اسلام آباد میں شدید ژالہ باری، متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش اور اولے پڑنے سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، جس سے مختلف مقامات پر ٹریفک بھی جام ہو گئی۔ اسلام آباد کے کئی علاقوں میں بڑے سائز کے اولے پڑے، جس سے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،شیدید بارش کے باعث پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن بھی روک دیا گیا ۔ گزشتہ روز پی ایم ڈی اے نے الرٹ جاری کیا تھا جس میں اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں 16 اپریل سے 20 اپریل تک تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان بتایا گیا تھا۔ پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن بارش کے باعث جلدی ختم کردیا گیا، بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی صورتحال پہلے کبھی پیش نہیں آئی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے اولوں کے حوالے سے کوئی الرٹ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ اسی وجہ سے ہمیں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے جیسے نقصانات برداشت کرنا پڑے۔ شدید بارش اور اولے آنے کی وجہ سے مختلف مقامات پر پر ٹریفک بھی جام ہو گئی ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دوسری جانب خیبر، باجوڑ، مردان ،مالا کنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ سمیت کے پی کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں،ژالہ باری ہوئی، دن میں اندھیرا چھا گیا۔ ضلع خیبر میں سیلابی ریلےمیں کار بہہ گئی، باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی
موٹروے حادثہ: سوتے ٹرک ڈرائیور کی پٹرولنگ موبائل کو ٹکر، انسپکٹر شہید

موٹروے ایم 4 پر امین پور کے قریب ٹرک نے پٹرولنگ موبائل پر ٹکر ما ر دی جس سے موٹروے پولیس کے انسپکٹر منصور اصغر دورانِ ڈیوٹی شہید ہو گئے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہید انسپکٹر ڈرائیورز کو دورانِ ڈرائیونگ نیند سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مزدا ٹرک نمبر جے ڈبلیو1778 کا ڈرائیور مبینہ طور پر ڈرائیونگ کے دوران سو گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک بے قابو ہو کر انسپکٹر منصور اصغر سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ شہید انسپکٹر کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ 2007 میں موٹروے پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ ان کی خدمات کو ادارے کی جانب سے نہایت ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی مثال قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ انسپکٹر منصور اصغر نہایت دیانتدار اور قابل افسر تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ شہید انسپکٹر اپنے پیچھے والدین، بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے شہید افسر کی فیملی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔
پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کےلیے پر عزم ہے،اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے ہمیشہ سنجیدگی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ بھی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، جس کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیےاور اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے پاکستان دستے بھی بھیج چکا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن کے لیے وزارتی کانفرنس کا انعقاد اہم ہے، سینکڑوں پاکستانی عالمی امن کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستانی آرمی چیف بھی اقوام متحدہ کے عالمی امن دستوں میں کردار ادا کرچکے ہیں، عالمی امن کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 35 ہزار پاکستانیوں نے کردار ادا کیا ہے۔ کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے مستقل عزم اور کردار کو سراہا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
27 اپریل کو مینارِ پاکستان پر اسرائیل کے خلاف مردہ باد ملین مارچ ہوگا، مولانا فضل الرحمان کا اعلان

