وہ ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ طالبات کو ایک چھت تلے دیکھنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ساڈھیاں دھیاں ساڈا مان نے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کی کامیابی میں والدین کی قربانیاں اور اساتذہ کی محنت شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بیٹیاں کسی سے کم نہیں اور وہ ڈاکٹر، انجینئر اور آئی ٹی ماہرین سمیت ہر شعبے میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔ خواتین یونیورسٹیاں اور کالج چلا سکتی ہیں، پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور افواج پاکستان میں خدمات انجام دے سکتی ہیں، جہاز اڑا سکتی ہیں اور ملک و صوبے کی قیادت بھی کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 51 فیصد آبادی کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ذہن کھلے رکھیں، خود کو کبھی کمتر نہ سمجھیں اور معاشرتی دباؤ کا مقابلہ کریں۔ کسی کو یہ حق نہ دیں کہ وہ خواتین کا کردار متعین کرے۔
مریم نواز نے کہا کہ اچھا استاد کتاب پڑھاتا ہے جبکہ عظیم استاد ذہن کھولتا ہے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو اب عملی میدان میں بھی آنا چاہیے اور اپنے والدین کی قربانیوں کا صلہ محنت اور کامیابی سے دینا چاہیے۔
اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق دور حکومت میں جیل کے دوران انہیں بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مشکلات نے ان کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی قیادت سے متعلق خوف اور خدشات ختم کرنے کی ضرورت ہے اور ان کی ذمہ داری بچیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
تعلیمی سہولتوں سے متعلق مریم نواز نے بتایا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کی 1600 طالبات ہونہار اسکالرشپ حاصل کر چکی ہیں جبکہ 750 طالبات کو لیپ ٹاپ دیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق ہونہار اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 60 فیصد لڑکیاں ہیں اور اسکالرشپ کے لیے طالبات کی درخواستیں بھی زیادہ موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کسی بچی کو تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور حکومت تعلیمی وسائل طالبات تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب حکومت ایک لاکھ گوگل فری سرٹیفکیٹس فراہم کر رہی ہے جبکہ طالبات کو اسکوٹیز دینے کا سلسلہ دسمبر سے شروع ہوگا۔ خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ کاروبار شروع کرنے کی خواہش مند خواتین اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں۔
خواتین کے تحفظ پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں کسی ماں، بہن یا بیٹی کے ساتھ ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومت نے ویمن سیفٹی ایپ اور بٹن پینک متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور ہراسانی یا خطرے کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دیں۔
انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کا ساتھ دیں اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تعاون کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں وائس چانسلرز اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تقرریاں میرٹ پر یقینی بنائی گئی ہیں۔ ان کے مطابق پہلی مرتبہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں خاتون وائس چانسلر تعینات کی گئی ہیں اور حکومت نے اعلیٰ سطح پر سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا ہے۔
جنوبی پنجاب کی ترقی سے متعلق وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین برس کے دوران اس خطے میں اتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں جتنے گزشتہ 80 برس میں نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی طرح ملتان، لیہ، خانیوال اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ترقی کا سفر جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کانووکیشن میں وزیراعلیٰ کی آمد پر طالبات نے ان کا استقبال کیا اور خطاب کے دوران تالیاں بجا کر خیرمقدم کیا۔







