نندی پور پاور پروجیکٹ کا آغاز کیسے ہوا؟

نندی پور پاور پروجیکٹ کا آغاز جنوری 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانا تھا۔ ابتدائی طور پر اس کی پیداواری صلاحیت 425 میگاواٹ رکھی گئی تھی، جسے بعد میں بڑھا کر 525 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ منصوبے کا معاہدہ چینی کمپنی ڈونگ فانگ الیکٹرک کارپوریشن (ڈی ای سی) کے ساتھ طے پایا، جبکہ ابتدائی لاگت کا تخمینہ 22 ارب 90 کروڑ روپے، یعنی تقریباً 329 ملین ڈالر لگایا گیا تھا۔

اس وقت ملک میں بجلی کی شدید قلت تھی اور حکومت نے فوری طور پر بحران پر قابو پانے کے لیے رینٹل پاور منصوبوں کا سہارا لیا ہوا تھا۔ ان منصوبوں کے ذریعے مہنگے تیل سے بجلی پیدا کی جاتی، جسے حکومت بھاری قیمت پر خرید کر صارفین کو سبسڈی کے ساتھ فراہم کرتی تھی۔ ان منصوبوں کا ایک بڑا مسئلہ یہ بھی تھا کہ بجلی حاصل نہ کرنے کے باوجود حکومت کو طے شدہ ادائیگیاں کرنا پڑتی تھیں۔ ایسے میں ایک مستقل پاور پلانٹ کی ضرورت محسوس کی گئی، جو طویل مدت میں بجلی کی فراہمی میں مدد دے سکے۔

سیاسی اختلافات اور وزارتِ قانون میں پھنسی فائل

تاہم نندی پور منصوبہ ابتدا ہی سے سیاسی اور انتظامی تنازعات کا شکار ہوگیا۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا، لیکن وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ سیاسی اختلافات نے اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کردیں۔

منصوبے کا ٹھیکہ چینی کمپنی ڈونگ فانگ الیکٹرک کارپوریشن (ڈی ای سی) کو دیا گیا، تاہم اس کمپنی کو پاکستان میں پہلے ہی بلیک لسٹ کیا جا چکا تھا۔ اس کے باوجود اسے منصوبے کا ٹھیکہ دینے پر سوالات اٹھنے لگے۔ وزارتِ پانی و بجلی اور وزارتِ قانون کے درمیان بھی معاہدے کی منظوری پر اختلافات پیدا ہوگئے۔ وزارتِ قانون کا مؤقف تھا کہ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے عمل میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

پیپرا کے قواعد سرکاری منصوبوں میں خریداری کے عمل کو شفاف بنانے اور ٹھیکوں کی تقسیم میں قانونی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ وزارتِ قانون کے اعتراضات کے باعث منصوبے کی منظوری اور پیش رفت کا معاملہ تقریباً دو سال تک تعطل کا شکار رہا۔

اس دوران منصوبے کی مشینری کراچی بندرگاہ پر پڑی رہی اور تقریباً 85 ملین ڈالر مالیت کا سامان کھلے آسمان تلے زنگ آلود ہوتا رہا۔ بالآخر ستمبر 2012 میں چینی کمپنی ڈونگ فانگ نے معاہدہ منسوخ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تاخیر کے باعث اسے 85 ملین ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔

نواز شریف حکومت میں منصوبے کی بحالی

2013 میں نواز شریف کے اقتدار میں آنے کے بعد منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی گئی۔ حکومت نے چینی کمپنی سے مذاکرات کیے، جس کے بعد کمپنی دوبارہ کام کرنے پر رضامند ہوگئی۔ تاہم منصوبے کی راہ میں ایک اور بڑی رکاوٹ وزارتِ قانون میں پھنسی ہوئی فائل تھی۔ خودمختار ضمانت (سوورین گارنٹی) سے متعلق یہ فائل تقریباً 3 سال اور 3 ماہ تک وزارتِ قانون میں زیرِ التوا رہی۔

اس دوران مشینری بندرگاہ پر پڑی رہی اور اس پر ڈیمرج سمیت دیگر جرمانے اور اضافی اخراجات بڑھتے گئے۔ چینی ماہرین نے جولائی 2013 میں کراچی پہنچ کر مشینری کا معائنہ بھی کیا۔ تاخیر اور اضافی اخراجات کے باعث منصوبے کی لاگت 27 ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً 57 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

