سونے کے نرخوں میں بڑی کمی
جمعرات 22 مئی کو مقامی اور عالمی سونے کی قیمتوں میں تبدیلی دیکھنے میں آئی، ملک بھر میں فی تولہ سونا اچانک 1900 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 47 ہزار 500 روپے پر آ گیا جبکہ 10 گرام سونا 1629 روپے کمی کے ساتھ 2 لاکھ 97 ہزار 925 روپے کا ہو گیا۔ عالمی منڈی میں بھی سونا 19 ڈالر کم ہو کر 3291 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچا۔ یہ کمی ایک دن بعد دیکھنے میں آئی جب کہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ بدھ کو فی تولہ سونا 6600 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 49 ہزار 400 روپے ہو گیا تھا اور 10 گرام سونا 5659 روپے اضافے سے 2 لاکھ 99 ہزار 554 روپے تک پہنچا تھا۔ اس کے علاوہ دو روز قبل بھی قیمتوں میں 300 روپے فی تولہ اور 257 روپے فی 10 گرام کا اضافہ دیکھا گیا تھا جبکہ عالمی نرخ 3 ڈالر کے اضافے سے 3244 ڈالر فی اونس تک پہنچے۔ سونے کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ سرمایہ کاروں معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کی خصوصی تقریب آج ہوگی

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کی ایک خصوصی اور پروقار تقریب آج شام 7 بجے ایوانِ صدر میں منعقد ہوگی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری ہوں گے، جو آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا باقاعدہ بیج اور روایتی ”سٹک“ پیش کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جنرل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات، عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا جا رہا ہے۔ تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، وزراء، سفارتی نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
لاہور: آٹھ سالہ بچی زیادتی کا نشانہ بن گئی، ملزم گرفتار
نشتر کالونی میں آٹھ سالہ بچی جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ بچی اپنے ہمسائے کے گھر پانی لینے گئی تھی۔ ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے شور مچانے پر ملزم دیوار پھلانگ کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ تاہم، چوکی سبزی منڈی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چند گھنٹوں میں ہی ملزم کو ٹریس کر کے ٹبہ گاؤں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت الیاس کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ لازمی پڑھیں: خضدار: سکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چار بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔
بلوچستان میں اسکول بس پر حملے کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے، سکھ رہنما

سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے بلوچستان میں اسکول بس پر ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس حملے کے پیچھے بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایس ایف جے نے انڈین حکومت، خصوصاً مودی انتظامیہ کو پاکستان میں بچوں کو نشانہ بنانے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ایس ایف جے کے قانونی مشیر، گروپتون سنگھ پنن نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں پاکستان آرمی اسکول کی بس پر بے رحمانہ بمبار حملہ ہندوستان کی مودی حکومت کے تمام نشانات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کا ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) پاکستان بھر میں عالمی دہشت گردی کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی پراکسیز کو مسلح اور مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔ اس حملے سے متعلق شواہد براہ راست اس ‘گندی جنگ’ کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو مودی دہشت گردی کی خفیہ کارروائیوں کے ذریعے چھیڑ رہا ہے۔ گروپتون سنگھ پنن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا اگر ہندوتوا کی دہشت گردی ایودھیا میں پیدا ہوئی اور ناگپور میں پروان چڑھی، تو کیا یہ انڈین شہر پاکستان کی طرف سے حملے کے لیے ‘جائز اہداف’ قرار پاتے ہیں؟ ایودھیا اب صرف ایک مندر کا منصوبہ نہیں ہے ، یہ بنیاد پرست ہندوتوا نظریے کی افزائش گاہ ہے جو ہندوستان کی سرحدوں سے باہر تشدد اور دہشت گردی کو برآمد کرتا ہے۔ مزید پڑھیں:بلوچستان میں دھماکے، حملے: کب کیا ہوا؟ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ ہم ہندوستانی افواج کو پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کے لیے پنجاب کو لانچ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سکھس فار جسٹس نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بزدلانہ حملے میں ہلاک ہونے والے اسکولی بچوں کے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں اور ان کے ساتھ غمزدہ ہیں۔ پاکستان میں کوئی بچہ مودی کے ہندوتوا دہشت گردی کے جنون کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
عمران خان کا ایک بار پھر پولی گراف اور فارنزک ٹیسٹ کرانے سے انکار

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی 13 رکنی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں انہیں 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں عمران خان سے تفتیش اور مختلف ٹیسٹ کرنے تھے جن میں پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ شامل تھے۔ تاہم، عمران خان نے انکار کرتے ہوئے اپنا تحریری مؤقف تفتیشی ٹیم کو بھجوا دیا۔ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ان ٹیسٹوں کے ذریعے پراسیکیوشن مجھے پھسانا چاہتی ہے جبکہ میرے خلاف آٹھ مقدمات کی ضمانتیں عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ ان حالات میں کسی بھی ٹیسٹ کا حصہ نہیں بن سکتے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق اگر ملزم تعاون نہ کرے اور ٹیسٹ نہ کروائے تو تفتیش مکمل نہیں ہو سکتی۔ ان کے بقول ان ٹیسٹوں سے ہی معلوم ہو سکے گا کہ شواہد درست ہیں یا نہیں۔ لازمی پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت پیر تک ملتوی ڈی ایس پی آصف جاوید نے بھی کہا کہ ٹیسٹ نہ ہونے کی صورت میں تفتیش کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم گزشتہ تین روز سے راولپنڈی میں موجود ہے اور مسلسل عمران خان سے تفتیش کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹیم میں لاہور پولیس کے انسپکٹرز سمیت فارنزک ماہرین بھی شامل ہیں جن کا مقصد تکنیکی بنیادوں پر شواہد کی تصدیق کرنا تھا۔ واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 15 مئی کو عمران خان کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا تھا، تاہم عمران خان نے مسلسل تیسرے دن بھی ان ٹیسٹوں سے انکار کر دیا جس کے بعد تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔ مزید پڑھیں: دفاعی اخراجات کو تین گنا بڑھایا جائے، فیصل واوڈا
جو وطن کے غدار ہیں، وہ کسی کے وفادار نہیں، مریم نواز

یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن میں دل کے مریضوں کے لیے کوئی سرکاری اسپتال موجود نہیں تھا، لیکن اب نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پل کا افتتاح کرکے تقریب میں آئی ہیں، جو صرف آٹھ ماہ میں مکمل کیا گیا اور اسے نواز شریف کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سال بعد سرگودھا ڈویژن کا ہر شہر اور ضلع بدلا ہوا اور بہتر نظر آئے گا۔ انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں لیپ ٹاپ ملنے پر شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کوئی بھی بیٹی تعلیم سے محروم نہیں رہے گی۔ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کو تیس ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار کر دیا گیا ہے اور اگلے سال مزید اضافہ کیا جائے گا۔ وہ اب تک اٹھارہ ہزار الیکٹرک بائیکس فراہم کر چکی ہیں اور سوچ رہی ہیں کہ چارجنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھا کر بائیکس کی فراہمی میں بھی اضافہ کیا جائے۔ اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں جبکہ اگلے پانچ برسوں میں پانچ لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ لازمی پڑھیں: خضدار: سکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چار بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی مریم نواز نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو بھی سراہا اور بتایا کہ اس سال پنجاب بھر میں پچاس ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پنجاب کا کوئی اسکول ایسا نہیں ہوگا جہاں صاف پانی یا بیت الخلا کی سہولت نہ ہو، اور کسی بچے کو زمین پر نہیں بیٹھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو وعدہ کرتی ہیں، پورا کرتی ہیں کیونکہ وہ نواز شریف کی بیٹی ہیں۔ چھ ہزار اسکولوں میں مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹر لیبز قائم کی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ کو جدید تعلیم دی جا سکے۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ نوجوانوں کو پڑھائی کے بعد روزگار اور کاروبار کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چند ماہ پہلے آسان کاروبار اسکیم شروع کی گئی اور تین ماہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو کاروبار کے لیے اربوں روپے کے قرض دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پاس پہلے بھی یہی پیسہ تھا، فرق صرف یہ ہے کہ اب یہ عوام پر خرچ ہو رہا ہے، کسی کی جیب میں نہیں جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رات کو عوام کی روٹی کا سوچ کر سو نہیں پاتیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان قلم اٹھائیں، پتھر نہیں، لیپ ٹاپ اٹھائیں، بندوق نہیں، اور پاکستان کے لیے جئیں، کسی فتنے یا سازش کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب اقدامات صرف شروعات ہیں، اور وہ والدین کے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مزید پڑھیں: نجکاری کے سائے میں صحت کا بحران، کیا شہریوں سے ان کا بنیادی حق چھینا جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا جو وطن کے غدار ہیں، وہ کسی کے وفادار نہیں، جو بچے اُن کے بہکاوے میں آ گئے، وہ جیلوں میں پڑے ہیں، اُن کے ماں باپ سے پوچھو، اُن کا کیا حال ہے، 9 مئی کو جو ایک جماعت نے کیا، یقین مانو وہی سب کچھ دہشتگرد بھی کرتے ہیں، وہی سب کچھ بھارت نے بھی کیا۔ تقریب کے دوران ایک طالبہ نے خواہش ظاہر کی اور کہا کہ میم، میں آپ کی پرسنلٹی کی بہت بڑی فین ہوں ، اگر آپ اجازت دیں تو میں آ کر آپ کو گلے لگا لوں۔ جس کے جواب میں مریم نواز نے اسٹیج پر جا کر طالبہ کو گلے لگا لیا۔
کراچی طیارہ حادثہ: پائلٹ کی ’غیر متعلقہ باتوں‘ نے 97 لوگوں کی جان لے لی

