فیصل کریم کنڈی خیبرپختونخوا کا مثبت اور محبت کا پیغام لے کر لاہور پہنچے، جہاں ان کے ساتھ آنے والے بلدیاتی نمائندوں کا بھی پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا خیرمقدم اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ ماضی کی تلخیوں کو پیچھے چھوڑ کر باہمی اعتماد، تعاون اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، وہ خیبرپختونخوا کا ایک مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں کے عوام صوبے کی مہمان نوازی، صلاحیتوں اور ترقی کے امکانات سے واقف ہوں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور سے لاہور تک سڑک کے ذریعے سفر میں عموماً 6 سے 7 گھنٹے لگتے ہیں، تاہم فضائی رابطے کے ذریعے یہی فاصلہ تقریباً ایک گھنٹے میں طے کیا جاسکے گا۔ اس سہولت سے خاص طور پر پشتون کمیونٹی، کاروباری افراد، طلبا اور دیگر مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ اب لوگ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی آسانی سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرسکیں گے، جس سے خاندانوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے روابط میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اور لاہور کے درمیان فضائی رابطہ صرف مسافروں کی آمدورفت تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دونوں صوبوں کے کاروباری اور سماجی تعلقات کو بھی فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ کاروباری سرگرمیوں میں تیزی، سرمایہ کاری کے امکانات اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے لیے براہ راست رابطے انتہائی اہم ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرکے انہیں خیبرپختونخوا میں بھی متعارف کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں صوبوں کے کاروباری طبقوں اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ لاہور کی کاروباری برادری کو خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے اور وہاں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت بھی دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے اور معاشرے میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کا پیغام عام کیا جاسکتا ہے۔ ٹی20 کرکٹ کے ذریعے بھی دہشت گردی کے خلاف ایک مثبت پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تعلیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اس شعبے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور پنجاب کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر تعلیمی سہولتوں اور معیار کو بہتر بنانے کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے امید ظاہر کی کہ پشاور اور لاہور کے درمیان فضائی رابطے سے دونوں صوبوں کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے اور باہمی دوریاں کم ہوں گی۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات قومی یکجہتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور معاشی و سماجی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں