برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس کے مطابق یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے سکاٹ بیسنٹ کے گھر کی ایک تصویر شائع کی۔
سکاٹ بیسنٹ ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے اور اس کی معیشت کو دباؤ میں لانے کے لیے وسیع تر اقدامات میں پیش پیش رہے ہیں۔
بیسنٹ کو ملنے والی دھمکیوں کی نوعیت واضح نہیں ہے، تاہم امریکی انٹیلی جنس حکام خبردار کر چکے ہیں کہ ایران نے امریکی شہریوں، بشمول سرکاری عہدیداروں، کو نشانہ بنانے کی کوششیں نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں۔
سی بی ایس کو ایک ذریعے نے بتایا کہ وال اسٹریٹ جرنل میں ایک مضمون شائع ہونے کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔ اس مضمون میں آن لائن دستیاب ایسی تصویر شامل تھی، جس کی مدد سے وزیرِ خزانہ کے جارج ٹاؤن میں واقع گھر کا مقام معلوم کیا جا سکتا تھا۔
جارج ٹاؤن واشنگٹن کا ایک خوشحال علاقہ ہے، جہاں کئی سرکاری عہدیدار اور معروف شخصیات رہائش پذیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث حکام نے بیسنٹ کو علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
امریکی محکمۂ خزانہ کے ترجمان نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ ’بیسنٹ دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور ایران کی معیشت پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کے لیے پُرعزم رہیں گے۔ بی بی سی نے اس معاملے پر وائٹ ہاؤس سے بھی تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے ممکنہ اہداف کی فہرست میں سابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مارک ملی بھی شامل ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ سال اقتدار میں واپسی کے کچھ ہی عرصے بعد مارک ملی اور جان بولٹن کی سکیورٹی ٹیمیں واپس لے لی گئی تھیں۔
سکاٹ بیسنٹ امریکی حکومت کے ان کئی عہدیداروں میں شامل ہیں جو فوجی اڈوں پر رہائش پذیر ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف اسٹاف سٹیفن ملر کو بھی 2025 کے اواخر میں ایک فوجی اڈے پر منتقل کیا گیا تھا، اس وقت ایران کے ساتھ تنازع شروع نہیں ہوا تھا۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی فوجی اڈوں پر رہتے ہیں۔ ان سے پہلے سابق اٹارنی جنرل پام بونڈی اور سابق انٹیلی جنس سربراہ تلسی گیبارڈ بھی وہاں مقیم رہ چکی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے فروری میں ایران کے خلاف فضائی حملے شروع کیے تھے، جن میں ایران کے رہنما ہلاک ہوئے۔ اس کے جواب میں تہران نے خطے میں امریکی اتحادیوں کو نشانہ بنایا اور آبنائے ہرمز کو عملاً بند کر دیا، جہاں سے معمول کے حالات میں دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور گیس گزرتی ہے۔







