اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کل 3 مارچ بروز پیر کو عوامی خدمات کے لیے تمام بینکس بند رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق 3 مارچ کو اسٹیٹ بینک و دیگر کمرشل بینکوں میں زکوٰۃ کٹوتی کی وجہ سے پبلک ڈیلنگ بند رہے گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بینکوں کا عملہ زکوٰة کٹوتی کے سلسلے میں اپنی ڈیوٹیز پر حاضر ہوگا۔
خیال رہے کہ ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ نے سال 1445-46 ہجری کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کر دیا ہے، جس کے مطابق بینک اکاؤنٹ میں مقررہ رقم کی موجودگی پر زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔
نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی کے مطابق ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ نے سال 1445-46 ہجری کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کر دیا ہے جو کہ 179,689 روپے ہوگا۔
زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 کے مطابق اگر کسی بینک اکاؤنٹ میں یکم رمضان المبارک 1446 ہجری کو اس سے کم رقم موجود ہو تو اس سے زکوٰۃ کی رقم منہا نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اس بار رمضان واقعی مختلف ہو!
نجی چینل کے مطابق بچت اکاؤنٹ، نفع ونقصان اور اس طرح کے اکاؤنٹس پر زکوٰۃ لاگو ہوگی، کرنٹ اکاؤنٹس سے زکوٰۃ نہیں کاٹی جائے گی۔
یاد رہے کہ رمضان المبارک کا پہلا دن ‘کٹوتی کی تاریخ’ کے طور پر نوٹیفائی کیا گیاتھا، مگر اب دوسرے روزے کو زکوٰۃ کی کٹوتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔
زکوٰۃ کی وصولی اور انتظامی ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زکوٰۃ کی کٹوتی کے بعد فوری طور پر فارم سی زیڈ 08 (A&B) کی کاپی فراہم کریں اور زکوٰۃ کی جمع شدہ رقم کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں موجود مرکزی زکوٰۃ اکاؤنٹ نمبر سی زیڈ 08 میں جمع کرائیں۔
ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ، زکوٰۃ کی وصولی اور تقسیم کے نظام کی نگرانی کرتے ہیں تاکہ یہ رقم مستحق اور ضرورت مند افراد تک پہنچ سکے۔