آج سے ٹھیک 5 سال قبل 22 مئی 2020 کو کراچی میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 کے حادثے میں 97 افراد جان سے گئے، جب کہ زمین پر موجود ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئیں، تاہم جہاز میں سوار دو مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے۔ جون 2020 میں حکومت نے حادثے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی، جس میں پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرولر دونوں کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کی توجہ حادثے کے وقت “غیر متعلقہ باتوں” پر تھی۔ لیکن متاثرہ خاندانوں کا دکھ صرف اپنوں کے بچھڑنے کا نہیں، بلکہ انصاف نہ ملنے کا بھی ہے۔ کئی سوالات آج بھی جواب طلب ہیں۔
دفاعی اخراجات کو تین گنا بڑھایا جائے، فیصل واوڈا

سینیٹ اجلاس میں سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے ملک کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی بجٹ کو وقتی طور پر روک کر دفاعی اخراجات کو تین گنا بڑھایا جائے اور تمام سیکیورٹی فورسز کی تنخواہوں کو دوگنا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرونی اور بیرونی خطرات کے پیشِ نظر یہ اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ اِس فوج نے معرکہ بنایا ہے، سپہ سالار کو ہم نے تاحیات فیلڈ مارشل کا اعزاز بھی دے دیا ہے، آج شام کو اِن غنڈوں اور دہشتگردوں کےخلاف فیلڈ مارشل کی نئی سوٹی بھی دینے والے ہیں۔ رمضان میں فوج کے سپاہی کو 2 ہزار دیتے ہیں جس میں وہ سحری، افطاری اور رات کا کھانا کھائے، اگر اُس کے 4 بچے ہیں تو ہم 11 روپے کے حساب سے پیمنٹ کر رہے ہیں، وہ اِن 11 روپے کے بدلے میں دبا دب خون دے رہے ہیں، پاکستان کو جتا بھی رہے ہیں، سر پلیز! دفاعی بجٹ دوگنا، تگنا کریں فیصل واوڈا نے زور دیا کہ بیرون ملک جانے والے سفارتی وفود میں اپوزیشن اراکین کو بھی شامل کیا جائے تاکہ قومی بیانیے میں یکجہتی پیدا ہو۔ دوسری جانب سینیٹر عرفان صدیقی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں، ریل گاڑیوں اور عوامی مقامات پر حملے کسی بھی طور پر ‘حقوق کی جنگ’ نہیں کہلا سکتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتی ہے مگر معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتا ممکن نہیں۔ مزید پڑھیں: خضدار حملہ، 4 بچوں سمیت 6 جاں بحق: ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا‘
پاکستان میں کچھ ’بہت عظیم لوگ‘ رہتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان کی امن دوست پالیسیوں اور اس کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور رہنما اعلیٰ معیار کے حامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں انکشاف کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں امریکا کا اہم کردار رہا، اور یہ کہ دونوں ممالک کو کشیدگی سے نکال کر بات چیت کی راہ پر لانا ایک بڑی سفارتی کامیابی تھی۔ ان کا کہنا تھا، “ہم نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کرائی اور اب دونوں ملکوں سے تجارتی معاہدے کریں گے۔” دوسری جانب دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ انڈیا نے اپنی واضح شکست دیکھ کر جنگ بندی کی اپیل کی، مگر بعد میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر تنقید شروع کر دی۔ ماہرین کے مطابق انڈیا نے جنگ بندی میں امریکی ثالثی کے کردار کو تسلیم کرنے سے ہمیشہ انکار کیا، لیکن اب صدر ٹرمپ نے کھلے الفاظ میں سچائی بیان کر کے بھارتی جھوٹے بیانیے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے یہ بیانات نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہیں بلکہ خطے میں امن قائم رکھنے کی پاکستانی کوششوں کا عالمی اعتراف بھی ہیں۔
مخصوص نشستوں کا کیس: بینچ پر اعتراضات مسترد، لائیو سٹریمنگ کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان میں مخصوص نشستوں کے تنازع پر آئینی بینچ نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کی متفرق درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے بینچ کی تشکیل پر اٹھائے گئے اعتراضات یکسر مسترد کر دیے جبکہ 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق درخواستوں کے فیصلے کے بعد سماعت کرنے کی استدعا بھی قبول نہ کی گئی۔ سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں عدالت عظمیٰ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو لائیو اسٹریمنگ کے فوری انتظامات کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا، تاکہ عوام براہ راست عدالتی کارروائی دیکھ سکیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ تفصیلی حکم نامہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دوسری جانب عدالت نے مخصوص نشستوں سے متعلق اہم کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے جس پر ملک کی سیاسی فضا میں بے یقینی بڑھتی جا رہی ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت کا انتظار نہ صرف سیاسی حلقوں بلکہ عوام کی توجہ کا بھی مرکز بن چکا ہے۔ مزید پڑھیں: خضدار حملہ، 4 بچوں سمیت 6 جاں بحق: ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا‘