لائیو

پاکستان کا 79واں یومِ آزادی؛ 'ذہنی غلاموں نے ملکی اقتدار پر قبضہ کرلیا'

مادھو لعل حسین چانڈیو
Independence Day Celebrations13 اگست، 2026

پاکستان میں 79واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور گلی محلوں، چوکوں اور گھروں میں قومی پرچموں اور جھنڈیوں کی بہار ہے، جب کہ شہریوں کی جانب سے جشنِ آزادی کی تقریبات اور مبارکبادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات اور جشن کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔ لاہور کے لبرٹی چوک میں پنجاب حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر جشنِ آزادی کی تقریب کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں قومی پرچم، سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سیاستدانوں اور دیگر شخصیات کی جانب سے قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، پاکستان کا قیام اللہ تعالیٰ کا عظیم معجزہ اور برصغیر کے مسلمانوں سمیت عالم اسلام کے لیے انعام ہے۔

اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے ایک مسلم ریاست کے قیام کا خواب دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اس خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد مسلمانوں کو انگریز کی غلامی اور ہندوؤں کی بالادستی سے نکال کر ایسی آزاد اور خودمختار مملکت قائم کرنا تھا جہاں مسلمان اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لیے قوم نے اجتماعی جدوجہد کی اور لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں، تاہم ہم نے اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ کے اس احسان اور انعام کی قدر نہیں کی اور ملک میں اس نظام کو نافذ نہیں کرسکے جس کا قیام پاکستان کے وقت وعدہ کیا گیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انگریز تو چلا گیا لیکن اس کے ذہنی غلاموں نے ملکی اقتدار پر قبضہ کرلیا۔ آج بھی وہی نظام مسلط ہے جس سے آزادی حاصل کرنے کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا تھا۔

امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی آزادی اور خودمختاری آئی ایم ایف کے ہاتھ گروی رکھ دی گئی ہے جبکہ ملک پر مسلط حکمران قومی مفاد اور وقار کے برخلاف امریکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ ملک پر اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی، جاگیرداروں اور وڈیروں کا قبضہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان بھاری قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، اس کے باوجود عام آدمی تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اور بڑی تعداد میں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

تازہ اپڈیٹس

  1. ایرانی صدر کا پاکستان کے یومِ آزادی پر پیغام؛ 'ہمارے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے زیادہ جڑی ہیں'

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔

    اپنے تہنیتی پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کی عظیم قوم کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ آزادی ایک قیمتی موقع ہے۔

    مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ایک نیا موڑ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے اور باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک کی موجود وسیع صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے کو تیار ہے۔

    ایرانی صدر کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔

    مسعود پزشکیان نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کے مزید مضبوط اور مستحکم ہونے کی دعا بھی کی۔

  2. روسی صدر کا یومِ آزادی پر تہنیتی پیغام، پاکستانی قیادت اور قوم کو مبارکباد

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام ارسال کیا ہ

    اپنے پیغام میں روسی صدر نے پاکستانی قیادت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مربوط انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی اور انسانی ہمدردی سمیت مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری ہے۔

    روسی صدر کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی باہمی تعاون جاری ہے، جب کہ دونوں ممالک کی شراکت داری خطے میں استحکام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

    ولادیمیر پیوٹن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ روس اور پاکستان اپنے عوام کے باہمی مفاد میں دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون طویل مدتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

  3. امریکا کی پاکستان کے یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

    اپنے تہنیتی پیغام میں مارکو روبیو نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان علاقائی ثالثی، معدنیات، توانائی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔

    ان کے مطابق دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے عوام کو حقیقی فوائد حاصل ہو رہے ہیں اور امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک ثقافتی ورثے کے تحفظ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

    دریں اثنا امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بھی پاکستان کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ نیٹلی بیکر اور امریکی سفارتی مشن کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

    نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان کے ابتدائی حامی ممالک میں شامل ہونے پر امریکا کو فخر ہے، جب کہ گزشتہ 80 برس کے دوران پاک امریکا دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے۔

  4. صدرمملکت اور وزیراعظم نے اسلام آباد میں یادگار فتح کا افتتاح کردیا

    صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں قائم یادگارِ فتح کا افتتاح کردیا۔

    افتتاحی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں مسلح افواج کے علاوہ سول آرمڈ فورسز، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دستوں نے بھی شرکت کی، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستے بھی تقریب کا حصہ تھے۔

    سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور مختلف ممالک کے سفارت کار بھی یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔

  5. پانی کی ایک ایک بوند ہماری ’ریڈ لائن‘ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے، ہم جنگ نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں، تاہم بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔

    اسلام آباد میں معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں قائم یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ قائداعظم نے قوم کو غلامی کے اندھیروں سے نکال کر آزادی دلائی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پر پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اس کامیابی سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے۔ بھارت کو خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ راہِ راست پر نہ آیا تو پاکستان اسے براہِ راست جواب دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا بلکہ امن کا خواہاں ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی اور کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔

    انہوں نے ترکیہ کے مکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے۔ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق اور کشمیریوں کے حق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

    افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

    انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بروقت جنگ بندی کروا کر لاکھوں جانیں بچائیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

  6. پاکستان کا 79واں یومِ آزادی، ملک بھر میں جشن کا آغاز

    پاکستان کا 79واں جشنِ آزادی قوم کو مبارک ہو، ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا اور رات 12 بجتے ہی مختلف شہروں میں جشن کا سماں بندھ گیا۔

    کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری و نجی عمارتوں، گھروں، بازاروں اور شاہراہوں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا۔

    رات 12 بجتے ہی شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، مختلف مقامات پر چراغاں اور آتش بازی کی گئی جبکہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

    ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا، جبکہ اہم شاہراہوں اور بازاروں میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے۔

مزید خبریں