27 نومبر کو جاری ہونے والی دونوں اداروں کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق سوڈان، جنوبی سوڈان، صومالیہ، نائجیریا کے بعض علاقے اور یمن بھوک کے شدید ترین خطرات سے دوچار ہیں۔ افغانستان، جمہوریہ کانگو، ہیٹی اور فلسطین کو بھی انتہائی تشویشناک صورتحال والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگی تنازعات، لوگوں کی نقل مکانی، موسمیاتی تبدیلی، فصلوں کی تباہی اور انسانی امداد کے لیے مالی وسائل کی کمی غذائی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے اداروں کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث جنوبی افریقا اور وسطی امریکا کے خشک راہداری والے علاقوں میں بھی غذائی عدم تحفظ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ موسمیاتی رجحان ال نینو نے ان علاقوں میں خشک سالی کے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ زمبابوے میں 30 لاکھ، ملاوی میں 26 لاکھ اور موزمبیق میں 18 لاکھ افراد کو آئندہ مہینوں میں شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایف اے او اور ڈبلیو ایف پی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھوک اور قحط کے خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر انسانی امداد اور زرعی معاونت فراہم کی جائے۔