وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں اور پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کیے بغیر ملکی ترقی کی رفتار تیز نہیں کی جاسکتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مختلف وزارتوں اور اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور بین الوزارتی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات آگے بڑھانے کی ہدایت کی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانے اور انہیں روزگار کی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں

انہوں نے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ وہ معاشی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرسکیں اور اپنے خاندانوں کے لیے بہتر معاشی مواقع پیدا کرسکیں

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے تمام علاقوں کے نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، تاہم بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنر کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے

شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پالیسی کے تحت ہونے والی پیشرفت، درپیش رکاوٹوں اور مطلوبہ اہداف کے حصول سے متعلق باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ضرورت کے مطابق بروقت اقدامات کیے جاسکیں

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی، جبکہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے ذریعے نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