اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ عالمی صورت حال میں بین الاقوامی سلامتی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ عالمی قوانین پر غیر منصفانہ اور دوہرے معیار کے تحت عمل درآمد سے عالمی سطح پر تفریق اور عدم اعتماد جنم لے رہا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل اور بین الاقوامی امن کے قیام کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے مکہ معاہدے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش ہے اور اسے کسی ملک کے خلاف اقدام کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے، پاکستان خطے میں ایسا ماحول چاہتا ہے جہاں تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام ہو، باہمی اعتماد کو فروغ ملے اور کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کی جائے۔ پاکستان اس مقصد کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات اور علاقائی تعاون کا حامی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورت حال میں پاکستان اپنے دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا سمیت دیگر اہم ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دیا جائے۔ پاکستان اپنی قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط، بین الاقوامی تعاون اور معاشی ترقی کے مواقع کو بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترجیحات میں دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ، قومی سلامتی کا تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی شامل ہے۔ حکومت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
اسحاق ڈار نے سرمایہ کاری کے حوالے سے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے مضبوط ادارے، تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت، پالیسیوں میں تسلسل اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ بھی عالمی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مؤثر حصہ ڈال سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان تعاون، مکالمے اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔ پاکستان دفاعی ضروریات اور قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ خطے میں پُرامن تعلقات، معاشی روابط اور سفارتی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔







