لائیو

مولانا فضل الرحمان کا صاحبزادہ اسلام آباد سے گرفتار، گھر سیل: پاکستان اور طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عطا اللہ تارڑ

مولانا فضل الرحمان کا صاحبزادہ اسلام آباد سے گرفتار، گھر سیل: پاکستان اور طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عطا اللہ تارڑ26 نومبر، 2026

اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کردیا، جبکہ گھر پر موجود ان کے بیٹے اسجد محمود کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سی ڈی اے کی جانب سے اس کارروائی کے حوالے سے چار صفحات پر مشتمل حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ اور ملکیت کی منتقلی منسوخ کرنے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں، سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق سیکٹر جی سکس فور، اسٹریٹ نمبر 83 میں واقع مکان نمبر 7 کی ملکیت امان اللہ کے نام منتقل کی گئی تھی، تاہم متعلقہ سرکاری اداروں کی رپورٹس اور دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر اس معاملے کی جانچ پڑتال شروع کی گئی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جا چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق اگر راستے بند نہ کیے جائیں تو معاملات بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ ماضی میں پرویز مشرف کے لیگل فریم ورک آرڈر (ایل ایف او) کی منظوری میں کردار ادا کرنے والے مولانا فضل الرحمان آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بلاول آج کل زیادہ غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں ریفرنڈم سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں قانونی دلائل دینے چاہئیں۔ ان کے مطابق بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی دلیل دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت کے اختلافات ضرور ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں جماعتوں کے تعلقات ختم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبوں سے متعلق معاملہ پارلیمان میں آیا تو پاکستان تحریک انصاف سے بھی اس پر رائے لی جا سکتی ہے۔

تازہ اپڈیٹس

  1. سی ڈی اے نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سیل کردی

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ گھرپرموجود مولانافضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا۔

    سی ڈی اے نے 4 صفحات پر مشتمل آرڈر جاری کردیا، سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق گھر کے مالک امان اللہ کی رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں جبکہ ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔

    سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم ان کے پیش نہ ہونے پر گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    سی ڈی اے کے مطابق سیکٹر جی سکس فور، اسٹریٹ نمبر 83، مکان نمبر7 کی ملکیت کی تبدیلی فوری منسوخ کردی گئی، اسپیشل برانچ کی22 نومبر2026کی رپورٹ کےبعدمعاملےکی تحقیقات شروع کی گئیں۔

    سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کا شناختی کارڈ والدین کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر جاری ہوا تھا، خاندانی ریکارڈ میں تضاد پر نادرا نے امان اللہ کا شناختی کارڈمنسوخ کردیاتھا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبرکو سی ڈی اےکومعاملےسےآگاہ کیا۔

    سی ڈی اے نے 25 نومبر کو امان اللہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا، امان اللہ کو26 نومبر کو ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی، امان اللہ 26نومبر کو ممبر اسٹیٹ کے سامنے پیش نہ ہوئے۔

    سی ڈی اے نے دستیاب سرکاری ریکارڈ اور نادرا کی تصدیقی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا، غیر ملکی شہریوں کے پاکستان میں جائیداد حاصل کرنے پربھی قانونی پابندی کاحوالہ دیا گیا، غیر ملکی شہری پیشگی تحریری اجازت کےبغیرپاکستان میں زمین یا جائیدادحاصل نہیں کرسکتا۔ سی ڈی اے نے امان اللہ کے نام جائیداد کی تبدیلی ملکیت فوری طور پر منسوخ کر دی۔

  2. آج مولانا فضل الرحمان کی باری آئی، کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری آئے گی، علی امین گنڈاپور

    سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آج جو کچھ ہورہا ہے یہ پہلے سے طے تھا۔آج مولانا کی باری آئی کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت سب کی باری آئے گی۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا گیا تو سب چپ رہے، ہمیشہ قانون کی بات کرتے ہیں، دہشتگردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عوام کا اعتماد ضروری ہے۔

    علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں سہولیات دینے کا مطالبہ کردیا۔ کہا پاکستان میں ترقی قانون پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان میں ترقی قانون پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے، دہشتگردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا اعتماد ضروری ہے۔ پارٹی میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا سب کا لیڈر بانی پی ٹی آئی ہے۔ سہیل آفریدی آج بھی وزیراعلیٰ ہیں۔

  3. مولانا فضل الرحمان کی احتجاج کی کال معیشت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، معاشی ماہرین

