Follw Us on:

چیمپئنز ٹرافی کے بعد کبڈی ورلڈکپ، پاکستان کتنا تیار ہے؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
ٹورنامنٹ کا آغاز 17 مارچ کو میزبان انگلینڈ کی ٹیم کیمرون سے ہوگا۔ (فوٹو: گوگل)

انگلستان کبڈی ورلڈ کپ 2025 کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور یہ ایونٹ پہلی بار ایشیا سے باہر منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں مردوں کے مقابلے کے لیے 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جب کہ خواتین کے مقابلے کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مردوں اور خواتین کے کبڈی ورلڈ کپ 2025 کی میزبانی انگلستان کو دی گئی ہے۔ ہفتے تک جاری رہنے والا یہ ٹورنامنٹ ویسٹ مڈلینڈز کے علاقے میں مارچ میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا سے باہر پہلی بار منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت اور میزبان انگلستان  سمیت سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

میچز 17 سے 23 مارچ تک برمنگھم، والسال، کوونٹری اور ولور ہیمپٹن کے چار مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں ایشیا، افریقہ، امریکہ اور یورپ سے کبڈی کھیلنے والے ممالک حصہ لیں گے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 60 سے زائد میچز کھیلے جائیں گے۔

مردوں کے مقابلے میں پاکستان کبڈی ٹیم کو تائیوان، اٹلی اور کینیا کے ساتھ ‘گروپ ڈی’میں رکھا گیا ہے۔ میزبان انگلینڈ ‘گروپ اے’ میں ملائیشیا، پولینڈ اور کیمرون کے ساتھ ہے۔ سری لنکا، ہانگ کانگ، اسکاٹ لینڈ اور مصر کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، جب کہ سابق عالمی چیمپئن بھارت کو ‘گروپ سی’ میں چین، امریکا اور تنزانیہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: گلی کوچوں سے عالمی کپ تک، انوکھے نام والا دلچسپ کھیل ‘کھو کھو’ دنیا بھر میں مشہور

خواتین کے مقابلے کے لیے انگلینڈ، ہانگ کانگ، پولینڈ اور تنزانیہ “گروپ اے” میں ہیں، جب کہ انڈیا، مصر، اسکاٹ لینڈ اور کینیا “گروپ بی” میں ہیں۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز 17 مارچ کو میزبان انگلینڈ کی ٹیم کیمرون سے ہوگا۔ اس سے قبل ایک مختصر افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

قومی ٹیم  ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 18 مارچ کو کینیا کے خلاف کھیلے گی۔ 19 مارچ کو ٹیمیں گروپ مرحلے کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوونٹری جائیں گی، جہاں کوونٹری ایرینا میں پاکستان کا مقابلہ اٹلی سے ہوگا۔ اگلے دن برمنگھم کا ‘نیچلز ویل بیئنگ سینٹر’ مردوں کے مقابلے میں گروپ مرحلے کے بقیہ میچوں کے لیے ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔

 21 مارچ کو خواتین کے گروپ مرحلے کے باقی میچز یونیورسٹی آف وولور ہیمپٹن، والسال کیمپس میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد مردوں کے کوارٹر فائنلز ہوں گے۔ اس کے بعد ٹورنامنٹ دوبارہ وولور ہیمپٹن جائے گا، جہاں مردوں اور خواتین کے سیمی فائنلز 22 مارچ کو ہونے والے ہیں۔ تیسری پوزیشن کے لیے میچز کے ساتھ ساتھ مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے فائنل بھی 23 مارچ کو وولور ہیمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔

سٹی آف ولور ہیمپٹن کونسل اور ورلڈ کبڈی کی مشترکہ بولی کے بعد کبڈی ورلڈ کپ 2025 کو یو کے حکومت کے کامن ویلتھ گیمز کے لیگیسی اینہانسمنٹ فنڈ سے500,000 پاؤنڈ کی فنڈنگ ​​موصول ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بد ترین کارکردگی ،کیا پاکستان سے کرکٹ ختم ہوگئی؟

یہ فنڈنگ ​​ اس بات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کہ کامن ویلتھ گیمز کی مثبت اور پائیدار میراث پورے خطے کو فائدہ پہنچاتی رہے، کھیل اور ثقافت تک رسائی بڑھانے میں بھی مدد دےگی، جس سے ویسٹ مڈلینڈز خطے کی بڑے ایونٹس کے لیے عالمی سطح کے میزبان کے طور پر شہرت بڑھے گی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس