جمعے کے روز بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونا اور چاندی سستے ہوگئے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 24 ہزار 536 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام 24 قیراط سونا 6 ہزار 1 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 63 ہزار 971 روپے کا ہوگیا، جب کہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت میں 5 ہزار 501 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 33 ہزار 652 روپے ریکارڈ کی گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 70 ڈالر فی اونس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونے کی نئی عالمی قیمت 4 ہزار 20 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔

سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 221 روپے کم ہوکر 5 ہزار 865 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 189 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 28 روپے پر آگئی۔

اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی 2.21 ڈالر کم ہوکر 53.87 ڈالر ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 31 ہزار 536 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 972 روپے ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورت حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