کاواساکی جوکو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی کوریا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے کوارٹر میں برتری حاصل کرلی۔ کوریا کے لی گینگ سان نے 12ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔

پاکستان نے دوسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ عبدالرحمان نے 30ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1-1 کردیا۔ ہاف ٹائم تک دونوں ٹیموں کی جانب سے مزید کوئی گول نہ ہوسکا اور مقابلہ برابر رہا۔

تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کرلی۔ پارک چیولین نے 36ویں منٹ کے قریب گول کرکے کوریا کو 2-1 سے آگے کردیا، تاہم پاکستان نے ہمت نہ ہاری اور 45ویں منٹ میں غضنفر علی کے گول کی بدولت اسکور ایک مرتبہ پھر 2-2 سے برابر کردیا۔

آخری کوارٹر میں گرین شرٹس نے کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ رانا وحید نے 52ویں اور 54ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے پاکستان کو 4-2 کی فیصلہ کن برتری دلادی۔

جنوبی کوریا نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی اور خسارہ کم کرتے ہوئے اسکور 4-3 کیا، تاہم پاکستان نے دفاعی دباؤ برقرار رکھا۔ میچ کے آخری منٹ میں حنان شاہد نے گول کرکے پاکستان کی برتری 5-3 کردی اور ٹیم کی کامیابی یقینی بنادی۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے دو گول کیے، جبکہ عبدالرحمان، غضنفر علی اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز ہاکی میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