انڈیا نے اگر پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر بنایا تو اسے تباہ کر دیں گے: وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر بنایا تو اسے تباہ کردیں گے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی آسان نہیں، یہ پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہوگا، معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستان اس اسٹرکچر پر حملہ کردے گا۔ نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت نہیں دیا، بھارت اب اپنے ہی بیانیے کا مغوی بن چکا ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکی نائب صدر نے بھارت کے لیے فیس سیونگ کی گنجائش رکھی ہے، بھارت نے فیس سیونگ کے لیے کوئی حرکت کی تو اس کے منہ پر ہم کالک مل دیں گے۔ واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد انڈیا نے پاکستان پر الزام عائد کر دیا کہ یہ حملہ پاکستان نے کروایا ہے جبکہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر انڈیا کا کوئی جواب نہ آیا۔ انڈیا نے اس کشیدگی کے باعث سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث انڈیا نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ حالیہ کشیدگی کے باعث وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ اگر انڈیا ایسا کرے گا تو ہم بھی اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
پاکستان، انڈیا کشیدگی: ایشیا کپ 2025 کا شیڈول ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا خدشہ

ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ 2025 ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کی زد میں آ گیا ہے، کیونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی نے ستمبر میں شیڈول ایونٹ کے انعقاد کے ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا کر دیاہے ۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی سری لنکا یا متحدہ عرب امارات کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے، مگر بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قوی امکان ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دے گا، اگر ایسا ہوا تو ٹورنامنٹ مؤخر یا مکمل طور پر منسوخ بھی ہو سکتا ہے۔ پاک بھارت میچ نہ صرف شائقین کے لیے سب سے بڑی دلچسپی کا مرکز ہوتے ہیں بلکہ ٹی وی ریٹنگز، اسپانسرشپ، اور تجارتی پہلوؤں سے بھی ٹورنامنٹ کا دار و مدار انہی پر ہوتا ہے۔ گزشتہ ایڈیشنز میں بھی پاک بھارت مقابلوں نے ہی ایشیا کپ کو زندہ رکھا۔ اگر یہ مقابلہ نہ ہوا تو ٹورنامنٹ کی کمرشل اہمیت بری طرح متاثر ہو گی اور ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی )کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل ایک اہم تیاری کا موقع بھی ہے، مگر اگر دو بڑی ٹیمیں آپس میں نہ کھیلیں تو اس تیاری کی افادیت بھی کم ہو جائے گی۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ کشیدگی نے ایشیا کپ کو متاثر کیا ہو۔ 2023 میں بھارت نے پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد “ہائبرڈ ماڈل” کے تحت کچھ میچز سری لنکا منتقل کیے گئے۔ مگر اس ماڈل کو دوبارہ اپنانا اب شاید ممکن نہ ہو، خاص طور پر اگر بھارت مکمل طور پر پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکاری ہو۔
پہلگام کشیدگی: انڈیا نے آئی ایم ایف سے پاکستان کو دیے گئے قرضوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا

پہلگام حملے میں کشیدگی کے باعث انڈیا نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو دیئے گئے قرضوں پر نظرثانی کرنے کو کہا ہے۔ عالمی خبر ارساں ادارے رائٹرز کے مطابق انڈین حکومت کا خیال ہے کہ پاکستان کو جوابدہ ہونے کی ضرورت ہے اور اس نے آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے تحفظات اٹھائے ہیں، جو ضرورت مند ممالک کو مالی مدد فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ درخواست جموں و کشمیر کے پھلگام میں سیاحوں پر ہوئے جان لیوا حملے کے بعد سامنے آئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ اس حملے میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 25 سیاح اور ایک مقامی شہری مارا گیا ہے۔ بھارت اور پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسی ہیں، اور خدشہ ہے کہ یہ تازہ ترین بحران فوجی تنازع میں بدل سکتا ہے۔ بھارتی حکومت کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے دہشت گردوں کی شناخت کر لی ہے اور ان میں سے دو کا تعلق پاکستان سے ہے۔ تاہم پاکستان نے اس حملے میں کسی بھی قسم کے کردار سے انکار کیا ہے اور وہ اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات چاہتا ہے۔
ٹرمپ کا نیا امریکا، 100 دن کی کارکردگی ایک فریب یا حقیقت؟

امریکہ میں سیاسی ہلچل عروج پر ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت صدارت کے پہلے 100 دن بھی مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر ڈیٹرائٹ، مشی گن میں ایک ریلی میں خود کو ’قوم کا نجات دہندہ‘ ثابت کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔ مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ کے نواح میں ٹرمپ نے بڑا عوامی شو کیا، یہ وہ علاقہ ہے جو آٹو انڈسٹری کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ “میری صدارت عام فہم کا انقلاب ہے، ہم امریکہ کو دوبارہ عظیم بنا رہے ہیں۔” انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن پر کڑی تنقید کی۔ فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پاول کو ’ناکام‘ قرار دیا، اور میڈیا کو ’جھوٹا‘ بھی کہا۔ گیلپ سروے کے مطابق صرف 44 فیصد امریکی اب بھی ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں۔ یہ کسی بھی صدر کی دوسری مدت کے 100 دن مکمل کرنے پر سب سے کم مقبولیت ہے۔ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ تھا کہ ہم نے غیر قانونی داخلوں پر مکمل قابو پا لیا ہے،لیکن اعدادوشمار تو کچھ اور ہی ظاہر کرتے ہیں۔ امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے مطابق مارچ 2024 میں ایک لالکھ 40 ہزار افراد غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل ہوئے جبکہ مارچ 2025 میں صرف 7 ہزار181 افراد ہی غیر قانونی طور پر امریکی حدود میں داخل ہوئے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اب تک 65 ہزار 700 افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
پی ایس ایل 10 :بابر اور معاذ کی نصف سنچریوں کی بدولت پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

پشاور زلمی نے بابراعظم اور معاذ صداقت کی نصف سنچریوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی شکست دے دی، جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری سیزن میں ان کی دوسری ناکامی تھی۔ 144 رنز کے نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں، زلمی نے جارحانہ انداز میں آغاز کیا جب مچل اووین نے کائل میئرز کی پہلی ہی گیند پر سیدھا چھکا لگا دیا۔ تاہم، میئرز نے اگلی ہی گیند پر اووین کو آؤٹ کر کے فوراً جواب دیا، اور یوں کپتان بابراعظم کریز پر آئے جہاں ان کا ساتھ صائم ایوب نے دیا۔ بین ڈورشوئس نے اگلے اوور میں صائم ایوب کو صرف ایک رن پر پویلین بھیج دیا، جس سے زلمی کا آغاز مشکل میں پڑ گیا، اسکور 1.2 اوورز میں 12 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ بابر اعظم اور محمد حارث نے تیسری وکٹ کے لیے 26 رنز کی شراکت قائم کی، مگر حارث 13 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ریلی میریڈتھ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ زلمی نے اس کے بعد استحکام حاصل کیا، جب بابر اور پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے معاذ صداقت نے چوتھی وکٹ کے لیے 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی، اور ٹیم کو 12 اوورز کے اختتام پر 93-3 تک پہنچایا۔ معاذ نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، اور بابر کے ساتھ مل کر اننگز کو برق رفتاری سے آگے بڑھایا۔ بابر اعظم نے بھی اپنے مخصوص انداز میں کھیلتے ہوئے لیگ میں اپنی 35ویں نصف سنچری مکمل کی، اور ایک اینکر رول ادا کیا۔ جب صرف چار رنز درکار تھے، تو نسیم شاہ نے معاذ صداقت کو 55 رنز (33 گیندوں) پر آؤٹ کر کے ان کی 100 رنز کی شراکت ختم کر دی۔ تاہم، پشاور زلمی نے 17ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا، جہاں بابر 53 رنز (49 گیندوں) پر ناٹ آؤٹ رہے، اور میکس برائنٹ نے فاتحانہ شاٹ کھیلا۔ اس سے قبل، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے 20 اوورز میں 143 رنز بنائے، جس میں بین ڈورشوئس کے اختتامی اوورز میں لگائے گئے قیمتی رنز شامل تھے۔ ابتداء میں، صاحبزادہ فرحان اور کائل میئرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 50 رنز کی شراکت قائم کی اور پشاور کے باؤلرز پر دباؤ ڈالا۔ لیکن پاور پلے کے فوراً بعد، احمد دانیال نے فرحان کو 35 گیندوں پر 36 رنز پر آؤٹ کر کے زلمی کو پہلی کامیابی دلائی، اور 8.4 اوورز پر اسلام آباد کا اسکور 58-1 تھا۔ اگلے ہی اوور میں محمد علی نے میئرز کو 18 گیندوں پر 18 رنز پر آؤٹ کر دیا، اور اسلام آباد کا اسکور 62-2 ہو گیا۔ زلمی نے تسلسل کے ساتھ وکٹیں حاصل کیں، اور اسپنر صائم ایوب نے آغا سلمان کو محض چار رنز (سات گیندوں پر) آؤٹ کر دیا۔ کپتان شاداب خان نے جوابی حملے کی کوشش کی اور کولن منرو کے ساتھ 22 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن دونوں جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ شاداب نے 8 گیندوں پر 15 رنز بنائے، جبکہ منرو 11 رنز پر آؤٹ ہوئے، اور اسلام آباد 12.5 اوورز میں 89-4 پر پہنچ گیا۔ محمد علی نے اپنی شاندار بولنگ جاری رکھی اور سعد مسعود کو صرف ایک رن پر آؤٹ کر کے اپنی تین وکٹیں مکمل کیں، اور اسلام آباد 14ویں اوور میں 91-6 پر پہنچ گیا۔ گراوٹ جاری رہی جب لوک ووڈ نے اعظم خان کو 8 رنز پر آؤٹ کیا، اور ٹیم 16.1 اوورز میں 107-7 پر تھی۔ عماد وسیم اور بین ڈورشوئس نے اختتامی اوورز میں کچھ اہم رنز جوڑنے کی کوشش کی، مگر ان کی مزاحمت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ بابر اعظم کے ایک شاندار ڈائریکٹ تھرو نے عماد کو 10 رنز پر رن آؤٹ کر دیا، اور اسلام آباد 18ویں اوور میں 124-8 پر پہنچ گیا۔ پشاور زلمی کی نپی تلی بولنگ اور عمدہ فیلڈنگ نے اسلام آباد کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا، اور ٹیم 20 اوورز میں صرف 143 رنز بنا سکی۔ بین ڈورشوئس 17 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ نسیم شاہ ایک رن بنا کر آخری گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
انڈین فضائیہ کی’لینڈ اینڈ گو’ کے نام سے جنگی مشقیں

انڈین فضائیہ نے ریاست اُترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور میں ’لینڈ اینڈ گو‘ کے نام سے اپنی فضائی مشقوں کے دوران انڈین ائیر فورس نے اپنے طیاروں کو گنگا ایکسپریس وے پر ٹیک آف اور لینڈنگ کی مشقیں کیں۔ انڈین خبرا رساں ادارے اے این آئی کے مطابق انڈین فضائیہ کی جانب سے ان مشقوں کے دوران جن طیاروں کا استعمال کیا گیا اُن میں رافیل، جیگوار، میراج اور دیگر طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ شاہجہاں پور میں گنگا ایکسپریس وے کے جس حصے پر انڈین فضائیہ کی جانب سے لینڈنگ اور ٹیک آف کی مشقیں کیں وہ ابھی زیرِ تعمیر ہے۔ گنگا ایکسپریس وے پر فضائیہ کی ان مشقوں کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ یہ جاننے کی کوشش کی جا سکے کہ آیا یہ ایکسپریس وے جنگی طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے یا نہیں۔ انڈین ائیر فورس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گنگا ایکسپریس وے مُلک میں ایسی پہلی فضائی پٹی یا رن وے ہے کہ جسے رات اور دن کے اوقات میں ہنگامی صورتحال کے دوران استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان بری فوج نے بھی ٹِلا فیلڈ فائرنگ رینج میں ’ہیمر سٹرائیک‘ کے نام سے فوجی مشقوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ پاکستان کے سرکاری خبر ارساں ادارے اے پی پی کے مطابق ٹِلا فیلڈ فائرنگ رینج میں اس مشق کو جنگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اسی دوران لڑاکا طیارے، فضا میں نشانہ بنانے والے فوجی آلات، طویل فاصلے تک مارکرنے والے توپ خانے سمیت دیگر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا تھا۔
کورکمانڈرز کانفرنس: ’جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا‘

