جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اسلام آباد کے علاقے ای الیون کے قریب سادہ لباس میں ملبوس افراد نے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو روکا۔ اس دوران چار سے پانچ افراد نے انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا لیا اور ان کا موبائل فون اور دیگر شناختی دستاویزات بھی قبضے میں لے لیں۔
اسلم غوری کے مطابق انہیں اور ان کے ایک ساتھی کو تقریباً ایک گھنٹے تک گاڑی میں شہر کی سڑکوں پر گھمایا گیا، جس کے بعد رہا کردیا گیا، تاہم نامعلوم افراد قاری افتخار کو اپنے ساتھ لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ افراد کس ادارے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں کس وجہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ قاری افتخار کے موجودہ مقام کے بارے میں بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ قاری افتخار جے یو آئی (ف) کے اسلام آباد کے نائب امیر ہونے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے اسلام آباد دفتر کے انچارج بھی ہیں۔
اس مبینہ واقعے پر متعلقہ حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے معاملے پر حکومت اور جے یو آئی (ف) کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی تجاویز سامنے آنے کے بعد جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے مطالبات تسلیم کرنے پر ابتدائی رضامندی کے باوجود حکومت مذاکرات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایمرجنسی نافذ کرنی ہی ہے تو وفاقی حکومت پر کی جائے، جسے انہوں نے غیر قانونی قرار دیا تھا۔
بعد ازاں یہ معاملہ قومی اسمبلی تک جا پہنچا، جہاں مولانا فضل الرحمٰن اور حکومتی وزراء کے درمیان لفظی جنگ میں شدت آگئی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت پر آئین کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا تھا۔
اس کے جواب میں وفاقی وزراء نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتیں بنانے اور گرانے میں اپنے کردار کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کرنے پر مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مذہبی و سیاسی رہنما اس بات پر ناراض ہیں کہ انہیں نئے صوبائی ڈھانچے میں کوئی کردار نہیں دیا گیا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے ایک وفد نے قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمٰن کی تقریر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور حکومتی اقدامات پر ان کی تنقید کے بعد حکومتی وزراء کی جانب سے ان کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مذمت کی۔







