📢 تازہ ترین اپ ڈیٹس
ابھی کوئی تازہ اپ ڈیٹ موجود نہیں
مکمل تفصیلات:
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا 15واں میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بلے بازی کی دعوت دی۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل اور فن ایلن اوپننگ کے لیے آئے۔
کنگز کی جانب سے انتہائی شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر حسن علی نے گلیڈی ایٹرز کپتان کو چلتا کیا۔ اسی اوور کی چوتھی بال پر فن ایلن کو واپسی کی راہ بھی دیکھائی اور یوں گلیڈی ایٹرز کی پہلی دو وکٹیں محض آٹھ رنز پر گر گئیں۔
گلیڈی ایٹرز کا ایک کے بعد دوسرا آتا اور پھر تیسرا آتا اور پویلین لوٹ جاتا۔ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی اور میر حمزہ نے 2،2، جب کہ فواد علی اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گلیڈی ایٹرز کے 143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپننگ کے لیے کپتان ڈیوڈ وارنر اور ٹم سائفرٹ آئے۔ پہلے اوور کی چوتھی ہی بال پر ڈیوڈ وارنر محمد عامر کا شکار بن گئے اور 4 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔
ان کے بعد ٹم سائفرٹ اور جیمز ونس نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 77 رنز پر پہنچایا اور جیمز ونس چلتے بنے۔ ان کے جانے کے یکے بعد دیگرے ایک ایک کرکے کنگز کے کھلاڑی پویلین لوٹنے لگے۔ کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔
کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 47، ونس نے 30، جب کہ حسن علی 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ لوٹ گئے۔
گلیڈی ایٹرز گیند بازوں نے انتہائی ذمہ دارانہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنگز کے بلے بازوں کو لگام لگائے رکھی۔ محمد عامر، خرم شہزاد اور وسیم جونیئر نے 2،2،2، جب کہ کپتان سعود شکیل اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز 6 میچ کھیل کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 میچز کھیل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