    معاشی ماہرین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی احتجاج کی کال اور سڑکیں بند کرنے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک کی بہتر ہوتی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ کال ایسے وقت میں دی گئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے بعد پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران اہم شاہراہوں، موٹرویز، تجارتی مراکز اور ٹرانسپورٹ کے راستوں کی بندش سے صرف آمدورفت ہی متاثر نہیں ہوتی بلکہ اس کے اثرات صنعتی پیداوار، اشیائے خورونوش کی ترسیل، تجارت اور برآمدات پر بھی پڑتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق راستے بند ہونے سے کارخانوں تک خام مال کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، منڈیوں میں اشیائے خورونوش پہنچنے میں تاخیر ہوتی ہے، تاجروں کا کاروبار رک جاتا ہے اور مزدوروں کی دیہاڑیاں ضائع ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ برآمدی سامان کی بروقت ترسیل بھی مشکل ہو جاتی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور سکیورٹی اداروں کی اضافی نفری تعینات کرنا پڑتی ہے، جس سے قومی خزانے پر مزید مالی بوجھ پڑتا ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق ماضی کے اعداد و شمار بھی احتجاج اور دھرنوں کے معاشی اثرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ وزارت داخلہ نے 2020 میں قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ 2012 سے 2018 کے دوران دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے باعث ملکی معیشت کو تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ تقریباً 76 کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔

    اسی طرح نومبر 2024 میں اسلام آباد میں احتجاج اور اس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں کی معطلی کے باعث حکومت نے پانچ روز کے دوران 950 ارب روپے کے ممکنہ معاشی نقصان کا تخمینہ پیش کیا تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات، پارلیمان اور آئینی طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے تجارتی سرگرمیوں اور آمدورفت کا تسلسل برقرار رکھنا اہم ہے۔

  4. حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی، شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے حکومتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔

    جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے گی اور ان پر نیک نیتی، خلوص اور تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے معاملے پر مشاورت کا سلسلہ گزشتہ ملاقاتوں سے جاری ہے۔ خلیجی جنگ کے باعث تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے تناظر میں جماعت اسلامی کی جانب سے عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے تجاویز پیش کرنا قابلِ تحسین ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت نے فوری طور پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مختصر مدت میں ٹارگٹڈ سبسڈی کا طریقہ کار وضع کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے ملک بھر میں سبسڈی فراہم کی گئی، جس پر وفاقی حکومت نے 128 ارب روپے خرچ کیے، بعد ازاں صوبائی حکومتیں بھی اس اقدام میں شریک ہوئیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے بعد حکومت نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے جامع سبسڈی پروگرام شروع کیا، جس سے اب تک دو کروڑ افراد براہِ راست جب کہ تقریباً 10 کروڑ افراد بالواسطہ یا بلاواسطہ مستفید ہو چکے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تجاویز پر حکومتی ٹیم اور جماعت اسلامی کے درمیان متعدد نشستیں ہو چکی ہیں۔ آج کی مشاورت میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے اور ان پر عملدرآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے ریلیف پیکج پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ سنجیدگی اور مستقل مزاجی سے مذاکرات کیے ہیں اور حکومت کی جانب سے سامنے آنے والی مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔

    واضح رہے کہ ملاقات میں جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور عنایت اللہ خان بھی شامل تھے، جب کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی شریک ہوئے۔

  5. طلبہ یونین کی بحالی ہمارا جمہوری حق ہے، مطالبات تسلیم کیے جائیں: صاحبزادہ وسیم حیدر

    ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور طلبہ پر مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے، طلبہ یونین کی بحالی ان کا جمہوری حق ہے اور حکومت کو طلبہ کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

    پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روز جاری دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پوری طلبہ قوت کے ساتھ دوبارہ آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں پُرامن احتجاج اور طلبہ کی منظم جدوجہد جاری رہے گی۔ حکومت طلبہ کے جمہوری حقوق تسلیم کرے اور انہیں اپنی قیادت خود منتخب کرنے کا حق دے۔

    صاحبزادہ وسیم حیدر نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے پُرامن دھرنے کے انتظامات درہم برہم کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جب کہ ان کی قیادت میں آنے والے قافلے کو پولیس نے طاقت کے زور پر روکنے کی کوشش کی، جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایک جمہوری ملک میں اپنی جمہوری آزادیاں حاصل ہونی چاہئیں اور انہیں اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ نوجوانوں کو اپنے حقوق کے لیے مؤثر آواز اٹھانا ہوگی اور اسلامی جمعیت طلبہ کی تحریک کا حصہ بننا چاہیے۔

    حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے صاحبزادہ وسیم حیدر نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت تعلیمی اداروں کو منشیات کے مراکز اور چھاؤنیوں میں تبدیل کرنا چاہتی ہے؟ نوجوانوں کو بنیادی جمہوری اور تعلیمی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

    اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک بھر میں طلبہ یونینز پر پابندی کے خلاف یومِ سیاہ بھی منایا۔ دھرنے میں پنجاب بھر سے طلبہ نے شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

    واضح رہے کہ اس موقع پر سیکریٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل حسن امین، ناظم پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان، ناظم پنجاب شمالی احمد عبداللہ، ناظم لاہور عبداللہ عباس اور ناظم جامعہ پنجاب احسن فرید نے بھی خطاب کیا۔

  6. کبھی بھی پنجاب کی تقسیم کے حق میں نہیں رہا، ہم قوم پرست نہیں، پاکستان پرست ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی، پنجاب اور سندھ اسمبلی میں صوبوں پرقرارداد پیش کی جاچکی، ہم دونوں اسمبلیوں کے فیصلےکیساتھ ہیں، صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا تو متنازع ترین ہوگا۔

    ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ سندھ میں احتجاج کرنے والے ہمیں وفاق پرست کہتے ہیں ، اسلام آباد میں ہمیں قوم پرست کہا جاتا ہے ، ہم پاکستان پرست ہیں۔کراچی میں میری پریس کانفرنس کے بعد نامناسب رد عمل آیا ، وہ کسی پر نہ تنقید کررہے ہیں کہ یہ 9 مئی میں ملوث ہیں، نہ کسی کو گالی دے رہے ہیں، وہ تو صرف اپنا موقف دے رہے ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہےکہ ان کی آواز دبائی جاسکتی ہے تو یہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی،جو فیصلہ پنجاب اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا، جو فیصلہ سندھ اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ بھی کھڑا ہوں گا، تمام صوبوں کے لیے پیپلزپارٹی کی ایک رائے ہے، پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ ن کی حکومت میں منظورہوئی، سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرار داد متعدد بارمسترد کی، میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، میں نے پنجاب کے چارٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ جو حالات کراچی کو دیکھنا پڑے وہ لاہور کو دیکھنا نہیں پڑے، بہت دیر بعد ہم نے کراچی میں امن قائم کیا، سندھ کی سیاست میں پیپلزپارٹی کو روکنےکے لیے نفرت کابیج بویا گیا، میں خبردار نہیں کررہا تھا، صرف خطرے کی گھنٹی بجارہا تھا، قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اس دن ایم کیو ایم نے جلسے کا فیصلہ کیا، اب وہ دوسرا جلسہ تب رکھ رہے ہیں جب سندھ میں کلچرڈے ہے،لگتا ہے جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ جب تک ہم سب کا انتخابی نظام پر اعتماد نہیں ہوگا ، تمام الیکشنز اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے، موجودہ حالات میں ملک کو ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے ، ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ فنانس کمیٹی میں بیٹھے۔ معاشی طور پر ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرناپڑےگا، اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو جلد اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں اس سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں، پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں کیے جائیں ، پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلے حتمی نہیں ہوتے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابات پر جماعتوں کے اعتراضات ہوں گے وہ متنازع ہوں گے، یہ پہلا الیکشن ہے جس پر حکومتی جماعتوں اوراپوزیشن کو اعتراض ہے، حکومتی جماعتیں اوراپوزیشن جماعتیں دونوں اسے دھاندلی زدہ کہہ رہی ہیں۔ موجودہ ججز اس عدالتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔سمجھتا ہوں ریزرونشستیں پی ٹی آئی کو ملنی چاہیے تھیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے 27ویں ترمیم پر Brute Majoritry سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت  کرتے ہوئے کہا  کہ 27 ویں ترمیم پرBrute majorty کے ان کے الفاظ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی،27 ویں ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرائی گئی، اس ترمیم پر اپوزیشن کا اعتماد نہیں ہے،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ 27 ویں ترمیم کو پھاڑ دیا جائے، بہتر اور زیادہ اتفاق رائے سے جو ترمیم ہوتی ہے اس کی طاقت زیادہ ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کی بحث میں نے شروع نہیں کی، اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے توکیوں ہے، سسٹم کولیپس کیسے ہوا، خودبخود ہوا یاسیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا؟ جب تک یہ طے نہیں کرسکتےکہ سسٹم کولیپس کیوں ہوا، اسے بحال نہیں کیا جاسکتا، 1973 کااآئین خود بخود کولیپس نہیں ہوا کرایا گیا ہے۔

