جس طرح پاکستان میں جعلی پولیس مقابلے ہوتے ہیں، انڈیا بھی ویسے ہی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان میں جعلی پولیس مقابلے ہوتے ہیں، انڈیا بھی ویسے ہی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انڈیا میں سب جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس کس نوعیت کی دفاعی صلاحیت موجود ہے، اسی لیے دشمن کو سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا ہوگا۔ خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ عالمی سطح پر کئی اہم ممالک پاک-انڈیا کشیدگی میں کمی کے لیے متحرک ہیں، دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان پس پردہ رابطے بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹر جے ڈی وینس کے حالیہ بیان کی ترجمانی امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے نہیں کی گئی، بلکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے محتاط اور تحمل پر مبنی ردعمل سامنے آیا ہے۔ مزید پڑھیں: مودی سن لے! پاکستان کے پاس ابدالی میزائل موجود ہے جو کہ ایٹمی میزائل لے کر جاسکتا ہے، رانا ثناء اللہ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انڈیا پاکستان کی حالیہ معاشی کامیابیوں سے خائف ہے اور اسی خوف کے تحت پہلگام جیسا ڈرامہ رچا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اب یہ سمجھ آ گیا ہے کہ انڈیا جھوٹ پر مبنی واقعات کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے، جس طرح پاکستان میں جعلی پولیس مقابلے کیے جاتے ہیں، انڈیا اسی طرز پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیش کش کی، اگر ہم یہ پیش کش نہ کرتے تو دنیا بھر سے جارحانہ بیانات سامنے آ سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کے پاس اگر کوئی سچ ہوتا تو وہ پاکستان کے میڈیا، سیاستدانوں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے بجائے ثبوت سامنے لاتا۔ لازمی پڑھیں: پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے انڈین ایئرلائنز کو 10 روز میں 200 کروڑ سے زائد کا نقصان وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کا سب سے بڑا نقصان مودی کو ہوا ہے، اس ڈرامے کے بعد انڈیا کے اندر سے مودی حکومت کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ مودی اب اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو سنبھالنے کے لیے انوکھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، لیکن دنیا اس کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کیے جانے کے معاملے پر چند دنوں میں عالمی بینک سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا تاکہ پاکستان کے پانی کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مودی سن لے! پاکستان کے پاس ابدالی میزائل موجود ہے جو کہ ایٹمی ہتھیار لے کر جاسکتا ہے، رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مودی پاکستان پر ایسا وار کرنا چاہتا ہے جس سے آزادی خطرے میں پڑ جائے، آج ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ ہوا ہے، مودی سن لے ابدالی میزائل ایٹمی میزائل لے کر جا سکتا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس دفاع کے لیے ایک مردِ مومن ہے، جس کا نام جنرل سید عاصم منیر ہے۔ انڈیا ہماری خودمختاری پر وار کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے لیکن ہم ہر محاذ پر تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 450 میل تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ “مودی سن لے! ابدالی میزائل ایٹمی ہتھیار بھی لے جا سکتا ہے۔ اگر دشمن بھول گیا ہے تو ہم اُسے اپنا ماضی یاد دلا سکتے ہیں۔” مشیر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں اتنا ظلم نہیں ہوا جتنا گزشتہ چند دنوں میں ہوا ہے۔انڈیا جتنا مرضی ظلم کر لے، تحریک آزادی مزید تیز ہو گی اور ایک دن کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔ رانا ثناء اللہ نے پہلگام حملے کی بھی مذمت کی جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ انڈیا نے اس واقعے کو جواز بنا کر 1960ء کا سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا، جو سراسر جارحیت پر مبنی اقدام ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انڈیا نے وہ افراد بھی ملک سے نکال دیے جو علاج یا عبادت کے لیے وہاں موجود تھے، جب کہ ہم نے اپنے ملک میں آئے سکھ یاتریوں کو مکمل عزت دی اور نکالا نہیں۔ مشیر وزیراعظم نے موجودہ سیاسی ماحول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک گالم گلوچ بریگیڈ سرگرم ہے، جو نہ حکومت میں چین سے رہتی ہے اور نہ اپوزیشن میں چین سے رہتی ہے۔ ہمیں قوانین میں ترامیم کرنی پڑی ہیں تاکہ اس رویے کا سدباب ہو۔ انہوں نے صحافی برادری کو دعوت دی کہ وہ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر ایک ایسا قانون تیار کریں جو حق سچ بولنے والے صحافیوں کا تحفظ کرے اور گالم گلوچ کرنے والے عناصر کے خلاف موثر کارروائی ہو سکے۔ رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا کہ مودی نے آئی ایم ایف سے پاکستان کا معاہدہ ختم کروانے کی کوشش کی ہے، جو کچھ مودی چاہتا ہے، وہی گالم گلوچ کلچر والے بھی چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد صرف ذاتی مفاد ہے نہ کہ پاکستان کی بہتری۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان کی ترقی اور استحکام کو ہدف بنانا چاہتا ہے، لیکن پاکستان ایک مضبوط قوم ہے اور اپنی آزادی کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے انڈین ایئرلائنز کو 10 روز میں 200 کروڑ سے زائد کا نقصان

