش کے باعث پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن بھی روک دیا گیا ۔ گزشتہ روز پی ایم ڈی اے نے الرٹ جاری کیا تھا جس میں  اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں 16 اپریل سے 20 اپریل تک تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان بتایا گیا تھا۔ پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن بارش کے باعث جلدی ختم کردیا گیا، بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں دوسری جانب خیبر، باجوڑ، مردان ،مالا کنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ سمیت کے پی کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں،ژالہ باری ہوئی، دن میں اندھیرا چھا گیا۔ ضلع خیبر میں سیلابی ریلےمیں کار بہہ گئی، باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی

موٹروے حادثہ: سوتے ٹرک ڈرائیور کی پٹرولنگ موبائل کو ٹکر، انسپکٹر شہید

موٹروے ایم 4 پر امین پور کے قریب ٹرک نے پٹرولنگ موبائل پر ٹکر ما ر دی جس سے موٹروے پولیس کے انسپکٹر منصور اصغر دورانِ ڈیوٹی شہید ہو گئے۔  ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہید انسپکٹر ڈرائیورز کو دورانِ ڈرائیونگ نیند سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مزدا ٹرک نمبر جے ڈبلیو1778 کا ڈرائیور مبینہ طور پر ڈرائیونگ کے دوران سو گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک بے قابو ہو کر انسپکٹر منصور اصغر سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ شہید انسپکٹر کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ 2007 میں موٹروے پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ ان کی خدمات کو ادارے کی جانب سے نہایت ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی مثال قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ انسپکٹر منصور اصغر نہایت دیانتدار اور قابل افسر تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ شہید انسپکٹر اپنے پیچھے والدین، بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے شہید افسر کی فیملی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔

پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کےلیے پر عزم ہے،اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے ہمیشہ سنجیدگی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ بھی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، جس کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیےاور اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے پاکستان دستے بھی بھیج چکا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن کے لیے وزارتی کانفرنس کا انعقاد اہم ہے، سینکڑوں پاکستانی عالمی امن کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستانی آرمی چیف بھی اقوام متحدہ کے عالمی امن دستوں میں کردار ادا کرچکے ہیں، عالمی امن کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 35 ہزار پاکستانیوں نے کردار ادا کیا ہے۔ کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے مستقل عزم اور کردار کو سراہا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