وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق مثبت مؤقف کا خیرمقدم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنے ممالک بلکہ پورے خطے کے دفاع کو یقینی بنانے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے ان کی ’جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت‘ کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں جنوبی ایشیا کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت نے خطے میں ممکنہ جوہری تباہی کو روکنے اور لاکھوں انسانی جانوں کو بچانے میں مدد فراہم کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہے، کیونکہ دیرپا امن ہی عوام کے لیے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد فراہم کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں اتحاد اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی جانب ’بڑا، جرات مندانہ اور انتہائی اہم پہلا قدم‘ قرار دیا تھا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بیان میں کہا تھا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں

امریکی صدر کے مطابق یہ معاہدہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خطے کے ممالک باہمی اتحاد کو مضبوط بنا رہے ہیں اور مستقبل میں زیادہ مؤثر اور بامعنی انداز میں اپنے دفاع کی صلاحیت حاصل کرسکیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی قیادت کو معاہدے پر مبارکباد بھی دی اور اسے خطے میں دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان پہلے سے موجود قریبی برادرانہ اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

تینوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پہلے سے موجود ہے، جبکہ خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے باعث باہمی رابطہ کاری اور دفاعی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر خطے میں دفاعی تعاون، امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