📢 تازہ ترین اپ ڈیٹس
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں اور 144 رنز بنالیے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو مشکل حالات میں بھی فائنل کھیلنے پر شاباش دی۔ مریم نواز نے کہا کہ فاتح لاہور قلندر ہو یا کوئٹہ گلیڈی ایٹر فاتح پاکستان ہوگا۔پی ایس ایل کھیلنے والے کرکٹرز نے عز م و حوصلے کی مثال قائم کی کرکٹ پاکستانیوں کا جنون ہے، کرکٹ گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہونا خوش آئند ہے۔پاکستانی قوم امن پسند اور سپورٹس سے محبت کرنے والی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارو ں کو شاباش بھی دی۔
وسیم جونئیر انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل پائے
لاہور قلند میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے سکندر رضا کو وسیم جونئیر کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے
کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کہا کہ آج کے میچ کا پریشر نہیں لیں گے
مکمل تفصیلات:
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا فائنل آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جس میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک گیند قبل 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا اختتام یادگار بنا دیا۔
پی ایس ایل کے فائنل میچ میں گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 202 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوپننگ کے لیے کپتان سعود شکیل اور فن ایلن کریز پر آئے، مگر دونوں ہی بلےباز کچھ خاطر خواہ اسکور بنانے میں ناکام رہے، سعود شکیل تیسرے اوور میں قلندرز کپتان شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے اور چھ گیندوں پر محض 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
سعود کے پیچھے فن ایلن بھی 12 رنز بناکر چل دیے، گلیڈی ایٹرز بلے باز وقفے وقفے سے آتے اور چلے جاتے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب حسن نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 76 رنز بنائے اور لڑکھڑاتی ٹیم کا مجموعی اسکور 201 پر پہنچانے میں مدد کی۔
ان کے علاوہ ایوشکا فرنینڈو نے 29، فہیم اشرف نے 28، ریئلی روسو اور دنیش چندیمل نے 22،22 رنز بنائے، جب کہ مزید کوئی کھلاڑی بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ حارث رؤف نے 2، جب کہ سلمان مرزا نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی، تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی
جواب میں لاہور کی بیٹنگ لائن نے جارحانہ انداز اپنایا، گلیڈی ایٹرز گیندبازوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، ایک کے بعد ایک گیند باز پٹتا چلا گیا۔ کُسال پریرا نے 31 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ محمد نعیم نے 46 اور عبداللہ شفیق نے 41 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔
کوئٹہ کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اوورز میں صرف 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جب کہ عثمان طارق اور محمد عامر نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ یہ فتح نہ صرف لاہور کے لیے ٹائٹل کی دوڑ میں ایک تاریخی لمحات کا سبب بنی بلکہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کا اختتام بھی ایک یادگار مقابلے پر ہوا۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز نے تیسری بار چیمپیئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، اس سے قبل 2022، 2023 اور اب 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