کینگروز کپتان اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ نئے چہروں کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں قدم رکھنے کا یہ بہترین وقت ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہونے کے بعد آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے 50 اوور کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ یہ ایک زبردست سفر رہا اور مجھے اس کا ہر لمحہ پسند آیا ہے۔
کینگروز کپتان نے کہا کہ بہت سارے حیرت انگیز اوقات اور حیرت انگیز یادیں رہی ہیں۔ شاندار ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ دو ورلڈ کپ جیتنا ایک بہت بڑی بات تھی، جنہوں نے اس سفر میں حصہ لیا۔
اسٹیو اسمتھ نے کہا ہے کہ وہ ملک کے لیے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنا جاری رکھیں گے۔ نئے چہروں کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں قدم رکھنے کا یہ بہترین وقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب لوگوں کے لیے 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاری شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے، اس لیے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ راستہ بنانے کا صحیح وقت ہے۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ ایک ترجیح بنی ہوئی ہے اور میں واقعی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا منتظر ہوں۔
اسمتھ کے سابق ساتھی اور موجودہ سلیکشن چیئر جارج بیلی نے اس فیصلے پر کہا کہ ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو آسٹریلوی سیٹ اپ میں موجود ہر فرد کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے لیے 170 ون ڈے میچوں میں نمایاں ہونے والے اسمتھ نے 43.28 کی اوسط سے 5800 رنز بنائے ہیں، جس میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں، جب کہ انہوں نے 28 وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں۔ 2015 اور 2023 میں آسٹریلیا کی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں بھی اسمتھ شامل تھا۔