پاکستانی فضائی حدود کی بندش انڈین ایئرلائنز پر بھاری پڑنے لگی، اب تک ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر، جب کہ انڈین ایوی ایشن انڈسٹری کو 200 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوزکے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کو دس روز مکمل ہو چکے ہیں۔ اس دوران انڈین ایئرلائنز کو طویل روٹس، اضافی فیول اور ری فیولنگ جیسے مہنگے متبادل ذرائع اختیار کرنا پڑے، جس سے نہ صرف آپریشنل لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہوا بلکہ پروازوں کا شیڈول بھی درہم برہم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ایئر انڈیا، اسپائس جیٹ، آکاسا ایئر، انڈیگو اور ایئر انڈیا ایکسپریس سمیت متعدد انڈین ایئرلائنز کی درجنوں پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ لمبے راستوں کے باعث اخراجات دگنے ہو چکے ہیں اور ایئرلائنز کو روزانہ کروڑوں روپے کا مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے بعد انڈین طیاروں کو متبادل روٹ اختیار کرتے ہوئے آدھے انڈیا کا چکر کاٹ کر بحیرہ عرب سے گزرنا پڑ رہا ہے، جس سے نہ صرف فیول کا خرچ بڑھا ہے بلکہ پروازوں کا دورانیہ بھی 4 سے 10 گھنٹے تک طویل ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ انڈیگو ایئر نے وسط ایشیائی ممالک کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، جب کہ دہلی، ممبئی، امرتسر، بنگلورو اور احمد آباد سے دبئی جانے والی پروازیں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ امریکا جانے والی انڈین پروازوں کو یورپ میں لینڈنگ کے بعد عملہ تبدیل کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب دوہری لینڈنگ، ری فیولنگ اور فضائی خلل کے باعث انڈین مسافر بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں، کئی مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے پر ریفنڈز بھی موصول نہیں ہوئے۔ یاد رہے کہ 2019 میں بھی پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث انڈین ایئرلائنز کو 700 کروڑ روپے کا بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا اور موجودہ صورتحال ایک بار پھر اسی تاریخ کو دہرا رہی ہے۔

پی ایس ایل 10: سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا 23واں میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جس میں گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے یونائیٹڈ کو بلےبازی کی دعوت دی، یونائیٹڈ نے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائےاور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا۔ یونائیٹڈ کی جانب سے محمد نواز 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 39 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں کائل میئرز نے 22، کولن منرو نے 9، آغا سلمان بغیر کھاتہ کھولے، آندریز گھاؤس 8، محمد شہزاد صفر اور حیدر علی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے انتہائی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونائیٹد کے 4 بلے بازوں کو چلتا کیا۔ ان کے علاوہ کائل جیمیسن نے 2، جب کہ خرم شہزاد، ابرار احمد اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب کے لیے گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل اور فن ایلن آئے، مگر شکیل زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکے اور محض 7 رنز بناکر چلتے بنے۔ گلیڈی ایٹرز کا ایک کے بعد ایک کھلاڑی آتا اور چلتا بنتا۔ کوئٹہ کے حسن نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ رائلی روسو 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جب کہ فن ایلن نے 20، مارک چیپ مین نے 2، حسیب اللہ نے 7 اور محمد وسیم جونیئر نے 10 رنز اسکور کیے۔ اسلام آباد کی جانب سے نسیم شاہ اور سلمان ارشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ جیسن ہولڈر، محمد نواز اور آغا سلمان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آخری اوورز میں تین اہم کیچز ڈراپ کیے گئے، جب کوئٹہ کو جیت کے لیے صرف 15 رنز درکار تھے، جو میچ کے نتیجے پر اثرانداز ہوئے۔ مزید یہ کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں اور ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے کی، جب کہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سعود شکیل نے کی۔

