کراچی کے تاریخی برنس روڈ پر واقع سب سے بڑی فوڈ اسٹریٹ رمضان میں اپنی پوری رونق پر ہے۔ افطار کے وقت یہاں کا منظر دیدنی ہوتا ہے، جہاں دیسی اور روایتی پکوانوں کی خوشبو ہر جانب پھیلی ہوتی ہے۔ نہ یہاں کے لوگ بدلے، نہ کھانوں کا ذائقہ۔ فریسکو اور دہلی کے روایتی دہی بڑے آج بھی روزہ داروں کی اولین پسند ہیں، جب کہ پکوڑے، اندرسے، بن کباب، رول سموسہ اور دودھ سوڈا بھی ہر میز پر نظر آتے ہیں۔
مزیدار آلو کے سموسے اور کچوریاں اپنی مخصوص چٹنی کے ساتھ لطف دیتے ہیں، جب کہ تکے اور کبابوں کی مہک پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ جلیبیاں اور گول گپے شوقین افراد کو اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں، جب کہ تلی ہوئی مچھلی کی خریداری بھی ایک منفرد روایت بن چکی ہے۔
یہاں نہ صرف دوستوں اور خاندانوں کے لیے شاندار افطاری کا بندوبست ہے، بلکہ حلیم اور بریانی کی دکانیں بھی گاہکوں کی من پسند ہیں۔ فوڈ اسٹریٹ میں فیمیلیز کے لیے فری وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے، جو نوجوانوں کے لیے مزید کشش کا باعث ہے۔ رمضان کی یہ خصوصی رونقیں اس تاریخی بازار کی پہچان بن چکی ہیں۔