جلد افتتاح، ناقص ایندھن اور پاور پلانٹ کی بندش

بالآخر مئی 2014 میں حکومت نے منصوبے کی تکمیل اور افتتاح کا اعلان کردیا۔ تاہم جلد نتائج حاصل کرنے کی سیاسی خواہش میں ایک اہم تکنیکی تقاضے کو نظرانداز کردیا گیا۔ پاور پلانٹ کے لیے ضروری فیول ٹریٹمنٹ پلانٹ ابھی مکمل نہیں ہوا تھا، جس کے باوجود بجلی پیدا کرنے کے لیے خام فرنس آئل ٹربائنز میں استعمال کیا گیا۔

خام تیل میں موجود کاربن اور دیگر اجزا ٹربائنز میں جمع ہونے لگے، جس سے مشینری کو نقصان پہنچا اور پاور پلانٹ ٹرپ ہوگیا۔ افتتاح کے تقریباً 100 گھنٹے بعد ہی منصوبہ بند پڑا تھا۔ یوں اربوں روپے خرچ کرکے تیار کیا گیا پاور پلانٹ اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے میں ناکام رہا اور ابتدائی طور پر صرف 95 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکا۔

عدالتی تحقیقات اور اربوں روپے کے نقصان کا انکشاف

نندی پور منصوبے کی ناکامی پر تحقیقات کا آغاز ہوا۔ جسٹس ریٹائرڈ رحمت حسین جعفری کی سربراہی میں قائم عدالتی کمیشن کی رپورٹ میں وزارتِ قانون کی جانب سے فائل روکنے کے معاملے کو محض غفلت کے بجائے مجرمانہ نوعیت کی کوتاہی قرار دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے میں تاخیر کے باعث براہِ راست اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے کو 113 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

نواز شریف کی ہدایت پر منصوبے کا بین الاقوامی آڈٹ بھی کرایا گیا، جبکہ آڈیٹر جنرل پاکستان نے بھی اس کا جائزہ لیا۔ آڈٹ رپورٹس میں منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری اور کم معیار کے فرنس آئل اور خام تیل کے استعمال سمیت مختلف بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔

ریکارڈ روم میں آگ اور نیب کے مقدمات

اسی دوران 2016 میں پاور پلانٹ کے ریکارڈ روم میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کمپیوٹرز اور بیک اپ ریکارڈ ضائع ہوگیا۔ اس واقعے کے مقدمے میں صرف دو سکیورٹی گارڈز کو نامزد کیا گیا۔ گارڈز نے مؤقف اختیار کیا کہ آگ لگانے کا حکم چیف سکیورٹی افسر نے دیا تھا، جسے بعد میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے منصوبے میں مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان سمیت دیگر افراد کے خلاف ریفرنسز دائر کیے۔ یہ مقدمات کئی سال تک عدالتوں میں زیرِ سماعت رہے، تاہم قانونی پیچیدگیوں اور قوانین میں ترامیم کے باعث ملزمان بالآخر بری ہوگئے۔

آج نندی پور پاور پلانٹ کی کیا صورتحال ہے؟

بعد ازاں نندی پور پاور پلانٹ کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) پر منتقل کردیا گیا، لیکن اس کے باوجود یہ مسلسل بجلی پیدا کرنے میں ناکام رہا۔ بجلی کی پیداوار کے مہنگے اخراجات اور میرٹ آرڈر میں پیچھے ہونے کے باعث پلانٹ زیادہ تر بند یا اسٹینڈ بائی پر رہتا ہے۔ حکومت نے اس منصوبے کو فروخت کرنے کی کوشش بھی کی، لیکن کوئی خریدار سامنے نہ آیا۔

یوں ایک ایسا منصوبہ جسے ملک میں بجلی کے بحران کا حل قرار دیا گیا تھا، سیاسی اختلافات، بیوروکریسی کی نااہلی، تاخیر اور انتظامی فیصلوں کی بھینٹ چڑھ گیا۔ مختلف ادوار میں اس پر ہونے والے اخراجات، اضافی جرمانوں اور دیگر نقصانات کو ملا کر مجموعی رقم تقریباً 140 سے 150 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، لیکن آج بھی یہ منصوبہ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر رہا۔ سوال یہ ہے کہ اس ناکامی کی قیمت آخر کب تک عوام اپنے ٹیکسوں کے پیسوں سے ادا کرتے رہیں گے؟