جنگ بھارت نے مسلط کی، سندھ طاس معاہدے کی بحالی تک بات ممکن نہیں: حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی ہے اور جب تک بھارت سندھ طاس معاہدے کی بحالی کا اعلان نہیں کرتا، پاکستان کو اس کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں کرنی چاہیے۔ اپنے بیان میں حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا، “الحمدللہ ہماری افواج پاکستان نے بھارت پر کاری ضرب لگائی ہے جس کا پوری قوم کو انتظار تھا۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان نے دشمن کی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ صرف فوجی تنصیبات پر حملے کیے، جو پاکستان کے ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ اس نے فالس فلیگ آپریشن کر کے، بچوں اور مسجدوں کو نشانہ بنا کر جنگ کا آغاز کیا، جس کا اب اسے خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سفارتی محاذ پر بھرپور کام کیا جائے اور دنیا کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا، “دنیا کو بتانا ہوگا کہ ایک طرف بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے اور دوسری طرف پاکستان کا ذمہ دار اور مدبرانہ طرز عمل۔” انہوں نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس پر کسی قسم کی ندامت ظاہر نہیں کی۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت اپنی ان حرکتوں سے باز نہیں آتا، پاکستان کی طرف سے نہ کوئی امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے اور نہ ہی کوئی مذاکرات ممکن ہیں۔ آخر میں، انہوں نے پوری قوم اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کسی بھی جارحانہ یا بزدلانہ کارروائی کا جواب پہلے سے زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ تباہی لاتی ہے لیکن اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ کرنے والی قومیں ذلت کا سامنا کرتی ہیں۔
انڈیا اور پاکستان جنگ بندی پر تیار ہوگئے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا اور پاکستان دونوں سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر امریکی صدر نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ “امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی طویل مذاکراتی رات کے بعد انڈیا اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔” انہوں نے دونوں ممالک کو “عقل مندی اور شاندار فہم و فراست” کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ہے کہ “پاکستان اور انڈیا نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔” Pakistan and India have agreed to a ceasefire with immediate effect. Pakistan has always strived for peace and security in the region, without compromising on its sovereignty and territorial integrity! — Ishaq Dar (@MIshaqDar50) May 10, 2025 مزید یہ کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکوروبیو نے ایکس پر کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران وائس پریزیڈنٹ وانس اور میں نے سینئر انڈین اور پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی ہے، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور عاصم ملک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور ایک غیر جانبدار مقام پر وسیع مسائل پر بات چیت شروع کر دی ہے۔ ہم وزیر اعظم مودی اور شریف کو امن کا راستہ چننے میں ان کی دانشمندی، سمجھداری اور مدبرانہ انداز میں سراہتے ہیں۔ Over the past 48 hours, @VP Vance and I have engaged with senior Indian and Pakistani officials, including Prime Ministers Narendra Modi and Shehbaz Sharif, External Affairs Minister Subrahmanyam Jaishankar, Chief of Army Staff Asim Munir, and National Security Advisors Ajit… — Secretary Marco Rubio (@SecRubio) May 10, 2025 یاد رہے کہ انڈیا کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان اور آزاد کشمیر میں پانچ مختلف مقامات پر کئی حملے کیے، جس کے جواب میں آج پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی انڈین فضائی اڈے تباہ کر دیے۔ انڈین جارحیت کے دوران پاکستانی افواج نے نہ صرف دشمن کے حملوں کو پسپا کیا بلکہ پانچ انڈین جنگی طیارے بھی مار گرائے۔ پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کیے جانے کے باوجود انڈیا نے جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا اور ڈرون حملوں کے بعد میزائلوں کے ذریعے پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پاکستان نے آج صبح جوابی کارروائی کرتے ہوئے انڈین ریاستوں ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ میں موجود ایئر بیسز کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا میں انڈین الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مفلوج کر دیا گیا، جب کہ انڈین ملٹری سیٹلائٹ کو بھی جام کر دیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”الحمدللہ، افواج پاکستان نے مربوط اور طاقتور جواب دیا ہے۔ انڈیا نے جارحیت کی انتہا کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن ہماری افواج نے آج بےگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور میں پوری قوم کو اس کامیاب کارروائی پر مبارکباد دیتا ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کی جانب سے پہلگام حملے پر غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کر دیا گیا اور اس کے بعد یکطرفہ حملے کیے گئے۔ لیکن پاکستان نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دفاع پوری قوت سے کیا۔
آغا خان پنجم پرنس رحیم کی پاکستان انڈیا کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کی پیشکش

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر آغا خان پنجم، پرنس رحیم نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تناؤ کے خاتمے کیلئے ثالثی کی باضابطہ پیشکش کردی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پرنس رحیم نے اس حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں امن عمل کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرنس رحیم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی ایک علیحدہ خط میں اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔ پرنس رحیم نے اپنے خط میں پاک انڈیا تعلقات میں بگاڑ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ مسئلہ پرامن طور پر حل ہوگا تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ یاد رہے کہ ان کے والد پرنس کریم آغا خان، ماضی میں بھی پاک انڈیا کشیدگی میں ثالثی کے اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ مزید پڑھیں: انڈیا کے 32 ہوائی اڈے 14 مئی تک بند، فضائی سرگرمیاں معطل
پاکستان کی فضائی حدود کل دوپہر 12 بجے تک بند

پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا ہے جس کے پیش نظر پاکستان نے اپنی فضائی حدود کل دوپہر 12 بجے تک مکمل طور پر بند کر دی ہیں۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، گزشتہ چند روز سے فضائی آپریشن میں بار بار تعطل دیکھا جا رہا تھا، جس کا اثر نہ صرف اندرونِ ملک بلکہ بین الاقوامی پروازوں اور حج آپریشن پر بھی پڑا ہے۔ ایئرپورٹس پر بڑھتی ہوئی بے چینی اور پروازوں کی معطلی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہنگامی پریس بریفنگ میں بتایا کہ انڈیا نے پاکستان میں تین اہم ایئر بیسز نورخان، مرید اور شورکوٹ کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق دشمن نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے جدید میزائل داغے، تاہم پاک فضائیہ نے چکلالہ کے قریب نورخان ایئربیس پر حملے کی کوشش بروقت ناکام بنا دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام فضائی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ملک کی فضائی حدود کی نگرانی میں کوئی کمی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ مزید پڑھیں: انڈیا کی مذہبی منافرت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے: رمیش سنگھ اروڑہ
آپریشن بنیان مرصوص ضروری تھا جو کامیاب ہوا: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے انڈیا کی جانب سے کی گئی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن “بنیانّ مرصوص” کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انڈیا کی جارحیت کے بعد آپریشن بنیانّ مرصوص ضروری تھا، اور اللہ کے فضل سے یہ ایک کامیاب آپریشن رہا۔ انہوں نے لکھا: “قوم متحد ہے اور انڈیا کی آئندہ کسی بھی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو گی، پاکستان زندہ باد۔” اس موقع پر انہوں نے ایک قرآنی آیت بھی شیئر کی۔ مزید پڑھیں: انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان کی کاری ضرب، ائیر بیسز تباہ کر دیں دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر گوہر خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ رابطے کے دوران بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم سے کہا:“میں بانی پی ٹی آئی کے نمائندے کے طور پر آپ سے بات کر رہا ہوں۔ قومی یکجہتی اور قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فی الفور رہا کیا جائے، تاکہ قوم متحد ہو اور یکجہتی کا پیغام مضبوط ہو۔” یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب انڈین فوج نے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ اور پنجاب کے شہروں مریدکے و احمد پور شرقیہ میں رات کی تاریکی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 2 مساجد شہید ہوئیں، 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔ اس جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 3 انڈین رافیل، 1 مگ 29، 1 ایس یو 30 جنگی طیارہ اور ایک کومبیٹ ڈرون مار گرایا۔ جوابی کارروائی کے تحت پاکستان نے انڈیا کے ادھم پور، پٹھان کوٹ ایئربیس، براہموس میزائل اسٹوریج اور انڈین بریگیڈ ہیڈکوارٹر جی ٹاپ کو نشانہ بنایا۔اس کے علاوہ، پاکستان نے سائبر حملے کے ذریعے انڈیا کے 70 فیصد بجلی کے گرڈ سسٹمز ناکارہ بنا دیے اور متعدد سرکاری ویب سائٹس کو ہیک کر کے ڈیٹا ضائع کر دیا۔
190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کی پے رول پر رہائی کی درخواست مسترد

