آئی ایم ایف وفد کی وزیرخزانہ سے ملاقات: ’پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے‘

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی، عالمی بینک کے وفد کی قیادت منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیئرڈے نے کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، جاری مالی امدادی منصوبوں کا جائزہ لینے اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) پر عمل درآمد میں تیزی لانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بات چیت کے دوران سی پی ایف میں شامل ترجیحی شعبوں خصوصاً ماحولیاتی تبدیلی، آبادی کے نظم و نسق اور پائیدار ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ مزید پڑھیں: شہباز شریف کا تقریب سے خطاب: ’انڈیا کو ایسا تھپڑ رسید کیا جو قیامت تک نہ بھولے‘ اینا بیئرڈے نے مشکل لیکن ضروری معاشی اصلاحات پر حکومتِ پاکستان کے عزم کو سراہا اور ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سی پی ایف کے اہداف کے حصول کے لیے حکومت کے مکمل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کو معاشی منصوبہ بندی کا لازمی جزو بنایا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے عالمی بینک سے سی پی ایف کے مؤثر نفاذ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔ عالمی بینک نے ٹیکس اصلاحات، توانائی، سماجی تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم شعبوں میں پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس: ‘خضدار دہشت گردی کی مذمت، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا’ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے آئندہ مہینوں میں سی پی ایف کے مؤثر نفاذ اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس: ’خضدار دہشت گردی کی مذمت، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘

راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا آغاز بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشتگرد حملے کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شرکاء نے خضدار حملے کو انڈین پشت پناہی میں چلنے والی دہشت گرد پراکسیز کی سفاک کارروائی قرار دیا، جس میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہوئے۔ فورم نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور انسانیت سوز عمل قرار دیا۔ شرکاء نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ کانفرنس میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیاب تکمیل کو معرکۂ حق کا فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا گیا۔ فورم نے پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، قوم کی حمایت اور انٹیلیجنس اداروں کی ہم آہنگی کو سراہا۔ شرکاء کانفرنس نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک وژن، قومی دفاع کے لیے قیادت اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے اعزاز پر مبارکباد دی۔ فورم نے موجودہ داخلی و خارجی چیلنجز، علاقائی سیکیورٹی اور مشرقی سرحد پر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کشمیر میں انڈین مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور انڈیا کی اشتعال انگیزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے انڈین پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی میڈیا، انفارمیشن وارئیرز اور نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاستی بیانیہ موثر انداز میں پیش کیا اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنایا۔ شرکاء نے انڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی دہشت گردی، جھوٹے بیانیے اور خطے میں عدم استحکام کے عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی صورت اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سرگرم انڈیا نواز دہشتگردوں کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ فورم نے کہا کہ پاکستان ہر جارحیت کا مکمل تیاری سے جواب دے گا۔ آرمی چیف نے اعلیٰ آپریشنل تیاری اور حالیہ کامیابیوں پر افواجِ پاکستان، انٹیلیجنس اداروں اور پوری قوم کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں۔ ہم ان کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اتریں گے۔“ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
چینی کمپنی بی وائے ڈی نے یورپ میں سستی الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی

چینی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنی بیلڈ یور ڈریمز (بی وائے ڈی) نے برلن میں اپنی دسویں گاڑی ڈولفن سرف کو یورپی منڈی میں پیش کر دیا، جو کہ کم قیمت الیکٹرک گاڑیوں کے زمرے میں شامل ہے۔ اس نئی گاڑی کی آمد سے یورپی کار ساز کمپنیوں پر دباؤ میں اضافہ ہوگا کہ وہ بھی سستی اور معیاری الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائیں تاکہ مسابقت میں برقرار رہ سکیں۔ ڈولفن سرف تین مختلف قیمتوں میں دستیاب ہوگی، جس کی ابتدائی قیمت 22990 یورو مقرر کی گئی ہے، جو تین سو بائیس کلومیٹر کی حدِ رفتار رکھتی ہے۔ سب سے مہنگا ماڈل 24990 یورو کا ہوگا، جو پانچ سو سات کلومیٹر کی رینج فراہم کرتا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی عوامی سطح پر اپنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کی زیادہ قیمت رہی ہے اور اسی تناظر میں ڈولفن سرف کی یورپی منڈی میں شمولیت مقامی کار ساز اداروں کے لیے بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ اس وقت صرف چند گاڑیاں، جیسے ڈاچیا اسپرنگ اور لیپ موٹر کی ٹی صفر تین، بیس ہزار یورو سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ رواں سال گیارہ نئی گاڑیاں متوقع ہیں، جن کی قیمت 25 ہزار یورو سے کم ہوگی ۔ یہ بھی پڑھیں:امریکی ٹیرف کے باوجود آڈی کی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ یورپ کے کئی ممالک کے لیے بی وائے ڈی کی علاقائی منیجنگ ڈائریکٹر ماریا گرازیا ڈاوینو نے برلن میں کہا کہ چھوٹے سائز کی گاڑیاں یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی ترقی کا اگلا بڑا مرحلہ ہوں گی، اور اس شعبے میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ چین میں ڈولفن سرف کا ہم شکل ماڈل سیگل، اس سال ٹیسلا کی ماڈل وائے کے بعد سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ماڈل ہے، جس کی رجسٹریشن چار لاکھ بیالیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ رواں سال کے دوران اس ماڈل کی عالمی فروخت میں پینتالیس فیصد اضافہ ہوا ہےاور مجموعی فروخت ایک لاکھ ستر ہزار یونٹس تک پہنچ گئی ہے۔
عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ سپارکو نے تاریخ سے متعلق پیش گوئی کردی

اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے بھی ذی الحج کے چاند کی رویت اور عید الاضحیٰ کی متوقع تاریخ کے حوالے سے پیش گوئی کردی۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ فلکیاتی ماڈلز کے مطابق ذوالحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی 2025 کو پاکستان معیاری وقت کے مطابق 08:02 بجے ہوگی۔ سپارکو نے کہا کہ 27 مئی 2025 (29 ذیقعد) کے لیے پاکستان کے حوالے سے سائنسی تجزیہ کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی۔ سپارکو نے مزید بتایا کہ سائنسی لحاظ سے بہترین موسمی حالات میں بھی ملک بھر میں چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں اس تناظر میں یکم ذوالحجہ 29 مئی 2025 کو متوقع ہے جس کے حساب سے ملک بھر میں عیدالاضحٰی 07 جون 2025 کو منائی جائے گی۔ لازمی پڑھیں: مخصوص نشستوں کا کیس: بینچ پر اعتراضات مسترد، لائیو سٹریمنگ کا حکم تاہم، مرکزی رویت ہلال کمیٹی چشم دید گواہیوں اور موسمی حالات کے مطابق چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل فلکیاتی مشاہدات کی بنیاد پر ماہرین نے بتایا تھا کہ 28 مئی کو چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد ہو جائے گی جس سے ذوالحج کا چاند واضح طور پر نظر آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوتی ہے تو پاکستان میں یکم ذوالحج 29 مئی بروز بدھ کو ہو سکتی ہے اور اس حساب سے عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کا انحصار قمری کلینڈر اور چاند کی واضح رویت پر ہوتا ہے لہٰذا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا، تاہم فلکیاتی ماہرین کی رائے عوام کو پیشگی تیاری اور سفری منصوبہ بندی میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔ مزید پڑھیں: عمران خان کا ایک بار پھر پولی گراف اور فارنزک ٹیسٹ کرانے سے انکار
شہباز شریف کا تقریب سے خطاب: ’انڈیا کو ایسا تھپڑ رسید کیا جو قیامت تک نہ بھولے‘

وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈیا کے خلاف جوابی کارروائی سے قبل میری سپہ سالار سید عاصم منیر سے بات ہوئی، ان کی آواز میں بلا کا جوش، جذبہ اور ولولہ تھا۔ انڈین جارحیت میں آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ کہ نتائج بھیانک ہوسکتے تھے، پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایسی جنگ چھڑی جو خطرناک صورتحال اختیار کرسکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ افسوسناک تھا، انڈیا نے پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائے۔ پاکستان نے دنیا کو باور کرایا کہ انڈیا کی جانب سے لگائے گئے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، انڈیا ہماری پیشکش کو نظرانداز کرتا ہوا پاکستان پر حملہ آوور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین جارحیت میں آزاد کشمیر سمیت ملک میں 33 افراد شہید ہوئے، افواجِ پاکستان نے انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ وزیرِاعظم پاکستان نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی بجائے 6 انڈین جہاز گرائے، دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی گئی،فیصلہ کیا کہ 10 مئی کی صبح انڈیا کو جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے خلاف جوابی کارروائی سے قبل میری سپہ سالار سے بات ہوئی، سپہ سالار کی آواز میں بلا کا جوش، جذبہ اور ولولہ تھا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیصلہ کیا کہ انڈیا کو ایسا تھپڑ رسید کیا جائے جو قیامت تک نہ بھولے۔ پاکستان نے روایتی جنگ میں انڈیا کی برتری کے تاثر کو غلط ثابت کیا۔ 24 کروڑ عوام کی دعاؤں کی بدولت معرکہ حق میں فتح نصیب ہوئی۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اتحاد اور اتفاق سے اب ملکی ترقی کو آگے بڑھانا ہے، شبانہ روز محنت سے پاکستان کو مستحکم بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم متحد رہے تو دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا، مسلح افواج نے معرکہ حق میں پاکستان کا سر اقوامِ عالم میں فخر سے بلند کردیا۔ مزید پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس: ‘خضدار دہشت گردی کی مذمت، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا’ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی سرکار اب پاکستان پر حملہ کرنے سے قبل سوبار سوچے گی۔شہدا کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، لواحقین کے معاشی مسائل کا حل ضروری ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مظفرآباد آمد کا مقصد شہداء کے ورثاء سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے، شہدا کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ، جب کہ زخمیوں کو 10 سے 2ہ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ شہدا کے ورثاء کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ورثاءکے لیے تنخواہ اور الاؤنسز جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے زخمیوں کو 20 سے 50 لاکھ تک دیے جائیں گے، شہداء اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکج حکومت کی ذمہ داری ہے۔
سونے کے نرخوں میں بڑی کمی
جمعرات 22 مئی کو مقامی اور عالمی سونے کی قیمتوں میں تبدیلی دیکھنے میں آئی، ملک بھر میں فی تولہ سونا اچانک 1900 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 47 ہزار 500 روپے پر آ گیا جبکہ 10 گرام سونا 1629 روپے کمی کے ساتھ 2 لاکھ 97 ہزار 925 روپے کا ہو گیا۔ عالمی منڈی میں بھی سونا 19 ڈالر کم ہو کر 3291 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچا۔ یہ کمی ایک دن بعد دیکھنے میں آئی جب کہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ بدھ کو فی تولہ سونا 6600 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 49 ہزار 400 روپے ہو گیا تھا اور 10 گرام سونا 5659 روپے اضافے سے 2 لاکھ 99 ہزار 554 روپے تک پہنچا تھا۔ اس کے علاوہ دو روز قبل بھی قیمتوں میں 300 روپے فی تولہ اور 257 روپے فی 10 گرام کا اضافہ دیکھا گیا تھا جبکہ عالمی نرخ 3 ڈالر کے اضافے سے 3244 ڈالر فی اونس تک پہنچے۔ سونے کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ سرمایہ کاروں معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کی خصوصی تقریب آج ہوگی

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کی ایک خصوصی اور پروقار تقریب آج شام 7 بجے ایوانِ صدر میں منعقد ہوگی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری ہوں گے، جو آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا باقاعدہ بیج اور روایتی ”سٹک“ پیش کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جنرل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات، عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا جا رہا ہے۔ تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، وزراء، سفارتی نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
لاہور: آٹھ سالہ بچی زیادتی کا نشانہ بن گئی، ملزم گرفتار
نشتر کالونی میں آٹھ سالہ بچی جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ بچی اپنے ہمسائے کے گھر پانی لینے گئی تھی۔ ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے شور مچانے پر ملزم دیوار پھلانگ کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ تاہم، چوکی سبزی منڈی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چند گھنٹوں میں ہی ملزم کو ٹریس کر کے ٹبہ گاؤں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت الیاس کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ لازمی پڑھیں: خضدار: سکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چار بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔
بلوچستان میں اسکول بس پر حملے کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے، سکھ رہنما

سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے بلوچستان میں اسکول بس پر ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس حملے کے پیچھے بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایس ایف جے نے انڈین حکومت، خصوصاً مودی انتظامیہ کو پاکستان میں بچوں کو نشانہ بنانے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ایس ایف جے کے قانونی مشیر، گروپتون سنگھ پنن نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں پاکستان آرمی اسکول کی بس پر بے رحمانہ بمبار حملہ ہندوستان کی مودی حکومت کے تمام نشانات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کا ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) پاکستان بھر میں عالمی دہشت گردی کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی پراکسیز کو مسلح اور مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔ اس حملے سے متعلق شواہد براہ راست اس ‘گندی جنگ’ کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو مودی دہشت گردی کی خفیہ کارروائیوں کے ذریعے چھیڑ رہا ہے۔ گروپتون سنگھ پنن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا اگر ہندوتوا کی دہشت گردی ایودھیا میں پیدا ہوئی اور ناگپور میں پروان چڑھی، تو کیا یہ انڈین شہر پاکستان کی طرف سے حملے کے لیے ‘جائز اہداف’ قرار پاتے ہیں؟ ایودھیا اب صرف ایک مندر کا منصوبہ نہیں ہے ، یہ بنیاد پرست ہندوتوا نظریے کی افزائش گاہ ہے جو ہندوستان کی سرحدوں سے باہر تشدد اور دہشت گردی کو برآمد کرتا ہے۔ مزید پڑھیں:بلوچستان میں دھماکے، حملے: کب کیا ہوا؟ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ ہم ہندوستانی افواج کو پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کے لیے پنجاب کو لانچ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سکھس فار جسٹس نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بزدلانہ حملے میں ہلاک ہونے والے اسکولی بچوں کے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں اور ان کے ساتھ غمزدہ ہیں۔ پاکستان میں کوئی بچہ مودی کے ہندوتوا دہشت گردی کے جنون کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
عمران خان کا ایک بار پھر پولی گراف اور فارنزک ٹیسٹ کرانے سے انکار

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی 13 رکنی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں انہیں 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں عمران خان سے تفتیش اور مختلف ٹیسٹ کرنے تھے جن میں پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ شامل تھے۔ تاہم، عمران خان نے انکار کرتے ہوئے اپنا تحریری مؤقف تفتیشی ٹیم کو بھجوا دیا۔ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ان ٹیسٹوں کے ذریعے پراسیکیوشن مجھے پھسانا چاہتی ہے جبکہ میرے خلاف آٹھ مقدمات کی ضمانتیں عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ ان حالات میں کسی بھی ٹیسٹ کا حصہ نہیں بن سکتے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق اگر ملزم تعاون نہ کرے اور ٹیسٹ نہ کروائے تو تفتیش مکمل نہیں ہو سکتی۔ ان کے بقول ان ٹیسٹوں سے ہی معلوم ہو سکے گا کہ شواہد درست ہیں یا نہیں۔ لازمی پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت پیر تک ملتوی ڈی ایس پی آصف جاوید نے بھی کہا کہ ٹیسٹ نہ ہونے کی صورت میں تفتیش کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم گزشتہ تین روز سے راولپنڈی میں موجود ہے اور مسلسل عمران خان سے تفتیش کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹیم میں لاہور پولیس کے انسپکٹرز سمیت فارنزک ماہرین بھی شامل ہیں جن کا مقصد تکنیکی بنیادوں پر شواہد کی تصدیق کرنا تھا۔ واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 15 مئی کو عمران خان کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا تھا، تاہم عمران خان نے مسلسل تیسرے دن بھی ان ٹیسٹوں سے انکار کر دیا جس کے بعد تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔ مزید پڑھیں: دفاعی اخراجات کو تین گنا بڑھایا جائے، فیصل واوڈا