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 27 اپریل کو مینارِ پاکستان پر، جب کہ 11 مئی کو پشاور میں اسرائیل کے خلاف مردہ باد ملین مارچ ہوگا۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ صوبے کے اختیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، گزشتہ دنوں ہمارے کچھ ساتھیوں کو شہید کیا گیا۔ آئین کا تقاضا ہے کہ کوئی قانون سازی اس کے خلاف نہ ہو، خیبرپختونخوا میں ہمارے ساتھیوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ مولانا شاہد، قاری اعجاز اور ہمارے کئی ساتھیوں کو شہید کیا گیا۔ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے وسائل ہمارے قبضے میں ہونے چاہییں، فاٹا کا انضمام جلدبازی میں کیا گیا۔ وسائل صوبے کے ہوں گے تو شرائط بھی صوبے کی ہوں گی۔ وفاقی حکومت کو صوبے کے وسائل کا مالک نہیں بنائیں گے۔ 26ویں ترمیم میں 56 میں سے 34 شقوں سے انھیں دسبردار ہونا پڑا۔ مزید پڑھیں: پاکستانی طلبا کو زرعی تعلیم کے لیے چین بھیجا جائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف مولانا فضل الرحمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو صوبے کے وسائل کا مالک نہیں بنائیں گے، اس وقت سب سے حساس معاملہ ہمارے اندرونی وسائل کا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی قوتوں کو اپنے اثاثے کا مالک نہیں بنائیں گے، اندھے پن میں پاکستان کا معاشی نقصان کیوں کیا جارہا ہے؟ سربراہ جے یو آئی نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان سے ناراضی کچھ اور ہے اور غصہ مہاجرین پر اتارا جارہا ہے، اگر افغانستان سے کوئی مسئلہ ہے تو بیٹھ کر بات چیت کی جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 27 اپریل کو مینارِ پاکستان پر اسرائیل کے خلاف مردہ باد ملین مارچ ہوگا، جب کہ پشاور میں 11 مئی کو ہوگا۔ انھوں نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے، ہر حکمران پچھلے والوں کو بخش دیتا ہے، ہمارے حکمران غفلت کی نیند سورہے ہیں، انھیں جگانا ہوگا۔ ہمارا حق آئین نے دیا ہے، اس حق کی جنگ لڑیں گے۔ یہ بھی پڑھیں: اردو زبان مذہب نہیں، تہذیب کی شناخت ہے، انڈین سپریم کورٹ سربراہ جے یو آئی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی جدوجہد کرسکتی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لائیں گے، پی ڈی ایم دور میں ریکوڈک قانون سازی پر ہم نے راستہ روکا تھا۔ انھوں نے کہا کہ کے پی میں بدامنی ہے اور حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے، بلوچستان میں بھی حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے، بہت سے علاقوں میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ لوگ مسلح گروہوں سے پریشان ہیں اور تجارت بھی نہیں کرسکتے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قانون سازی کے لیے کچھ لایا جاتا ہے، پیچھے کچھ اور ہوتا ہے۔ مائنز اینڈ منرل ایکٹ جے یو آئی کا نہیں ہے، کاروبار کرنا ہے تو صوبائی حکومت کی اجازت و شرائط کے ساتھ کیا جائے۔
پیسے نہیں تو مفت پیئں، کراچی میں صحت افزا تربوز کا شربت

کراچی کی تپتی دھوپ، لو کے تھپیڑے اور پسینے سے شرابور دنوں میں جسم و جان کو راحت دینے کے لیے کچھ ٹھنڈا، فرحت بخش اور قدرتی ہو تو اس کا جواب ہے: تربوز کا جوس۔ گرمیوں میں جب سورج اپنے جوبن پر ہوتا ہے اور درجہ حرارت آسمان کو چھو رہا ہوتا ہے، تب تربوز نہ صرف ایک مزیدار پھل کی صورت میں سامنے آتا ہے بلکہ اس کا جوس پیاس بجھانے اور جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے لیے ایک قدرتی نسخہ بن جاتا ہے۔ کراچی جیسے مصروف اور گرم شہر میں جہاں دن بھر کا تھکاوٹ بھرا معمول جسم کو بے حال کر دیتا ہے، وہیں تربوز کا ٹھنڈا، ہلکا اور میٹھا جوس تازگی کا پیغام لیے آتا ہے۔ یہ صرف ذائقے کی بات نہیں بلکہ تربوز اپنے اندر وہ غذائی خوبیاں رکھتا ہے جو گرمیوں میں جسم کو درکار ہوتی ہیں – پانی، وٹامنز اور معدنیات کا قدرتی امتزاج۔
جب فیلڈ پر ہوتے ہیں تو پیچھے سے گالیاں سننی پڑتی ہیں، حسن علی

