April 21, 2025 12:35 am

English / Urdu

📢 تازہ ترین اپ ڈیٹس

حافظ نعیم الرحمان نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ریڈ زون جانے کا اعلان کیا تو کوئی کنٹینر کوئی رکاوٹ ہمارا راستہ نہیں روک سکے گی ۔

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مسلمانوں اور انسانوں کا قاتل ہے۔ ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے تھے۔

جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکریٹری سیکریٹری عامر بلوچ نے بتایا کہ وہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر مارچ کریں گے۔ ’اسلام آباد ایکسپریس وے پر زیرو پوائنٹ کے قریب مارچ ہو گا اور ایچ-8 اوور ہیڈ برج پر سٹیج قائم کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سمیت مرکزی رہنما ریلی سے خطاب کریں گے۔‘

خیبرپختوتخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے قافلے اسلام آباد میں پہنچ گئے، انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ جگہ پر عوام کا سمندر امڈ آیا ۔

اسلام آباد انتظامیہ اور جماعت اسلامی کی قیادت کے مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد جلسہ گاہ کا متبادل مقام طے پا گیا ہے۔ جلسہ گا زیرو پوائنٹ سے فیض آباد ایٹ ایونیو ہوگا۔ اس سے قبل سری نگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر بند کیا گیا تھا۔ ریڈ زون کی طرف جانے والی سڑک تو بدستور بند ہے تاہم ریڈ زون سے باہر آنے والی سڑک کے کنٹینرز ہٹا کر راستہ کھول دیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ زیرو پوائنٹ تا فیض آباد کے درمیان ایچ ایٹ پل پہ ھوگا۔ موٹر وے سے آنے والوں کو سری نگر ھائی وے سے گزر کر زیرو پوائنٹ سے فیض آباد پنڈی کی طرف اترنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح جی ٹی روڈ پنجاب سے آنے والی گاڑیوں کو فیض آباد سے اسلام آباد داخل ہونے کا کہا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کی ذمہ داران کی جانب سے پنجاب و ملحق اضلاع کے قافلوں کو ٹی چوک روات جمع ہو کر زیرو پوائنٹ پہنچنے کا کہا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے براستہ جی ٹی روڈ اور موٹرویز آنے والے قافلوں کو 26 نمبر جمع ہو کر ریلی کی صورت میں زیرو پوائنٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جماعت اسلامی کی طرف الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام قافلے بالکل تسلی کے ساتھ اسلام آباد کی جانب بڑھتے جائیں۔ ’’انشاء اللہ 2 بجے تک اسلام آباد میں ریلی کے آغاز کی حتمی جگہ سے تمام قافلوں کو آگاہ کردیا جائے۔ خواتین اور بچے لازمی شریک ھوں‘‘۔

ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستوں کو بڑے بڑے کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے گردونواح سے قافلے غزہ مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں ، سرگودھا، میانوالی ، خوشاب ، چکوال ، راولپنڈی اور اٹک سے ایک بڑی تعداد مارچ میں شریک ہورہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ کا یہ ایک بہت بڑا مارچ ہوگا ۔


مکمل تفصیلات:

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ’غزہ ملین مارچ‘ میں انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس مارچ میں اسلام آباد کے گرد و نواح، خیبر پختونخوا، پنجاب کے اضلاع سے بھی جماعت اسلامی کے کارکن، عام شہری شریک ہوئے۔

حکومت اور انتظامیہ سارا دن مارچ کی تیاریوں کو سبوتاژ کرنے کی متعدد کوششوں میں مصروف رہی، تیاریوں میں مصروف متعدد کارکنان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی، تشدد اور دہشت گردی کے مقدمات بھی درج کیے گئے۔


اسلام آباد سے پاکستان میٹرز کے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ شب غزہ مارچ کے پیش نظر ریڈ زون کو تین اطراف سے رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا تھا۔ ریڈ زونز کو سرینا چوک، نادرہ چوک اور ڈی چوک کی جانب سے کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا۔

اس سے قبل غزہ مارچ کے میزبان جماعتِ اسلامی اسلام آباد کے امیر انجینئر نصراللہ رندھاوا نے پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارچ طے شدہ پروگرام کے مطابق لازماً اسی مقام پر ہوگا۔

جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ آج اسلام آباد میں غزہ مارچ ہر صورت ہو گا۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کا ذرائع ابلاغ کے ذریعے اعلان کہ غزہ مارچ کی اسلام آباد میں اجازت نہیں دی جائے گی، افسوسناک ہی نہیں، قابلِ مذمت بھی ہے۔


