اپریل 11, 2025 1:44 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

فورڈ نے الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان کو بیٹری چارج نہ کرنے کی ہدایت کر دی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فورڈ نے الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان کو بیٹری چارج نہ کرنے کی ہدایت کر دی(فائل فوٹو)

فورڈ نے اپنی مقبول کُوگا پلگ اِن ہائبرڈ فیملی کار کے لیے حفاظتی ری کال جاری کی ہے، کیونکہ بیٹری کے شارٹ سرکٹ ہونے کا خدشہ پایا گیا ہے۔ تاہم، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ممکنہ مسئلے کے حل کے لیے فی الحال کوئی درستگی دستیاب نہیں ہے۔

عالمی خبر ارساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی آٹو جائنٹ نے مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوجاتا، وہ اپنی گاڑیوں کو چارج نہ کریں، اس کا مطلب ہے کہ ڈرائیورز پلگ اِن ہائبرڈ وہیکل رکھنے کے بڑے مالی فوائد اور اخراجات میں کمی کے امکانات سے محروم رہیں گے۔

کُوگا پلگ ان ہائبرڈ الیکٹرک گاڑی (پی ایچ وی ای)کے 26 ہزارسے زائد متاثرہ مالکان کو بھیجے گئے خطوط میں کمپنی نے کہا کہ فورڈ انجینئرز اس ممکنہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے نیا سافٹ ویئر تیار کر رہے ہیں جو کہ بیٹری کے تھرمل وینٹنگ کو متحرک کرسکتا ہے، جس سے گاڑی میں آگ لگنے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے، اور چوٹ کے خطرے میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

کمپنی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ براہ کرم اپنی گاڑی کو ہائی وولٹیج بیٹری چارج کرنے کے لیے مت لگائیں اور صرف آٹو ای وی موڈ کا استعمال کریں۔ یہ چارجنگ یا ڈرائیونگ کے دوران اس ممکنہ مسئلے کے واقع ہونے کو روکے گا۔

مالکان کو مطلع کیا گیا ہے کہ جب اس کا حل تیار ہوجائے گا، تو انہیں ایک اور خط موصول ہوگا۔ تاہم، رپورٹس کے مطابق، اس میں چند ماہ لگ سکتے ہیں۔

یہ مسئلہ موجودہ نسل کی تمام کُوگا پی ایچ وی ای گاڑیوں کو متاثر کرتا ہے، جن میں 2.5 لیٹر پیٹرول انجن موجود ہے۔ اس وقت سڑکوں پر ایسی 26,328 گاڑیاں موجود ہیں۔

فورڈ کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ اس کا حل دوسرا سہ ماہی مکمل ہونے سے پہلے دستیاب نہیں ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ ڈرائیور جون تک اپنی پی ایچ وی ای کو چارج نہیں کر سکیں گے۔

کمپنی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ براہ کرم اپنی گاڑی کو ہائی وولٹیج بیٹری چارج کرنے کے لیے مت لگائیں( فائل فوٹو)

کمپنی نے حفاظتی ری کال نوٹسز میں کہا کہ فورڈ مسلسل پیداوار کے عمل اور سروس میں موجود گاڑیوں کی نگرانی کرتا ہے۔

خط میں درج ہے کہ گاڑیوں کی کارکردگی کی نگرانی کے دوران، ہمیں یہ معلوم ہوا ہے کہ کچھ کُوگا پی ایچ وی ای گاڑیوں میں ہائی وولٹیج بیٹری کے کچھ سیلز ممکنہ طور پر اندرونی شارٹ سرکٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔

اگر ہائی وولٹیج بیٹری سیل میں اندرونی شارٹ سرکٹ ہو جائے، تو آپ کو انسٹرومنٹ کلسٹر میں اسٹاپ سیفلی ناؤ پیغام اور وارننگ آئیکن نظر آئے گا۔ آپ کو گاڑی کی قوتِ حرکت ختم ہونے کا تجربہ بھی ہوسکتا ہے، جس سے حادثے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تاہم، آپ کے پاس اب بھی 12 وولٹ کی لوازماتی سہولتیں، اسٹیئرنگ، اور بریک کنٹرول موجود ہوں گے۔

اس کے علاوہ، آپ کو بیٹری تھرمل وینٹنگ کا سامنا بھی ہوسکتا ہے، جس سے گاڑی میں آگ لگنے اور چوٹ لگنے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

تھرمل وینٹنگ بیٹری پیک میں ایک حفاظتی فیچر ہوتا ہے جو کہ بیٹری سیلز کے اندر پیدا ہونے والی گیسوں کو مؤثر طریقے سے خارج کرتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب غیر معمولی حالات جیسے کہ اوور چارجنگ، زیادہ درجہ حرارت، یا شارٹ سرکٹ پیدا ہوجائے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس