جہلم میں طلبا میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہونہار طلبا کو اپنے آج کے ہیروز اور سپر ہیروز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبا نے اپنی محنت، لگن اور مسلسل کوششوں سے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ان کے خواب پورے ہوتے دیکھ کر والدین بھی بے حد خوش ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر والدین کی قربانیوں، محنت اور بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

مریم نواز نے بتایا کہ جہلم کی سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبا اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ 109 طلبا کو تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کی ہونہار اسکالرشپس فراہم کی گئیں، لیپ ٹاپ، تعلیمی معاونت اور اسکالرشپس طلبا کا حق ہیں، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کی محنت اور قابلیت کا اعتراف ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ مستحق اور باصلاحیت طلبا کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں تاکہ مالی مشکلات ان کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کی کامیابیوں اور خوشیوں میں شریک ہے اور وہ طلبا کی کامیابیوں کو ایک ماں کی طرح محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی تعلیمی شعبے میں کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم اور سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے کے تقریباً 50 ہزار سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے مستقبل کی فکر ہے اور حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، سرکاری اسکولوں کو اس سطح پر لایا جا رہا ہے کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کا مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے اٹک کے سرکاری نواز شریف اسکول کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہنگے نجی اسکولوں سے بھی بہتر معیار فراہم کر رہا ہے، جبکہ پنجاب کے 40 شہروں میں اسی طرز کے یکساں معیار کے نواز شریف اسکول قائم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے نوجوانوں کی تعلیم اور صلاحیتوں سے جڑا ہوتا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر بچے کو آگے بڑھنے کا موقع ملے اور نوجوان اپنی قابلیت کے ذریعے پاکستان اور اپنی سرزمین کا نام روشن کریں۔

ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ طلبا کو تعلیمی اداروں تک آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اسی لیے گرین بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے، طلبا اسکول، کالج اور یونیورسٹی جانے کے لیے ان بسوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ لاہور اور راولپنڈی کے بعد جہلم سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی گرین بس سروس کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ خوشاب، لیہ، بھکر، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے شہروں میں بھی لاہور اور راولپنڈی کی طرز پر گرین بسوں کے اسٹینڈز تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آسکے۔ حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ ترقی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہیں بلکہ دور دراز اور چھوٹے علاقوں کے شہری بھی ان سے مستفید ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم کے حوالے سے روایتی طریقہ کار تبدیل کیا گیا ہے اور تمام فنڈز بڑے شہروں پر خرچ کرنے کے بجائے دیگر اضلاع کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں مناسب حصہ دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق وہ ساہیوال، منڈی بہاؤالدین، اٹک اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں جاری ترقیاتی کاموں کا خود جائزہ لے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو برس کے دوران صوبے میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں اور سڑکوں کی تعمیر کے لیے لاہور کے مقابلے میں دیگر شہروں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔

صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جہلم میں دل کے مریضوں کی جدید تشخیص اور علاج کے لیے کارڈیک لیب قائم کی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے 25 شہروں میں دل کے امراض سے متعلق طبی سہولتیں فراہم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں کینسر اسپتال قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو علاج کی بہتر سہولتیں دستیاب ہوسکیں۔

تقریب کے دوران طالبات کے لیے اسکوٹی اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ طالبات کو سفری سہولت فراہم کرنا ان کی تعلیم اور خودمختاری کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے اسکوٹیز حاصل کرنے والی طالبات کو ہدایت کی کہ وہ دوران سفر اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور لازمی طور پر ہیلمٹ پہنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبات کو مکمل ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ محفوظ انداز میں اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بڑی تعداد میں اسکوٹیز کی تیاری کے باعث ان کی تقسیم میں تاخیر ہوئی، تاہم بہت جلد اسکوٹیز کی پہلی تقسیم کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے طالبات کو یاد دلایا کہ ان کے والدین نے انہیں بڑی محبت اور محنت سے پالا ہے، اس لیے انہیں اپنی جان اور سلامتی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

مریم نواز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن باتوں کے بجائے حقائق کو سمجھیں اور اپنی توجہ تعلیم، مہارت اور عملی کامیابیوں پر مرکوز رکھیں، وہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتے دیکھنا چاہتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستان کا پرچم ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کریں۔