وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات پر بزدلانہ حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جس پر پاکستان کو گہری تشویش ہے اور وہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسے حملوں کو خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ سمجھتا ہے، بے گناہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور اس طرح کے اقدامات سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے احترام اور تحفظ کے لیے اپنی مستقل حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں، جبکہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی مسلسل زور دیتے رہے ہیں۔