یہ تبدیلی کمپنی کے شریک بانی اور طویل عرصے تک سی ای او رہنے والے جینسن ہوانگ کی علیحدگی کے بعد سامنے آئی ہے۔ عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اینویڈیا کے بورڈ نے ہوانگ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد کریس کو عبوری سربراہ مقرر کیا ہے، جب کہ کمپنی مستقل سی ای او کی تلاش کر رہی ہے۔
ہوانگ کی علیحدگی سے متعلق یہ پیش رفت ان کے نجی تعلقات کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کے بعد ہوئی، جن میں ایک خاتون کے بارے میں چین کے لیے جاسوسی کے شبہے کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔
2013 سے اینویڈیا کے مالی معاملات کی ذمہ دار
کولیٹ کریس ستمبر 2013 میں اینویڈیا میں ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف فنانشل آفیسر کے طور پر شامل ہوئیں۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل اسی عہدے پر کام کر رہی ہیں۔ کمپنی کی سہ ماہی مالیاتی بریفنگز میں بھی وہ جینسن ہوانگ کے ساتھ شریک ہوتی رہی ہیں۔
ان کے اینویڈیا میں شمولیت کے وقت کمپنی کی سالانہ آمدن تقریباً 4.13 ارب ڈالر تھی، جو مالی سال 2026 میں بڑھ کر 215.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس عرصے میں اینویڈیا نے گیمنگ گرافکس چپس بنانے والی کمپنی سے آگے بڑھ کر مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز کے لیے جدید پروسیسرز فراہم کرنے والی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کی حیثیت اختیار کی۔
اینویڈیا سے پہلے کہاں کام کیا؟
کولیٹ کریس کا پیشہ ورانہ تجربہ صرف اینویڈیا تک محدود نہیں۔ وہ تقریباً 25 برس تک بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں مالیاتی شعبوں سے وابستہ رہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا ابتدائی حصہ ٹیکنالوجی کمپنی ٹیکساس انسٹرومنٹس میں گزارا، جہاں وہ آٹھ سال تک مختلف مالیاتی عہدوں پر کام کرتی رہیں۔
اس کے بعد 1997 میں مائیکروسافٹ سے وابستہ ہوئیں اور 2010 تک وہاں مختلف ذمہ داریاں انجام دیں۔ 2006 میں انہیں مائیکروسافٹ کے سرور اینڈ ٹولز ڈویژن کی چیف فنانشل آفیسر مقرر کیا گیا، جہاں وہ مالیاتی حکمت عملی، منصوبہ بندی اور رپورٹنگ کی ذمہ دار تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی کمپنی اینوڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے استعفیٰ دے دیا
2010 میں انہوں نے سسکو میں شمولیت اختیار کی، جہاں وہ سینئر نائب صدر اور مالیاتی امور کی سربراہ رہیں۔ تین سال بعد وہ اینویڈیا پہنچیں اور اس کے مالیاتی شعبے کی قیادت سنبھال لی۔
تعلیم اور پیشہ ورانہ پس منظر
کولیٹ کریس نے یونیورسٹی آف ایریزونا سے فنانس میں بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی، جب کہ سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی سے ماسٹرز اِن بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کیا۔
ان کی تعلیم اور تقریباً 25 سالہ پیشہ ورانہ تجربے میں مالیاتی منصوبہ بندی، کاروباری حکمت عملی، رپورٹنگ اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مالی معاملات کا انتظام شامل ہے۔
کتنی دولت کی مالک ہیں؟
امریکی جریدے فوربز کی 2026 کی فہرست کے مطابق کولیٹ کریس امریکا کی امیر ترین خودساختہ خواتین میں 32ویں نمبر پر ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز مارکیٹ بند ہونے تک اینویڈیا میں ان کے حصص کی مالیت تقریباً 75 کروڑ ڈالر تھی، جو گزشتہ ماہ کمپنی کے حصص کی بلند ترین قیمت کے وقت ایک ارب ڈالر سے زیادہ تھی۔
ان کی آمدن میں کمپنی کے حصص پر مبنی مراعات بھی شامل ہیں۔ ریگولیٹری دستاویزات کے مطابق مارچ 2026 میں انہیں دیے گئے حصص کی ایک گرانٹ چار سال کے عرصے میں مرحلہ وار ان کے نام منتقل ہوگی۔
اب سب سے بڑا امتحان کیا ہوگا؟
کولیٹ کریس کے لیے عبوری سی ای او کا عہدہ محض ایک نئی انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک ایسے وقت میں کمپنی کی قیادت سنبھالنے کا مرحلہ ہے جب اینویڈیا کی عالمی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس کی قیادت میں اچانک تبدیلی ہوئی ہے۔
اینویڈیا کے بورڈ کے مطابق مستقل سی ای او کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور اس عہدے کے لیے کمپنی کے اندر اور باہر دونوں جگہ امیدواروں پر غور کیا جائے گا۔ اس دوران کریس سی ای او اور سی ایف او دونوں ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
مزید پڑھیں: امریکی پابندیوں کے باوجود چینی یونیورسٹی نے اینویڈیا کے جدید ترین ایچ 200 چپس خریدے؛ رپورٹ
اینویڈیا کے پہلے باضابطہ بورڈ چیئرمین ہاروی جونز نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریس کمپنی کے کاروبار، صارفین، آپریشنز اور مالی پوزیشن کو گہرائی سے سمجھتی ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ جینسن ہوانگ کے 33 سالہ دور کے بعد کولیٹ کریس کمپنی کی قیادت کس طرح سنبھالتی ہیں اور کیا وہ اس کی مالیاتی ترقی کے ساتھ ساتھ اے آئی کی عالمی دوڑ میں اس کی موجودہ پوزیشن بھی برقرار رکھ پاتی ہیں۔








