اینوڈیا کے شریک بانی اور تقریباً 3.61 فیصد حصص کے ساتھ کمپنی کے چوتھے بڑے سرمایہ کار جینسن ہوانگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بھی الگ ہو جائیں گے۔ 

63 سالہ جینسن ہوانگ پر حالیہ دنوں میں ان رپورٹس کے بعد دباؤ مسلسل بڑھ رہا تھا جن میں انکشاف ہوا تھا کہ ان کے ایک ایسی چینی کاروباری خاتون کے ساتھ تعلقات تھے جس پر امریکی حکام کو چین کے لیے جاسوسی کرنے کا شبہ ہے۔ 

ان کے جانے سے امریکی چپ برآمدی پالیسی پر بھی دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ جینسن ہوانگ چینی مارکیٹ تک رسائی برقرار رکھنے کے حامی تھے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات بھی رہے ہیں۔

برسوں تک اینوڈیا کو محض اعلیٰ درجے کے گرافکس کے شوقین گیمرز کے لیے جانا جاتا تھا، تاہم اس کی چپس کی بیک وقت بے شمار حساب کتاب کرنے کی صلاحیت نے انہیں مصنوعی ذہانت کی دوڑ کا ’ایندھن‘ اور ٹیکنالوجی پر غلبہ پانے کی امریکا و چین کی کشمکش کا ایک اسٹریٹجک ہدف بنا دیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں اینوڈیا کے بورڈ نے بیرونی قانونی مشیروں کے ساتھ آزاد ڈائریکٹرز کی قیادت میں اس بات کی تحقیقات شروع کی تھیں کہ آیا جینسن ہوانگ کسی غیر ملکی انٹیلی جنس آپریشن کا نشانہ بنے تھے یا نہیں تاہم اس وقت بورڈ نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ 

یہ تنازع بدھ کے روز اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب امریکی اخبار  نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ جینسن ہوانگ کے اینوڈیا کی ہیلتھ کیئر کی نائب صدر کمبرلی پاول کے ساتھ بھی تعلقات تھے جو براہِ راست ان کے ماتحت کام کرتی تھیں۔