وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہیں، بلکہ عدالتوں نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی کا قصہ بن چکی ہے اور اس کا مستقبل تاریک ہے۔
شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ گندم سمیت تمام اجناس کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کیا جا رہا ہے، جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تخریبی سیاست اور ملک دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے ملک میں نفرت، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، عوام کو یہ سوچنا ہوگا کہ پی ٹی آئی ملک کو کس سمت لے جانا چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں: وفاق خیبر پختونخوا کے 1100 ارب روپے کے واجبات ادا نہیں کر رہا، پی ٹی آئی رہنما
وفاقی وزیر نے اپوزیشن کی تحریک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن کی کوئی تحریک نہیں چل رہی اور پی ٹی آئی والے مولانا فضل الرحمان کی طرف سے ‘ناں’ ہی سمجھیں۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا رویہ دوغلا ہے، ایک طرف گالیاں دی جاتی ہیں اور دوسری طرف منتیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اب ڈونلڈ ٹرمپ کے کسی فیصلے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ ان کے مستقبل کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