مودی جیسے فاشسٹ ذہن سے کسی بھی وقت کوئی مس ایڈونچر ہو سکتا ہے، حریت رہنما مشعال ملک

حریت رہنما کی اہلیہ مشعال ملک نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں خطرناک پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی جیسے فاشسٹ ذہن سے کسی بھی وقت کوئی مس ایڈونچر ہو سکتا ہے اور جعفر ایکسپریس حملے جیسا ایک اور واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔ انڈین حکومت کی آر ایس ایس دہشت گرد تنظیم ہے، جس پر فوری پابندی عائد کرنی چاہیے۔ مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کی داستانیں دنیا کے سامنے آ چکی ہیں اور وہاں کے مکانات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ “دنیا کیوں خاموش ہے؟ لوگوں کو بدترین طریقے سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔” انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے۔ مزید پڑھیں: پاکستان انڈیا کشیدگی پر اقوامِ متحدہ کا اجلاس ہوسکتا ہے لیکن فوری ضرورت نہیں، یونان انہوں نے مزید کہا کہ نہتے کشمیریوں کے گھروں سے روزانہ جنازے اٹھ رہے ہیں اور حریت قیادت کو غیرقانونی طور پر جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے۔ مشعال ملک نے خبردار کیا کہ مودی کے فاشسٹ نظریات سے کسی بھی وقت کوئی بڑی دہشت گرد کارروائی ہو سکتی ہے۔ انڈیا کی جانب سے آبی جارحیت غیرقانونی ہے اور آزاد کشمیر کو فوری طور پر “وار کونسل” قرار دیا جائے۔ یہ بھی پڑھیں: لاہور: غیرت کے نام پر بیوی اور کم سن بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم بیٹوں سمیت گرفتار کشمیری رہنما نے یہ بھی کہا کہ انڈیا کی جعلی آپریشن کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور عالمی سطح پر انڈین دہشت گردی کی مذمت کی جا رہی ہے۔ کشمیری قوم انڈیا کے فالس فلیگ آپریشنز کی بھاری قیمت چکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے، جب کہ بنگلہ دیش نے انڈیا کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

لاہور: غیرت کے نام پر بیوی اور نابالغ بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم بیٹوں سمیت گرفتار

لاہور کے علاقے کاہنہ میں اپنی بیوی اور نابالغ بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم یوسف کو اس کے دونوں بیٹوں سمیت پولیس نے گرفتار کرلیاہے۔ نجی خبررساں ادارے انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق ملزم یوسف نے دو ماہ قبل اپنی بیوی رخسانہ بی بی اور بیٹی رمشا کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کرایا تھا، جس میں اس نے الزام لگایا تھا کہ نامعلوم افراد ماں بیٹی کو زنا کاری کی نیت سے اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ دونوں خواتین کچھ روز قبل گھر واپس آئیں، جس پر گھر میں جھگڑا ہوا اور ملزم یوسف نے اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ مل کر چھریوں کے وار سے ماں بیٹی کو قتل کر دیا۔ مزید پڑھیں: پاکستان، انڈیا کشیدگی: کیا ہم جنگ کے دہانے پر ہیں؟ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ رخسانہ کے والد اکبر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی نے جھگڑے کے بعد صلح کے لیے انہیں گھر بلایا تھا۔ وہ اپنے بیٹوں کے ساتھ بیٹی کے گھر پہنچے اور معاملات طے کرانے کی کوشش کی۔ اگلی صبح جب وہ نماز فجر کے بعد واپس آئے تو دیکھا کہ رخسانہ اور اس کی کم سن بیٹی رمشا خون میں لت پت پڑی تھیں اور یوسف کے ہاتھ میں خون آلود چھری تھی۔ 10 اور 12 سالہ دونوں بیٹے علی حسن اور زین حسن ماں کی ٹانگوں سے لپٹے ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تینوں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان میں خفیہ آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک، دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق ملزم یوسف نے پہلے اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کرایا اور جب بیوی اور بیٹی واپس آئیں تو انہیں قتل کر دیا۔ پولیس نے واردات کے ایک گھنٹے کے اندر تینوں ملزموں کو گرفتار کر لیا اور اب ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ پولیس خود بھی مقدمے میں مدعی بن سکتی ہے اور قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

انڈیا اگر پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو بنگلہ دیش کو انڈیا پر حملہ کر دینا چاہیے، سابق بنگلہ دیشی میجر جنرل

بنگلہ دیش کے سابق میجر جنرل فضل الرحمان نے پاکستان پر ممکنہ انڈین حملے کے تناظر میں بنگلہ دیشی حکومت کو انڈیا کے خلاف جارحانہ اقدام اٹھانے کا مشورہ دے دیا ہے۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں ریٹائرڈ جنرل فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر انڈیا پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو بنگلہ دیش کو فوراً انڈیا پر جوابی حملہ کرنا چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوں نے انڈیا کی سات شمال مشرقی ریاستوں پر قبضے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر انڈیا پہلگام حملے کی آڑ میں پاکستان پر چڑھائی کرتا ہے تو بنگلہ دیشی حکومت کو انڈیا کی شمال مشرقی ریاستوں پر حملہ کرکے ان پر قبضہ کر لینا چاہیے۔‘‘ مزید پڑھیں: پاک-انڈیا جنگ شروع ہوگئی تو وہ کسی کے قابو میں نہیں رہے گی، امریکی کانگریس مین کیتھ سیلف سابق جنرل نے بنگلہ دیشی حکومت کو چین سے تعاون حاصل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے لیے ڈھاکہ کو بیجنگ سے فوری مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ ریٹائرڈ میجر جنرل کی یہ تجویز بنگلہ دیشی اور علاقائی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دے رہی ہے، جب کہ حکومتی سطح پر تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے انڈین حریف کو ناک آؤٹ کر دیا

تھائی لینڈ کے باکسنگ رنگ میں پاکستان کے نوجوان باکسر شہیر آفریدی نے ایسی دھاک بٹھائی کہ انڈین باکسر ترجوت سنگھ باوا کو تیسرے ہی راؤنڈ میں لڑکھڑا کر گھٹنے ٹیکنے پڑ گئے۔ بین الاقوامی رینکنگ فائٹ میں یہ مقابلہ پاک-انڈیا روایتی حریفوں کے درمیان نہایت سنسنی خیز ثابت ہوا لیکن شہیر کی برق رفتاری اور جاندار مکوں نے ابتدا ہی سے مقابلے کا پانسہ پلٹ دیا۔ پہلے راؤنڈ سے ہی شہیر آفریدی نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور ترجوت سنگھ کے دفاعی گارڈ کو بار بار توڑتے رہے۔ تیسرے راؤنڈ کے اختتام تک انڈین باکسر کی چال میں لڑکھڑاہٹ اور چہرے پر بے بسی نمایاں ہونے لگی۔ چوتھے راؤنڈ میں شہیر آفریدی نے تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے مخالف کو دیوار سے لگا دیا۔ ریفری نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے انڈین باکسر کو مزید مقابلہ جاری رکھنے سے روک دیا اور شہیر آفریدی کو فاتح قرار دے دیا۔ رنگ کے اندر موجود تماشائیوں نے کھڑے ہو کر پاکستانی باکسر کے لیے تالیاں بجائیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی شہیر آفریدی کی یہ جیت وائرل ہو گئی ہے۔ اس میچ کے بعد شہیر آفریدی کا کہنا تھا کہ “یہ صرف میری نہیں، پوری قوم کی جیت ہے۔” ماہرین کے مطابق اس کامیابی کے بعد شہیر کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئے گی اور یہ فتح پاکستانی باکسنگ کے لیے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔ مزید پڑھیں: مجھے بھی بولنا آتا ہے مگر کارکردگی پر یقین رکھتا ہوں، بابر  اعظم

سیلف ڈرائیونگ کا نیا دور: کیا گاڑیوں کی دنیا سے انسان کا کنٹرول ختم ہونے والا ہے؟

