واٹس ایپ نے نیا ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی فیچر متعارف کرادیا۔

واٹس ایپ نے باضابطہ طور پر ایک نیا فیچر ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی متعارف کرایا ہے ، جس کا مقصد صارفین کو اس بات پر زیادہ کنٹرول دینا ہے کہ ان کے پیغامات اور میڈیا کو نجی اور گروپ دونوں چیٹس میں کیسے ہینڈل کیا جاتا ہے۔ فعال ہونے پر، ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی گفتگو میں دوسروں کو چیٹس برآمد کرنے سے روکتی ہے، ان کے آلات پر میڈیا کی خودکار ڈاؤن لوڈنگ کو غیر فعال کرتی ہے، اور واٹس ایپ کے اندر اے آےآئی سے چلنے والی خصوصیات میں پیغامات کے استعمال کو محدود کرتی ہے۔ تاہم، یہ ٹول فی الحال اسکرین شاٹس کو مسدود نہیں کرتا، واٹس ایپ نے ابھی ایک حد کو حل کرنا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق، یہ فیچر خاص طور پر گروپ چیٹس کے لیے قابل قدر ہے جہاں شرکاء ایک دوسرے کو ذاتی طور پر نہیں جانتے، جیسے کہ ہیلتھ سپورٹ گروپس یا کمیونٹی آرگنائزیشن چیٹس۔ ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی صارفین کو ان کے پیغامات بھیجے جانے کے بعد اعلی درجے کی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔ فیچر کو چالو کرنے کے لیے، صارفین کو ایک چیٹ کھولنا ہوگا، سب سے اوپر چیٹ کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا، اور سیٹنگز میں ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی آپشن تلاش کرنا ہوگا۔ فیچر کو ہر چیٹ کے لیے انفرادی طور پر فعال ہونا چاہیے، کیونکہ یہ تمام بات چیت پر عالمی طور پر لاگو نہیں ہوتا ہے۔ واٹس ایپ نے اشارہ کیا ہے کہ یہ ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی ٹول کا پہلا اعادہ ہے، جس میں مستقبل کے اپ ڈیٹس میں مزید اضافہ اور اضافی رازداری کے کنٹرولز متعارف کرانے کا منصوبہ ہے
“2 مئی تک کینالز نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 5 مئی کو پورٹ قاسم بند کریں گے، جے یو آئی کا اعلان”

جے یو آئی رہنما راشد محمود سومرو نے خبردار کیا ہے کہ اگر 2 مئی تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 5 مئی کو پورٹ قاسم اور 6 مئی کو کے ٹی بندر بند کر دیے جائیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے دریائے سندھ سے چھ کینال نکالنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سکھر موٹروے پر دیا گیا دھرنا پانچ گھنٹوں بعد ختم کر دیا۔ نجی نشریاتی ادارے 24 نیوز کے مطابق جے یو آئی کی جانب سے سکھر ملتان ایم فائیو موٹروے انٹرچینج کے قریب دھرنا دیا گیا، جس میں کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ دھرنے میں مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، سراج احمد شاہ امروٹی، محمد صالح انڈھڑ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ عبدالحمید مہر اور مولانا میر محمد میرک سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: تنازعات کے باوجود بذریعہ راہداری 208 یاتری کرتار پور پہنچ گئے جے یو آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے سندھ سے پانی کی نئی کینالز نکالنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ اگر نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو ملک کے اہم تجارتی مراکز کی بندش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ ہم جذباتی تقریریں کرتے ہیں جو بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں، لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ غریبوں، مسکینوں، ہاریوں، جزیروں اور معدنی وسائل کی جنگ لڑنے والے محب وطن ہیں، غدار نہیں۔ راشد محمود سومرو نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے محض ایک صوبے کا نام نہیں، ہم پورے ملک کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو چھین کر ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور ہم ایسے کسی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کا پانی ملنا چاہیے، سندھو دریا پنجاب کے لیے نہیں، سندھ کے لیے ہے۔ جے یو آئی رہنما نے کہا کہ کوٹری بیراج سے نیچے دریائے سندھ خشک ہو چکا ہے، ڈیلٹا تباہ ہو رہا ہے اور کراچی سے بدین تک سمندر زمین نگلنے کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب پینے کے لیے پانی میسر نہیں تو سمندر کو کیسے روکا جائے گا؟ یہ بھی پڑھیں: انڈیا کی آبی جارحیت: دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑا دیا راشد سومرو نے کہا کہ قمبر شہدادکوٹ میں میتوں کے غسل کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں رہا، طاقتور افراد کی زمینیں آباد کرنے کے لیے سندھ کو خشک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا کہ وہ نوٹیفکیشن کیوں جاری نہیں کر رہے؟ انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری کرنا کوئی مشکل کام نہیں، ایک جھٹکے میں یہ فیصلہ ہو سکتا ہے اور 2 مئی زیادہ دور نہیں ہے۔ جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ہم پرامن طریقے سے اپنے احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔
بی سی سی آئی نے پاک انڈیا ٹیموں کو الگ گروپس میں رکھنے کی افواہوں کو مسترد کردیا