پاکستان کے آرمی چیف کی زیرصدارت ہونے والی کورکمنڈرز کانفرنس میں فارمیشنز کمانڈرز نے کہا ہے کہ “جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا‘۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ بالخصوص پاکستان انڈیا کشیدگی اورعلاقائی سلامتی پر غور کیا،فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے اپنے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔ آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زوردیا، فورم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید اظہار تشویش کیا۔ فورم کے شرکا نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد انڈین افواج لائن آف کنٹرول کے معصوم شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ کورکمانڈرز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین فوج کی غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو بڑھاتی ہیں، جس کا موثراورمناسب جواب دیا جائے گا ۔ مزید پڑھیں: پاکستان، انڈیا کشیدگی: ’پاک فوج اپنے عوام کے ساتھ متحد ہوکر کھڑی ہے‘ کانفرنس کے شرکا نے انڈیا کی جانب سے سیاسی اور فوجی مقاصد کے حصول کے لئے مستقل طور پر گھڑے جانے والے خود ساختہ بحرانوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ اندرونی انتظامی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے بھارت پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ان اندرونی مسائل کو ہمیشہ سے بیرونی رنگ دیتا رہا ہے،اس طرح کے واقعات سے بھارت یکطرفہ چالوں سے ’سٹیٹس کو‘ کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے،جیسا کہ 2019 میں دیکھا گیا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370کی منسوخی کے ذریعے سٹیس کو کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کیلئے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا۔ کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ پہلگام کے حالیہ واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں اور اقتصادی بحالی کیلئے جاری کوششوں سے ہٹانا ہے کیونکہ ان دو عوامل میں پاکستان فیصلہ کن اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، بھارت کو ان مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی دہشتگرد پراکسیوں کو فعال کرنے میں ناکامی اٹھانی پڑے گی۔ کانفرنس کے شرکا نے کہا ہے کہ اسی تناظر میں بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچا کر پاکستان کے قانونی اوربنیادی آبی حقوق کو غضب کرنے کے درپے ہے، انڈیا کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے کیونکہ اس سے نا صرف پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر ہو گی بلکہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا ۔ کانفرنس کے شرکا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں براہ راست بھارتی فوج اورانٹیلی جنس کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد پر بھی گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی اورناقابلِ قبول ہے۔ “جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا” کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پراحترام کیا جائے گا۔ ’پاکستان کے امن اور ترقی کا راستہ کسی بھی بلاواسطہ یا پراکسیز کے ذریعے پھیلائی جانے والی دہشتگردی، جبر یا جارحیت سے نہیں روکا جاسکتا‘ بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر عدم استحکام کی کوششوں کو قومی عزم اور واضح اقدامات سے شکست دی جائے گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کانفرنس کے اختتام پرآرمی چیف نے ملک کے دفاع کیلئے کی جانے والی آپریشنل تیاریوں اور مورال پر تمام فارمیشنز اور سٹرٹیجک فورسز پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔
عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے 82 کارکنوں کو سزا سنادی

راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر کے پرتشدد احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے 82 کارکنوں کو چار ماہ قید اور 15 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ پی ٹی آئی کا تین روزہ احتجاج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد اچانک ختم ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم تین رینجرز اہلکار اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو ا۔ 82 ملزمان نے جج کے سامنے اعتراف جرم کیا اور بیان حلفی جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی قیادت نے انہیں احتجاج پر اکسایا۔ نرمی کی تلاش میں، پی ٹی آئی کارکنوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ غریب مزدور ہیں اور کہا کہ سابق حکمران جماعت کی مقامی اور مرکزی قیادت نے انہیں پرتشدد مظاہروں پر اکسایا۔ تحریری بیان میں ملزمان نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ کسی احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہونے والے 1609 مدعا علیہان میں سے 560 پر فرد جرم عائد کی گئی۔ سپریم کورٹ نے اعجاز اور فرحت کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ دریں اثنا، سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مقدمات میں سینیٹر اعجاز چوہدری اور فرحت عباس کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ٹرائل کورٹ میں 100,000ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعجاز لوگوں کو اکسانے کی سازش کا حصہ تھے۔ تاہم جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ اگر اعجاز کے خلاف کیس اتنا مضبوط ہے تو اسے خصوصی عدالت میں لے جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمانت کو سزا کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ بعد ازاں عدالت نے سینیٹر اعجاز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ میں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پہلگام حملہ، ڈرامہ یا حقیقت،انڈیا کو کیا نتائج بھگتنا پڑیں گے؟

22 اپریل 2025 کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگرد حملے کے نتیجے میں تقریباً 26 لوگ جاں بحق، جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حملے کے فوری بعد انڈین میڈیا نے روایتی انداز اپناتے ہوئے واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے اس حملے کی تردید کی گئی اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ، مگر انڈیا کی طرف سے مسلسل پراپوگینڈا کیا جاتا رہا اور پاکستان کے نیوز چینل کے اکاؤنٹ بھی بلاک کر دیے گئے تا کہ انڈیا کے جھوٹے بیانیے کو انکشاف نہ کیا جا سکے۔ ڈاکٹر اویس نے پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا نہ صرف پہلگام بلکہ ہر موقع پر تحقیقات کرائے بغیر پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا ہے جس سے انڈیا کی نا اہلی واضح ہوتی ہے۔ ریسرچر سعد نے پاکستان میٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے سے پہلے بھی مقبوضہ کشمیر میں کئی حملے ہو چکے ہیں جس میں انڈین فوج اہلکار ہلاک ہوتے رہے ہیں لیکن تب انڈین میڈیا نے پراپوگینڈا نہیں ، یہ سب انڈین حکومت کی طرف سے پراپوگینڈا کیا جا رہا ہے۔
اظہارِ رائے پر قدغن:انڈیا میں وزیراعظم شہباز، عمران خان اور آئی ایس پی آر کے یو ٹیوب چینل بلاک

انڈیا نے وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے ملٹری میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے جھوٹے فلیگ آپریشنز میں ہندوستانی ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ویڈیوز جاری کیں، جو مبینہ طور پر ہٹائے جانے سے قبل ہندوستانی سامعین میں مقبول ہوگئیں۔ ایک متوازی اقدام میں، پاکستان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے آفیشل یوٹیوب چینل کو بلاک کرنے کے ہندوستان کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہےاور اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان آزادی اظہار کو دبانے کی ایک ‘انتہائی اور غیر جمہوری’ کوشش قرار دیا ہے۔ یہ بھی پڑھیں:انڈیا نے ماہرہ خان، ہانیہ عامر، علی ظفر سمیت دیگر پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بلاک کر دیے یہ پابندی کھیلوں اور تفریح تک بھی پھیل گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے کہا کہ بھارتی حکام نے ڈیجیٹل پابندیوں کو مزید سخت کرتے ہوئے بھارت میں صارفین کے لیے اس کے فیس بک اور انسٹاگرام پیجز کو بلاک کر دیا ہے۔ پی ایس ایل کی مقبول ترین فرنچائزز میں سے ایک، قلندرز نے اپنے مواد پر 264 ملین سے زیادہ عالمی آراء کی اطلاع دی۔ بلاک کے بارے میں کوئی سرکاری وضاحت نہیں دی گئی۔ اس سے قبل، بھارت نے مقامی پلیٹ فارم فین کوڈ کے ذریعے پی ایس ایل میچوں کی لائیو سٹریمنگ معطل کر دی تھی اور میچ کی جھلکیاں ہٹا دی تھیں۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ بین الاقوامی حقوق کی تنظیموں اور پلیٹ فارم فراہم کرنے والوں کے ساتھ ڈیجیٹل پابندیوں کا معاملہ اٹھا سکتا ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات کو آزادی اظہار کے عالمی معیارات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔ پابندیوں کے باوجود، پاکستانی حکام نے نوٹ کیا کہ بلاک شدہ مواد متبادل پلیٹ فارمز پر گردش کرتا رہتا ہے۔ انڈیا میں درج ذیل پاکستانی چینل کو بلاک کیا ہوا ہے۔ جیو نیوز – 18.1 ملین سبسکرائبرز ایکسپریس نیوز – 4.8 ملین صارفین اے آر وائی نیوز – 14.6 ملین سبسکرائبرز سماء ٹی وی – 12.7 ملین سبسکرائبرز بول نیوز – 7.85 ملین سبسکرائبرز شعیب اختر 100 میل فی گھنٹہ – 3.81 ملین سبسکرائبرز جی این این – 3.54 ملین سبسکرائبرز ڈان نیوز ٹی وی – 1.96 ملین سبسکرائبرز سنو نیوز ایچ ڈی – 1.36 ملین سبسکرائبرز ارشاد بھٹی – 829کے سبسکرائبرز رفتار – 805کے سبسکرائبرز منیب فاروق — 165 ہزار سبسکرائبرز عاصمہ شیرازی — 133کے سبسکرائبرز عمر چیمہ خصوصی – 125کے سبسکرائبرز پاکستان ریفرنس – 288کے سبسکرائبرز اوزائر کرکٹ – 288کے سبسکرائبرز رازی نامہ – 270کے سبسکرائبرز سماء اسپورٹس — 73.5کے سبسکرائبرز ان کے علاوہ پاکستان کے دیگر اداکاروں کے یوٹیوب چینل بھی بلاک کیے جا چکے ہیں۔