وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں آئندہ حج کی تیاریوں، انتظامی امور اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیراعظم کو حج آپریشن کی ابتدائی تیاریوں، مختلف انتظامی مراحل اور سعودی حکام کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری دیگر منصوبوں اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حج انتظامات سے متعلق پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عازمینِ حج کے لیے رہائش، سفری سہولیات، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد سمیت تمام بنیادی سہولیات کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عازمین وطن سے حجاز مقدس روانگی سے لے کر حج کی ادائیگی اور واپسی تک کسی بھی مرحلے پر غیر ضروری مشکلات کا شکار نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ کام کرنے اور انتظامات میں کسی قسم کی تاخیر سے گریز کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ حج آپریشن سے متعلق تمام انتظامی اور آپریشنل معاملات کو بروقت حتمی شکل دی جائے تاکہ عازمینِ حج یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ مناسک ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حج ایک اہم مذہبی فریضہ ہے، اس لیے پاکستانی عازمین کی خدمت اور انہیں سہولت فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے اور ہدایت کی کہ حج کے دوران عازمین کو درپیش ممکنہ مسائل کی نشاندہی پہلے سے کی جائے اور ان کے حل کے لیے مؤثر لائحہ عمل تیار رکھا جائے۔

ملاقات میں سعودی عرب کے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطوں اور حج انتظامات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ حج آپریشن کو منظم، شفاف اور عازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت بخش بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