پینٹاگون میں پریس کانفرنس کے دوران پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ مواخذے کی یہ کوشش ایک بے بنیاد سیاسی اقدام ہے۔ یہ امریکا کے دشمنوں کے سامنے ملک کی پوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیر کے روز ایران کے ساتھ جنگ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کیے گئے دیگر فوجی اقدامات کے معاملے پر ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد دوبارہ پیش کی ہے۔

ہیگسیتھ نے اس اقدام کا موازنہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے صدارتی دور میں ان کے خلاف مواخذے کی دو ناکام کوششوں سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں مرتبہ مواخذے کی کوشش ناکام ہوئی اور ٹرمپ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئے۔ اب تیسری مرتبہ صدر کے کابینہ رکن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم یہ کوشش بھی ناکام ہوگی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر ہیگسیتھ کی حمایت کرتے ہوئے ان کے مؤقف کو سراہا اور تھامس میسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ہیگسیتھ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ میں امریکی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے اسے اپنی وزارت کی کامیابیوں میں شمار کیا۔

این بی سی نیوز کے مطابق یہ تنازع نویں ماہ میں داخل ہو چکا ہے، امریکی اسلحے کے ذخائر میں کمی کی اطلاعات ہیں اور جنگ کے اخراجات 100 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر امریکا نے برطانیہ کے آر اے ایف ملڈن ہال ایئربیس سے بھی بعض فوجی طیارے منتقل کیے ہیں۔ امریکی حکام نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

ہیگسیتھ نے ایران جنگ کے علاوہ لاطینی امریکا میں مبینہ منشیات اسمگلنگ کرنے والی کشتیوں کے خلاف کارروائیوں اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے لیے امریکی فوج کی خفیہ کارروائی کو بھی اپنی وزارت کے اقدامات میں شامل کیا۔

این بی سی نیوز کے مطابق کانگریس کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹ ارکان ایران جنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور پینٹاگون کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ دفاع کا بجٹ بھی تاحال کانگریس سے منظور نہیں ہو سکا۔

تھامس میسی نے ہیگسیتھ پر آٹھ الزامات عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے ایران کے خلاف ایسی جنگ شروع کی جس کے لیے نہ کانگریس سے جنگ کا باضابطہ اعلان کیا گیا، نہ قانونی اجازت حاصل کی گئی اور نہ ہی امریکا کو کوئی فوری خطرہ درپیش تھا۔

میسی نے مواخذے کی قرارداد ایوان کے قواعد کے تحت خصوصی حیثیت میں پیش کی ہے، جس کے باعث ایوانِ نمائندگان کی قیادت کو دو قانون ساز ایام کے اندر اسے ووٹنگ کے لیے پیش کرنا ہوگا۔

قرارداد کی منظوری کے لیے ایوان میں سادہ اکثریت درکار ہے۔ اگر قرارداد منظور ہو جاتی ہے تو اسے سینیٹ بھیجا جائے گا، جہاں ہیگسیتھ کو عہدے سے ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ ہوگا۔ تاہم ریپبلکن ارکان قرارداد کو مسترد کرنے کی تحریک بھی پیش کر سکتے ہیں۔

ہیگسیتھ نے مواخذے کی کوشش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ حب الوطنی نہیں بلکہ تخریب کاری ہے۔