اگلے کچھ ہی سال میں گاڑیاں بغیر ڈرائیور کے چلا کریں گی۔ یہ بات قانون کے خلاف ہوگی کہ کوئی انسان گاڑی چلائےکیونکہ آنے والے مستقبل میں اے آئی ہم پر پابندی لگا دے گی کہ انسان کبھی بھی گاڑی نہ چلائے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان جب بھی گاڑی چلاتا ہے تو حادثات کی شرح بڑھ جاتی ہے۔ جنرل آف ٹرانسپورٹ اینڈ ہیلتھ کی ایک رپورٹ کے مطابق اب تک جن ممالک میں سیلف ڈرائیونگ کارز آئی ہیں وہاں 90 فیصد تک حادثات کم ہوگئے ہیں۔ اس کی وجہ ان گاڑیوں میں استعمال ہونے والے سینسرز ہیں۔ مثال کے طور پر ٹیسلا کی لیول تھری گاڑی میں 20 سینسرز موجود ہیں، جب کہ 8 کیمرے اور 12 الٹراسونک کیمرے موجودہیں جو بتاتے ہیں کہ کتنے فاصلے پر کونسی گاڑی ہے۔ واضح رہے کہ اس گاڑی میں لائی ڈار اور ریڈار موجود نہیں ، جو روشنی اور فاصلے کو باریک بینی سے ڈیٹیکٹ کرتے ہیں لیکن پھر بھی اتنے سینسرز موجود ہیں کہ یہ ایمرجنسی کی صورت میں فوراً ایکشن لے سکتی ہے۔ ٹیسلا کے ٹوٹل 6 لیولز ہوتے ہیں ۔ لیول 1 کا مطلب ہے کہ وہ گاڑی مکمل طور پر مینوول ہے یعنی کوئی انسان ہی اسے ڈراائیو کرے گا۔ لیکن جیسے جیسے ہم لیول بڑھاتے ہیں گاڑیاں آٹومیٹک ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ لیول 5 کا مطلب یہ ہے کہ گاڑی چلانے میں کسی انسان کی مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے آنے والے سالوں میں نہ تو ہم گاڑیاں چلائیں گے اور نہ ہی ہمارے ڈرائیونگ لائسنس ہوں گے۔

یورپی یونین کے ٹیلی فونک رابطے، پاکستان انڈیا کشیدگی میں ثالثی کی پیشکش

جنوبی ایشیا ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جب یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کلاس نے پاکستان اور انڈیا کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے میں امن و استحکام کے لیے تحمل اور بات چیت پر زور دیا۔ یہ رابطہ ایسے وقت پر کیا گیا جب دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کاجا کلاس نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور بھارتی ہم منصب جے شنکر سے براہِ راست رابطہ کر کے کہا کہ “بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین خطے میں کسی بھی ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لائے گا۔ پاکستان نے اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جس پر سوئٹزرلینڈ نے مثبت ردِعمل دیتے ہوئے تعاون کی پیشکش کر دی ہے۔ ا س کے علاوہ یونان، جو اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر ہے، اس نے بھی پاکستان کی تجویز کی تائید کی ہے اور کہا ہے کہ معاملے کی آزادانہ چھان بین ضروری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے یونانی اور سوئس ہم منصبوں سے بھی رابطہ کیا۔ ان رابطوں میں اسحٰق ڈار نے انڈین الزامات اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کیا اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ لازمی پڑھیں: پاکستان نے ابدالی میزاٸل کا کامیاب تجربہ کرلیا، آٸی ایس پی آر ان کا کہنا تھا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششیں خطے میں صورتحال کو مزید بگاڑ سکتی ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کو سراہا اور کہا کہ ان کا ملک مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ یونان نے بھی واضح کیا کہ وہ بات چیت کو آگے بڑھانے کا حامی ہے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کسی بھی مثبت پیش رفت کی حمایت کرے گا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں یونانی سفیر انجیلوس سیکیریس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر کسی بھی فریق کی جانب سے باضابطہ درخواست آئی تو ہم اجلاس بلانے سے گریز نہیں کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یونان، جو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کا صدر ہے اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کسی بھی ممکنہ تصادم سے پہلے فریقین کو بات چیت کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر عالمی قوتوں کی فوری مداخلت نے یہ عندیہ دیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کسی بھی قسم کی غیر سنجیدہ چنگاری دنیا بھر کو متاثر کر سکتی ہے۔ یورپی یونین، اقوام متحدہ، سوئٹزرلینڈ اور یونان جیسے اہم کرداروں کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششیں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہو سکتی ہیں۔ مزید پڑھیں: پاکستان، انڈیا کشیدگی: کیا ہم جنگ کے دہانے پر ہیں؟