190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی پے رول پر رہائی کی درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ واپس کر دیا ہے۔ درخواست وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی تھی، تاہم رجسٹرار آفس نے اسے قواعد و ضوابط کے خلاف قرار دے کر اعتراضات کے ساتھ لوٹا دیا۔ رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے فرد کی جانب سے پے رول پر رہائی کی درخواست نہیں دی جا سکتی، جب تک کہ متعلقہ شخص خود اس کا فریق نہ ہو۔ اعتراضات میں مزید نشاندہی کی گئی کہ عمران خان، جس کی رہائی مانگی گئی، اسے درخواست میں باقاعدہ فریق ہی نہیں بنایا گیا۔ اس کے علاوہ ساتھ ہی قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی فریق نہیں بنایا گیا جو کہ مقدمے میں بنیادی ادارہ ہے۔ رجسٹرار آفس نے فریقین کے مکمل پتے درج نہ ہونے پر بھی اعتراض اٹھایا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق درخواست گزار کو ہدایت کی گئی ہے کہ اعتراضات دور کر کے دوبارہ درخواست دائر کی جائے۔ معاملے کی سنگینی اور آئندہ ممکنہ قانونی کارروائیوں نے کیس کی حساسیت مزید بڑھا دی ہے۔ مزید پڑھیں: انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان کی کاری ضرب، ائیر بیسز تباہ کر دیں
انڈین جارحیت پر پاکستان کا ڈیجیٹل وار، بی جے پی سمیت درجنوں ویب سائٹس ہیک کر دی گئیں

انڈیا کی حالیہ جارحیت کے بعد پاکستان کا مؤثر جواب نہ صرف میدان میں بلکہ سائبر اسپیس میں بھی جاری ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستانی سائبر ٹیموں نے کئی اہم بھارتی اداروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سمیت متعدد سرکاری و نجی ویب سائٹس ہیک کر لی گئیں۔ ترجمان کے مطابق، پاکستان نے کرناٹک رینیوایبل انرجی ڈویلپمنٹ لمیٹڈ پر سائبر حملہ کیا، جس سے 235 سولر اور ونڈ پاور گرڈ اسٹیشن مکمل طور پر غیر فعال ہو گئے۔ پاکستانی سائبر حملے میں ہیک کی جانے والی ویب سائٹس میں بی جے پی کی آفیشل سائٹ، کرائم ریسرچ انویسٹی گیشن ایجنسی، ماہا نگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ، انڈیا ارتھ موورز لمیٹڈ اور آل انڈیا نیول ٹیکنیکل سپروائزری اسٹاف ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ ان ویب سائٹس کا مکمل ڈیٹا حذف کر دیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں: انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان کی کاری ضرب، ائیر بیسز تباہ کر دیں اس کے علاوہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سکیورٹی فورسز اور یونیک آڈنٹیفیکیشن اتھارٹی آف انڈیا کا حساس ڈیٹا بھی لیک کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق انڈین ایئر فورس، مہاراشٹر الیکشن کمیشن سمیت متعدد اداروں کی ویب سائٹس ہیک کی گئیں، جبکہ 2500 سے زائد نگرانی کے کیمرے بھی کنٹرول میں لے لیے گئے۔ پاکستانی سائبر ٹیم نے مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی کو بھی نشانہ بنایا، جس سے بجلی کی ترسیل مکمل طور پر معطل ہو گئی اور کمرشل و گھریلو میٹرز کا تمام ریکارڈ مٹا دیا گیا۔ یہ حملے انڈیا کی اشتعال انگیزیوں کے جواب میں پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کا واضح مظاہرہ ہیں۔
انڈیا کی مذہبی منافرت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے: رمیش سنگھ اروڑہ

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ننکانہ صاحب جیسے مقدس مقام پر مبینہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے ایک بار پھر مذہبی منافرت کو ہوا دے کر خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سکھ رہنما سردار بشن سنگھ، ستونت کور، سردار جسکرن سنگھ، کلیان سنگھ کلیان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنانا اور اقلیتوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ سکھ پارلیمنٹ بھی انڈین جارحیت کی کھل کر مذمت کر چکی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلگام میں رچایا گیا جعلی اور منصوبہ بند ڈرامہ پاکستان پر الزام تراشی کی نئی کوشش ہے۔ اس مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا اور پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے واضح کیا کہ انڈیا مسلسل دھمکیاں دے کر اپنی بدمعاشی کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن پاکستان کی مسلح افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا ایک گہری سازش کے تحت مسلم اور سکھ برادری کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ نفسیاتی جنگ کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کیا جا سکے۔ سکھ برادری کو گمراہ کرنے کے لیے یہ پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان امرتسر اور گولڈن ٹیمپل پر حملہ کرنا چاہتا ہے جو کہ سراسر جھوٹ اور بے بنیاد الزام ہے۔ لازمی پڑھیں: انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان کی کاری ضرب، ائیر بیسز تباہ کر دیں رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ریاست پاکستان کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں اور نہ ہی ایسا سوچا جا سکتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا ہے۔ حالیہ بیساکھی تہوار کے موقع پر دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے پاکستان کی میزبانی اور محبت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سکھ کمیونٹی ہمیشہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے کیونکہ یہ بابا گرو نانک دیو جی کی جنم بھومی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے اور ہر مذہب، ہر عقیدے اور ہر برادری کو مساوی احترام دیا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان ان کے تحفظ اور ترقی کے لیے ہر سطح پر کوشاں ہے۔ آخر میں رمیش سنگھ اروڑہ نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ انڈیا کے جارحانہ اور مذہبی منافرت پر مبنی رویے کا فی الفور نوٹس لیا جائے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ اس وقت انڈین میڈیا زہر اُگل رہا ہے جبکہ پاکستانی میڈیا اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔ سکھ رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ ننکانہ صاحب، کرتارپور اور دیگر مقدس مقامات سکھ برادری کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور پاکستان ایک پرامن ریاست ہوتے ہوئے اپنی سالمیت، عوام اور اقلیتوں کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ مزید پڑھیں: اگر معاملہ بڑھا تو ہم اگلے لیول کے لیے تیار ہیں، خواجہ آصف
ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت، 48 گھنٹوں میں 50 ہزار رضاکاروں نے ٹریننگ مکمل کر لی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دینے کے لیے “کمیونٹی ایمرجنسی تیاری اور رسپانس ٹریننگ” پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ صرف 48 گھنٹوں میں 50 ہزار سے زائد رضاکاروں نے ٹریننگ مکمل کرلی۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے تحت اس ٹریننگ پروگرام کی نگرانی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کر رہے ہیں۔ ٹریننگ کا دورانیہ چار گھنٹے ہے، جس میں فرضی مشقیں، فائر فائٹنگ تکنیک، فرسٹ ایڈ، سی پی آر، فریکچر مینجمنٹ، اور خون کے بہاؤ کو روکنے جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ مزید پڑھیں: انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان کی کاری ضرب، ائیر بیسز تباہ کر دیں رضاکاروں کو سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال، انخلاء کے طریقہ کار، ایمرجنسی وارننگ اور سائرن کے بارے میں بھی آگاہی دی جا رہی ہے۔ شہری اس پروگرام میں شرکت کے لیے قریبی ریسکیو 1122 اسٹیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں یا موبائل ایپ، ویب پورٹل یا ای میل ([email protected]) کے ذریعے گھر بیٹھے اپلائی کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سول ڈیفنس ٹریننگ کا مقصد عوام کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو لائف سیونگ اور انخلاء کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اگر معاملہ بڑھا تو ہم اگلے لیول کے لیے تیار ہیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ اگر معاملہ مزید آگے بڑھا تو پاکستان مکمل طور پر اگلے لیول کے لیے تیار ہے۔ نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے بظاہر امن کی بات کی ہے لیکن عملی طور پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے باعث خطے میں کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہائی الرٹ پر ہیں اور ملکی دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم اپنے گارڈز ڈاؤن نہیں کریں گے اگر انڈیا نے کوئی حرکت کی تو بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔” خواجہ آصف نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہونی چاہیے۔ انہوں نے خبرادار کیا کہ “اگر جنگ بڑھی تو یہ صرف اس خطے تک محدود نہیں رہے گی، خدانخواستہ ایٹمی صورتحال بنی تو اس کی لپیٹ میں تماشائی بھی آئیں گے۔” لازمی پڑھیں: ‘آپریشن بنیان المرصوص’ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، مریم نواز ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے آج صبح انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاکستانی فضائیہ نے ادھم پور، آدم پور، پٹھان کوٹ اور بھٹنڈا سمیت متعدد انڈین ائیر بیسز کو ہدف بنایا، جہاں سے دشمن کی جانب سے حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی سائبر یونٹس نے مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر حملہ کر کے ریاست کا بجلی کا نظام مکمل طور پر مفلوج کر دیا جبکہ ایک انڈین ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی ناکارہ بنایا گیا۔ دوسری جانب گجرات میں کئی گھنٹوں تک پاکستانی ڈرونز کی پروازوں نے انڈین سیکیورٹی اداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ نور خان ائیر بیس پر ایک گاڑی کے سوا کسی اور مقام پر کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ساتھ ہی انہوں نے تصدیق کی کہ اس وقت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کوئی ہنگامی اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ “اگر ہم یہ جواب نہ دیتے تو انڈیا دوبارہ دو یا تین مہینوں میں حملے کی کوشش کرتا اب دشمن کو پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔” مزید پڑھیں: انڈیا نے ہمارے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا، اب پاکستان خاموش نہیں رہے گا، اسحٰاق ڈار