جماعت کے رہنما نے کہا کہ ایسے اقدام سے فلسطین کاز کو نقصان پہنچے گا اور حکومت بتائے کہ ایسا کرکے وہ کس کی خدمت بجا لارہی ہے۔ ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی آج اسلام آباد میں ہر صورت مارچ کر کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔

مزید پڑھیں : ’اسرائیل کی ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس، فوج ہار چکی، مزاحمت کار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘ حافظ نعیم کا ملتان میں خطاب

حافظ نعیم الرحمان نے مارچ کے اختتام پر خطاب میں کہا کہ آج فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کا زبردست پیغام دیا جارہا ہے، کچھ لوگ پاکستان سے اسرائیل جاکر وعدے وعید کرکے آئے ہیں۔ بتایا جائے کہ انہیں کس نے پاکستان سے اسرائیل بھیجا تھا۔ پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جائے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں سے یکجہتی کا یہ تاریخ ساز اجتماع ہے۔ افسوس کہ پرامن مارچ کو امریکا سے خوفزدہ طبقے نے سفارت خانے کی طرف مارچ نہیں کرنے دیا۔ ہم نے امن کا راستہ اختیار کرکے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستانی متحد ہیں، بصورت دیگر ہم زبردستی بھی سفارت خانے کی جانب جا سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا، بچوں کو شہید کیا گیا۔ بچوں کی لاشیں اٹھائے فلسطینی بہنیں صدائیں بلند کر رہی ہیں کہ امت کے حکمرانو تم کہاں ہو؟ حکمران یاد رکھیں کہ امریکا کسی کا خیرخواہ نہیں، امریکا کے خوف سے نکل کر فلسطینیوں کی پشت بانی کریں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فلسطینیوں سے تعلق کلمے کا ہے، قائد اعظم نے ابتدائی دور میں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی بات کی تھی۔ ہم محمد رسول اللہ کے غلام ہیں، امریکی غلامی مسترد کرتے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ آج فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کا زبردست پیغام دیا جارہا ہے، کچھ لوگ پاکستان سے اسرائیل جاکر وعدے وعید کرکے آئے ہیں۔ بتایا جائے کہ انہیں کس نے پاکستان سے اسرائیل بھیجا تھا۔ پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جائے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ فلسطینیوں سے یکجہتی کا یہ تاریخ ساز اجتماع ہے۔ افسوس کہ پرامن مارچ کو امریکا سے خوفزدہ طبقے نے سفارت خانے کی طرف مارچ نہیں کرنے دیا۔ ہم نے امن کا راستہ اختیار کرکے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستانی متحد ہیں، بصورت دیگر ہم زبردستی بھی سفارت خانے کی جانب جا سکتے تھے۔

امیر جماعتِ اسلامی کا واضح الفاظ میں کہنا تھا کہ 26 اپریل کو خیبر تا کراچی اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے تلقین کرتے ہوئے کہا کہ 26 اپریل کو غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کے لیے کسی کو ایک پتھر تک نہیں مارنا بلکہ صرف اپیل کرنی ہے، گلی گلی جا کر ہڑتال کی کال دینی ہے اور اسے کامیاب کرنا ہے۔

’ایٹم بم نہ چلائیں کوئی دھمکی تو دیں‘

سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کیا، انہوں نے سپہ سالار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہیں، اچھی بات ہے، سورۃ توبہ کی تلاوت بھی کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹم بم نہ چلائیں، کوئی دھمکی تو دیں۔ دعائیں اور مذمت کرنا عام انسانوں کا کام ہے۔

وزیراعظم صاحب کس کے ساتھ کھڑے ہیں، شاید وہ کہیں کہ ہم امریکا کے ساتھ بھی نہیں، فلسطین کے ساتھ بھی نہیں، ہم سپہ سالار کے ساتھ ہیں۔ مصنوعی آکسیجن پر چلنے والی حکومت غزہ کا ساتھ دے، ورنہ یہ حکمرانی کی اہل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جماعتِ اسلامی کی جانب سے لاہور، کراچی اور ملتان میں مارچ منعقد کیے گئے ہیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ مارچ عالمی برادری کو یہ پیغام دینے کی ایک کوشش ہے کہ پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر مظلوموں کی حمایت جاری رکھیں گے۔