    پریس کانفرنس میں بلاول نے نام لیے بغیر محسن نقوی پر بھی تنقیدکی اور کہا کہ کوئی انکار نہیں کہ وزیراعظم کے بعد سب سے محنتی وزیر وہ ہیں، ایران کے ساتھ امن قائم کرنا ہے یا صوبے بنانے ہیں تو وہ ذمہ داری اٹھاتے ہیں ۔

  7. جنوبی پنجاب کو محروم رکھنے والے عوام کے مجرم ہیں، مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ  جنوبی پنجاب کی محرومی کی سیاست کرنے والے یہاں سے جیت کر  اپنے محلوں میں بیٹھ جاتے ہیں، وہ محرومی ختم کرنا نہیں بلکہ اپنی دکان چلانا چاہتے تھے۔

    ملتان میں تقریب سے خطاب میں  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر وہ محرومی ختم کردیتے تو ان کی سیاسی دکان بھی ختم ہوجاتی، ن لیگ نے ان کی دکان بندکردی  ہے۔ جھوٹے نعرے لگانے والے گناہ گار نہیں عوام کے مجرم ہیں ، ہمارے لیے سارا پنجاب برابر ہے، پورے صوبےکو سہولتیں دے رہے ہیں ۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے، پانچ سال میں دس لاکھ گھر تعمیر کرنے ہیں ، لوگ جتنا کرایہ دیتے تھے اب اس سے بھی کم ماہانہ قسط پر گھر کے مالک بن رہے ہیں۔

      وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر دنیا کا سب سے سستا اور تیز ترین منصوبہ ہے، اسکیم کی کامیابی کی دنیامعترف ہے، یہ منصوبہ دنیا کے ریکارڈ توڑےگا۔ اب وعدوں کا موسم گزر گیا وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے، جس کے پاس گھر نہیں اپلائی کریں انھیں 15 لاکھ روپے بلاسود قرض ملےگا۔ قرض کی واپسی کی شرح 97.6 فیصدتک پہنچ گئی ہے، 312 ارب  روپے نئےگھروں کی تعمیر پر خرچ ہو رہے ہیں۔

  8. جماعتِ اسلامی کا حکومت سے معاہدے پر اتفاق ہوگیا؛ 'مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے'

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے آج ہونے والی ملاقات میں حکومت کے ساتھ ریلیف پیکیج اور پیٹرولیم لیوی سمیت مختلف معاملات پر اتفاق ہوا ہے، تاہم جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹی۔

    وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے بہترین کام کیا ہے۔ حکومت کے اعلان کردہ ریلیف پیکیج سے اب تک 2 کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں اور لوگوں کو بہتر انداز میں ریلیف مل رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ریلیف بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، جب کہ 1600 سی سی تک کی گاڑیوں کے سرکاری استعمال سے متعلق بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کے مطابق ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں اور کاشت کاروں کو ٹریکٹرز کے حوالے سے بھی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ پیٹرولیم لیوی کم کرنے کے معاملے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معاہدے میں آئی پی پیز کا معاملہ بھی شامل کرایا گیا ہے۔گزشتہ دو سال کے دوران بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ معاہدے پر اتفاق کے باوجود جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوئی۔ معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے مذاکراتی کمیٹیاں موجود رہیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گندم، چینی اور گیس کے مسائل پر بھی آواز اٹھائے گی اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے خاتمے کا مطالبہ کرتی رہے گی۔

    امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ ہوگا، جس میں وہ جماعت اسلامی کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گھر بیٹھنے والی نہیں، ایک ریلیف حاصل کرنے کے بعد دوسرے ریلیف کے لیے بھی سڑکوں پر نکلے گی۔

    حافظ نعیم الرحمان نے بلوچستان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق فراہم کریں۔

  9. پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات، حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچ گیا

    جماعت اسلامی کا وفد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وزیراعظم ہاؤس پہنچ گیا، جہاں وفد نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے معاملے پر بات چیت کی۔

    وفد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور عنایت اللہ خان بھی شامل ہیں۔

    وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اب تک پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات بہتر سمت میں آگے بڑھے ہیں۔ امید ہے آج قوم کو خوشخبری ملے گی کیونکہ حکومت نے یہی وعدہ کیا تھا۔

    اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی وزیراعظم ریلیف پروگرام میں توسیع دلانے کی کوشش کرے گی۔

مزید خبریں