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ ختم ہونے کے بعد قومی پلئیر حسن علی نے میڈیا سے گفتگو کی۔ اس پریس کانفرس میں کراچی کنگز کے نائب کپتان حسن علی نے ایک طنزیہ مگر جذباتی جملہ کہا کہ”بابر کو ہم نے کنگ بنایا، اور ہم ہی اس کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔” یہ بیان سن کر صحافی بھی لمحہ بھر کو ساکت ہو گئے لیکن حسن رُکے نہیں۔ اگلے لمحے، وہ بابر اعظم کے لیے اپنی محبت اور حمایت کا کھل کر اظہار کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ “بابر ہمارا ہی پراڈکٹ ہے، وہ ہمارا ہیرا ہے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ میرے کہنے سے وہ گر جائے گا، تو سن لیں وہ کم بیک کرے گا اور زوردار کم بیک کرے گا۔” حسن علی نے مزید کہا کہ “جب فیلڈ پر ہوتے ہیں، پیچھے سے گالیاں سننی پڑتی ہیں۔ وہ لمحے تکلیف دہ ہوتے ہیں لیکن ہم اپنی کارکردگی سے ہی جواب دے سکتے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ “خوشدل کے ساتھ نیوزی لینڈ میں جو ہوا، وہ تکلیف دہ تھا۔ لیکن ہم کھلاڑی ہیں، واپس آتے ہیں، بہتر ہوتے ہیں۔” بابر کے حوالے سے اپنے متنازع جملے “کنگ کرلے گا” پر معذرت کرتے ہوئے حسن نے کہا کہ “میرا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، لیکن اگر کسی کو برا لگا تو میں معذرت خواہ ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ” اگر میں کہوں کہ کنگ رن نہیں کرے گا اور اس سے وہ رنز کرنے لگ جائے تو میں آج یہی بات کردیتا ہوں۔” کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کے خلاف شکست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ بیٹنگ میں غلطیاں ہوئیں۔ انکا کہنا تھا کہ “ہم نے کچھ شاٹس غلط کھیلے، پارٹنرشپس نہیں بن سکیں لیکن ٹیم میں ٹیلنٹ ہے اور ہم ضرور کھیل میں واپس آئیں گے۔” مزید پڑھیں: ون ڈے کرکٹ میں آئی سی سی کا دو گیندوں کے اصول میں تبدیلی پر غور
ماحویاتی آلودگی کا خاتمہ: وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلی انوائرمنٹ پروٹیکشن فورس کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آج بدھ کے روز صوبے کی پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس کا افتتاح کیا، جو پاکستان میں ماحولیات کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ لاہور میں منعقدہ اس تقریب میں فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جس میں اعلیٰ حکام، وزراء اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دو اہم ماحولیاتی نظام بھی متعارف کروائے جن میں ماحولیاتی منظوری کا نیا انتظامی نظام اور گاڑیوں کے اخراج پر قابو پانے کے لیے ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم شامل ہیں۔ مریم نواز نے خود ایک گاڑی کا معائنہ کر کے سسٹم کا عملی مظاہرہ کیا اور پہلا باضابطہ ایمیشن اسٹیکر لگا کر اس سسٹم کا علامتی آغاز کیا۔ تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے نئی فورس کے آپریشنل فریم ورک پر روشنی ڈالی۔ بتایا گیا کہ یہ فورس مختلف خصوصی یونٹوں پر مشتمل ہے جو شہروں میں پلاسٹک کے فضلے، دھول اور ڈینگی کے تدارک، پانی کے تحفظ، صنعتی اور طبی فضلے کے بہتر انتظام، اور اخراج کی نگرانی جیسے امور پر کام کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ایک علامتی قدم کے طور پر انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کا پرچم بھی لہرایا اور فورس کے لیے 25 ہائبرڈ گاڑیوں اور 200 الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا اعلان کیا، تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی پائیدار اقدامات کیے جا سکیں۔ تقریب میں یہ بھی بتایا گیا کہ اب فورس کو ریئل ٹائم ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں جن میں 360 ڈگری سرویلنس گاڑیاں، تھرمل ڈرونز اور موبائل ایئر کوالٹی اسٹیشن شامل ہیں۔ اپنے خطاب میں مریم نواز نے اس فورس کے قیام کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ حکومت کا مقصد ایک سرسبز، محفوظ اور صاف پنجاب کو یقینی بنانا ہے۔
40 سالہ ڈاکٹر کے ہاتھوں 15 ہلاکتیں، علاج تھا یا قتل کا فارمولا؟

برلن میں ایک 40 سالہ ماہرِ طب، جس کا شمار پالی ایٹیو کیئر کے ماہرین میں ہوتا تھا، اب 15 مریضوں کے قتل کے الزامات کا سامنا کر رہا ہے۔ استغاثہ کے مطابق، یہ ڈاکٹر اپنے زیر نگرانی مریضوں کو جان بوجھ کر ایک خاص اینستھیزیا اور پٹھوں کو مفلوج کرنے والی دوا دیتا رہا اور وہ بھی اُس وقت، جب مریض نہ مرنے کے قریب تھے اور نہ ہی کسی قسم کی رضا مندی دی گئی تھی۔ یہ سلسلہ 2021 سے جاری رہا مگر پردہ اُس وقت چاک ہوا جب گزشتہ برس چار مریضوں کی مشتبہ ہلاکتوں کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ڈاکٹر نے ثبوت مٹانے کے لیے اُن کے اپارٹمنٹس کو آگ لگا دی تھی۔ اس کیس کو تہہ سے جانچنے کے لیے ایک خاص تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مریضوں کے پرانے میڈیکل ریکارڈز کی جانچ کر رہی ہے جبکہ مزید لاشوں کی قبر کشائی بھی متوقع ہے۔ ملزم، جو فی الحال پولیس کی زیر حراست ہے اور اپنے جرم سے انکاری ہے۔ دوسری جانب مرنے والوں کے لواحقین نہ صرف عمر قید بلکہ اس کی طبی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تاحیات پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مزید پڑھیں: اردو زبان مذہب نہیں، تہذیب کی شناخت ہے، انڈین سپریم کورٹ
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو منتقل کرنا خوش آئند ہے، سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے این-25 موٹر وے کی تعمیر اور کچھی کینال فیز ٹو منصوبے کے لیے وفاق کی جانب سے رقم مختص کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ این-25 کی تعمیر میں پاکستان کے ہر فرد کا حصہ ہوگا اور اس منصوبے سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سرفراز بگٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو منتقل کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہمیشہ بلوچستان کو ترجیح دی ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان کی ترقی پورے پاکستان کے مفاد میں ہے۔
فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے, وزارتِ خارجہ

پاکستان کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں فلسطینی علاقوں سے متعلق حالیہ قرارداد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری افواہوں اور الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے واضح کیا کہ “اسرائیلی ترجیحات کو ایڈجسٹ کرنے” سے متعلق تمام دعوے بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان نے سوشل میڈیا پوسٹس کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ پاکستان نے قرارداد میں سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف شقیں نکالنے کی سفارش کی۔ ان کے مطابق، یہ دعوے جھوٹی میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں جو قرارداد کے عمل اور اس کے نتائج کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں۔ ان پوسٹس میں امریکی یہودی کانگریس کے اس بیان کا حوالہ دیا جا رہا ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد میں اسرائیل کے خلاف سخت زبان کو نرم کرنے میں کردار ادا کیا۔ تاہم ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ یہ قرارداد اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کی اجتماعی منظوری سے پیش کی گئی، جس میں فلسطینی وفد کی رضامندی اور او آئی سی کی توثیق بنیادی شرط ہوتی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی قرارداد فلسطینی موقف پر مبنی ہے۔ کوئی بھی ترمیم یک طرفہ نہیں کی گئی۔ قرارداد کی منظوری کے لیے فلسطینی وفد اور OIC کا اتفاق ضروری تھا۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، نہ ہی کسی کثیرالطرفہ فورم میں اس سے کوئی براہ راست رابطہ رکھتا ہے۔ قرارداد میں صرف انسانی حقوق کی بنیاد پر غور کے لیے سفارشات کی گئیں، اور مزید فیصلے جنرل اسمبلی کو سونپ دیے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطینی کاز کے لیے ہمیشہ غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کیا ہے۔ نیویارک اور جنیوا میں پاکستانی سفارتی وفود نے او آئی سی کے طے کردہ موقف کے مطابق ہی تمام قراردادوں پر کام کیا۔ آخر میں ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد اور ان کے حقوق کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ وضاحت ان تمام سوشل میڈیا تبصروں اور الزامات کا جواب ہے جو پاکستان کے کردار پر سوال اٹھا رہے تھے۔ دفتر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غلط تشہیر یا گمراہ کن بیانیہ پاکستان کی فلسطین پالیسی کو متاثر نہیں کر سکتا۔