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مستقبل کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹس میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کو الگ گروپس میں رکھنے کی خبروں کی تردید کردی۔ نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ایسی افواہیں سامنے آئیں کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو ایک خط لکھ کر دونوں ٹیموں کو الگ گروپس میں رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور یہ خبریں ان کے لیے بھی نئی ہیں۔ بی سی سی آئی کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد آئی سی سی سے اس حوالے سے کوئی خط و کتابت یا مشاورت نہیں کی گئی۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور فی الحال صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مزید پرھیں: عمران خان حملہ کیس: مرکزی ملزم نوید کو دو بار عمر قید کی سزا سنادی گئی یاد رہے کہ فی الحال کوئی بڑا آئی سی سی ایونٹ شیڈول نہیں، تاہم رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں خواتین کا ورلڈ کپ انڈیا میں منعقد ہونا ہے جس کے لیے پاکستان کی ویمنز ٹیم پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے واضح کر دیا تھا کہ معاہدے کے تحت پاکستان کی خواتین ٹیم انڈیا نہیں جائے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدے کے مطابق آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں نیوٹرل وینیو پر مدمقابل ہوں گی اور میزبان ملک متبادل مقام کا تعین کرے گا۔ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھی ایک روز قبل اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ انڈیا کی ٹیم آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے خلاف میچز میں شرکت کرے گی، تاہم دو طرفہ سیریز کا انعقاد حکومت کی ہدایات پر ہی ہوگا۔ انہوں نے پہلگام واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انڈین حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، انڈین کرکٹ بورڈ اس پر عمل کرے گا۔ واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی، واہگہ بارڈر کی بندش، انڈین ہائی کمیشن کے عملے میں کمی اور پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کی منسوخی جیسے سخت اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: تنازعات کے باوجود بذریعہ راہداری 208 یاتری کرتار پور پہنچ گئے دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں انڈیا کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا گیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے شملہ معاہدے سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیا ہے اور انڈیا کے لیے فضائی، زمینی اور تجارتی راستے بند کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ پاکستان نے انڈین ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کر دیا ہے، جب کہ انڈین دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ مزید یہ کہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام انڈین شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں اور انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی: تنازعات کے باوجود بذریعہ راہداری 208 یاتری کرتار پور پہنچ گئے

پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدہ صورت حال کے باوجود آج بھی کرتارپور راہداری معمول کے مطابق کھلی رہی۔ آج بذریعہ راہداری 208 یاتری بھارت سے کرتار پور پہنچے، یاتریوں نے پاک بھارت حکومتوں سے اپیل کی کہ کرتارپور راہدری کو کھلا رکھا جائے۔ انڈین یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں، لنگر ہال میں لنگر کھایا۔ یاتریوں نے کہا کہ یہ راہداری ان کی 70 سالوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، موجودہ حالات میں بھی راہداری کھلی رہنی چاہیے۔ یاتریوں نے کہا کہ انہیں لگا کہ وہ اپنے ہی ملک کے کسی دوسرے شہر آئے ہیں، یہاں کے انتظامات اور صفائی بہترین ہے، یاتری حسین یادیں لیے بذریعہ راہداری واپس بھارت لوٹ گئے۔ جبکہ دوسری جانب انڈیا میں پاکستان کے خلاف پراپوگینڈا پھیلایا جا رہا ہے اور وہاں کے عوام میں پاکستان کے خلاف انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔
پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے انڈین ائیرلائنز کو بھاری نقصان، مسافر وں نے دوسری ائیرلائنز کا رخ کرلیا

پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے انڈین فضائی کمپنیوں کو شدید متاثر کر دیا۔ تین روز میں انڈین ائیرلائنز کی 250 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جس سے ملکی و غیر ملکی مسافروں نے انڈین ائیرلائنز کو چھوڑ کردیگر ائیرلائنز کا رخ کرلیا۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث انڈین پروازوں کے دورانیے میں 2 سے 4 گھنٹے تک کا اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک سمیت طویل فاصلے کی پروازیں دو سے دس گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ اضافی پرواز کے وقت اور راستوں کی تبدیلی کی وجہ سے انڈین ائیرلائنز کو فیول، انجینیئرنگ، ہوٹل رہائش اور ائیرپورٹ پارکنگ چارجز کی مد میں بھاری اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی دہلی، ممبئی اور امرتسر سے امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، ڈنمارک، ہالینڈ اور سوئٹزرلینڈ جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب، بحرین، مسقط، باکو، شارجہ اور دبئی جانے والی بھارتی پروازوں کو بھی فیول کی اضافی کھپت اور طویل سفر کا سامنا ہے۔ مزید پڑھیں: انڈیا کی آبی جارحیت: دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑا دیا اس کے علاوہ پروازوں کی تاخیر کے باعث عملے کے ڈیوٹی آورز میں اضافہ اور آرام کے وقفے میں کمی کے مسائل بھی پیدا ہو گئے ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں بھارتی ائیرلائنز اپنے کرایوں میں 20 فیصد تک اضافہ کر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی اسٹریٹجک لوکیشن کے باعث انڈین ائیرلائنز کے لیے مغربی ممالک کی پروازوں میں پاکستانی فضائی حدود کا استعمال ایندھن اور وقت کی بچت کا ذریعہ رہا ہے۔ امریکی ویب سائٹ “ایئرویز میگزین” کے مطابق 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے دوران انڈین ائیرلائنز کو 26 فروری سے 2 جولائی تک تقریباً پانچ ماہ کے عرصے میں 540 کروڑ انڈین روپے (تقریباً 65 ملین امریکی ڈالر) سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: عمران خان حملہ کیس: مرکزی ملزم نوید کو دو بار عمر قید کی سزا سنادی گئی اس عرصے میں صرف ائیر انڈیا کو تقریباً 491 کروڑ انڈین روپے (تقریباً 59 ملین امریکی ڈالر) کا نقصان اٹھانا پڑا تھا، جب کہ اسپائس جیٹ کو 30.73 کروڑ انڈین روپے (تقریباً 3.7 ملین امریکی ڈالر)، انڈیگو کو 25.1 کروڑ انڈین روپے (تقریباً 3.0 ملین امریکی ڈالر) اور گو ائیر کو 2.1 کروڑ انڈین روپے (تقریباً 260,000 امریکی ڈالر) کا نقصان ہوا تھا۔ انڈین اخبار “انڈین ایکسپریس” کی ایک رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر انڈین فضائی کمپنیوں کے نقصانات 700 کروڑ انڈین روپے (تقریباً 84 ملین امریکی ڈالر) سے بھی تجاوز کر گئے تھے۔
زیلنسکی اور ٹرمپ کی ملاقات: کیا یوکرین جنگ میں امن کی امید پیدا ہو گئی؟

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پوپ فرانسس کی آخری رسومات کے موقع پر ایک بہت نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کو مستقبل میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے پرامن خاتمے کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ عالمی خبر ارساں ادرے رائٹرز کے مطابق زیلنسکی نے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ ان کی ملاقات تاریخی ثابت ہو سکتی ہے اگر روس کے ساتھ یوکرین کی جنگ کا پرامن خاتمہ ہو جائے جس پر انہوں نے تبادلہ خیال کیا تھا۔ زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں لکھا، “اچھی ملاقات۔ ون آن ون، ہم کافی بات چیت کرنے میں کامیاب رہے۔ ہمیں ان تمام باتوں کے نتیجے کی امید ہے جن کے بارے میں بات کی گئی تھی۔” انہوں نے کہا کہ ان عنوانات میں “ہمارے لوگوں کی جانوں کا تحفظ، ایک مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی، ایک قابل اعتماد اور دیرپا امن جو دوبارہ جنگ کو روکے گا۔” زیلنسکی نے مزید کہا کہ”یہ ایک بہت ہی علامتی ملاقات تھی جو تاریخی ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے اگر ہم مشترکہ نتائج حاصل کرتے ہیں۔ شکریہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ!” ویٹیکن میں ہونے والی یہ ملاقات، فروری میں واشنگٹن کے آفس میں غصے میں ہونئے والے انکاؤنٹر کے بعد ان کی پہلی ملاقات، مذاکرات کے ایک نازک وقت پر ہو رہی ہے جس کا مقصد یوکرین اور روس کے درمیان لڑائی کو ختم کرنا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر سٹیون چیونگ نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور صدر زیلنسکی نے آج نجی طور پر ملاقات کی اور بہت نتیجہ خیز گفتگو کی۔ ملاقات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
پہلگام فالس فلیگ آپریشن: دی ریزسٹنس فرنٹ نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی

دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) نے پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے انڈین الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی آر ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام واقعے پر انڈین حکام کا مؤقف جھوٹ کا پلندہ ہے اور یہ تحریکِ آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ تنظیم کے مطابق حملے کے بعد اس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے ایک جعلی پیغام جاری کیا گیا، جسے تحقیقات کے بعد ایک منظم سائبر حملے کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ دی ریزسٹنس فرنٹ نے مزید کہا کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ انڈین خفیہ سائبر ایجنسیاں اس ڈیجیٹل مداخلت میں ملوث ہیں۔ مزید پڑھیں: پہلگام واقعہ پر پاکستان شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، محسن نقوی بیان میں ٹی آر ایف کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انڈین نے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ایسی افراتفری پیدا کی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سائبر خلاف ورزی کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا 15واں میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا گیا، جس میں قلندرز نے سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو بلے بازی کی دعوت دی۔ سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور یاسر خان اوپننگ کے لیے آئے۔ اننگ کا آغاز اچھے انداز میں ہوا مگر یاسر خان 24 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 185 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے عمدہ اننگ کھیلتے ہوئے 76 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ کامران غلام نے 52، عثمان خان نے 18، جب کہ شائے ہوپ نے 9 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا جاسکا، قلندرز کے ٹام کرن، حارث رؤف اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 وکٹ بنائے اور 5 وکٹوں سے سلطانز کی شکست دے دی۔ قلندرز کی جانب سے ڈیرل مچل نے 38 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر جیت کر نمایاں کردار ادا کیا۔ان کے علاوہ عبداللہ شفیق نے 34، جب کہ فخر زمان 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ مزید یہ کہ سکندر رضا 40 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جب کہ محمد حسنین اور جوش لٹل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 10ویں ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے موجود ہیں، گزشتہ مقابلے میں ملتان سلطانز فاتح رہی، جب کہ اس بار یہ فتح لاہور نے اپنے نام کی۔ پوائنٹس ٹیبل پر 6 مقابلوں کے بعد لاہور قلندرز کے 6، جب کہ ملتان سلطانز کے 2 پوائنٹس ہیں۔
کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری اور جدت کے نئے امکانات، پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدے طے

پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) اور ورلڈ لبرٹی فنانشل (ڈبلیو ایل ایف) نے باضابطہ طور پر کئی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد کرپٹو انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور جدت کو فروغ دینا ہے۔ دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن سعید اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹ کوف نے شرکت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے معززین نے معاہدوں کی اہمیت اور پاکستان میں کرپٹو مارکیٹ کے بڑھتے ہوئے امکانات پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرپٹو سیکٹر میں زبردست مواقع پیش کرتا ہے۔ایک نسبتاً نیا کھلاڑی ہونے کے باوجود، پاکستان نے مختصر عرصے میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پیش کرتا ہے اور اس طرح کے اقدامات سے معاشی ترقی اور تکنیکی ترقی کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان کریپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن سعید نے پاکستان میں زیک ویٹ کوف کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعاون کے بارے میں پر امید اظہار کیا۔ زیک ویٹ کوف نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک ہے۔ ہم ایک متحرک مالیاتی مستقبل کی جانب اس کے سفر کا حصہ بننے پر پرجوش ہیں۔
کراچی کے دو اضلاع سائٹ اور کیماڑی میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر کے دو اضلاع، سائٹ اور کیماڑی میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق جاری کردہ حکم نامے میں پولیس کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ دفعہ 144 کا اطلاق 24 جون 2025 تک برقرار رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گرین بیلٹس، عوامی مقامات اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضے اور ملبہ پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید پڑھیں: عمران خان حملہ کیس: مرکزی ملزم نوید کو دو بار عمر قید کی سزا سنادی گئی یاد رہے کہ رواں ماہ کمشنر کراچی نے شہر میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے بھی دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔ اس پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں سمیت تمام ہیوی ٹریفک پر ہوگا اور یہ پابندی بھی دو ماہ کے لیے نافذ العمل ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی سہولت، ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور شہر کے عوامی مقامات کو غیر قانونی تجاوزات سے محفوظ رکھنا ہے۔