کیا آپ جانتے ہیں کہ 6G ٹیکنالوجی کیا ہے، یہ کیسے کام کرے گی اور ہماری زندگی کو کیسے بدلے گی؟ آئیے ان سوالات کے جواب جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
6G ٹیکنالوجی، یعنی چھٹی نسل کی وائرلیس ٹیکنالوجی، 5G کے بعد اگلا بڑا قدم ہے۔ جہاں 5 جی نے ہمیں تیز رفتار انٹرنیٹ، کم تاخیر اور بہتر کنیکٹیویٹی دی، وہیں 6G اس سے کہیں زیادہ آگے جائے گی۔
یہ توقع کی جا رہی ہے کہ 6G، 5G سے 100 گنا زیادہ تیز ہوگی اور اس کی رفتار ایک ٹیرا بٹ فی سیکنڈ تک جا سکتی ہے۔ اس میں تاخیر یعنی ڈیٹا بھیجنے اور وصول کرنے کا وقت ایک ملی سیکنڈ سے بھی کم ہو سکتا ہے۔
6G صرف موبائل فونز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ یہ گھریلو آلات، گاڑیوں اور یہاں تک کہ انسانی جسم پر پہنے جانے والے آلات کو بھی آپس میں جوڑ دے گی۔
اس ٹیکنالوجی میں مصنوعی ذہانت (AI) کا زیادہ استعمال ہوگا، جو نیٹ ورک کی کارکردگی کو خودکار طریقے سے بہتر بنائے گا۔ 6 جی کے عام ہونے سے انٹرنیٹ کا استعمال بڑھے گا، جس کا ماحول پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
یہ ایک مہنگی ٹیکنالوجی ہوگی، لیکن اس کی مدد سے ڈاکٹر دور بیٹھ کر مریضوں کا علاج کر سکیں گے اور روبوٹس کے ذریعے سرجری بھی ممکن ہو سکے گی۔
شہروں میں ٹریفک اور پانی کے نظام کو بہتر طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے گا۔ ورچوئل ریئلٹی (VR) آگمنٹڈ ریئلٹی کے تجربات مزید حقیقت کے قریب اور بہتر ہو جائیں گے۔
فیکٹریوں میں مشینوں کو 6G کی مدد سے کنٹرول کیا جا سکے گا، جس سے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ تاہم، اس ٹیکنالوجی کے لیے نئے آلات اور سہولیات کی ضرورت ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی، ڈیٹا کی حفاظت اور پرائیویسی جیسے چیلنجز بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ 6G کے لیے ایک عالمی معیار مقرر کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے۔