کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کوئی آپ کے خفیہ ڈیٹا یا راز فاش کر سکتا ہے؟
کوانٹم کمپیوٹنگ کی دنیا میں ایسا ممکن ہو سکتا ہے، جہاں آپ کی اینکرپٹڈ فائلز کو کھولا جا سکتا ہے، اور اسے کوانٹم تباہی کہا جاتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کوانٹم کمپیوٹنگ کیا ہے؟ اور اس کے فائدے اور نقصانات کیا ہیں؟ آئیے اس پر روشنی ڈالتے ہیں۔
کوانٹم کمپیوٹر جدید ترین ٹیکنالوجی ہے جو آج کے کمپیوٹرز سے کئی گنا آگے ہے۔ اس میں عام کمپیوٹرز کے برعکس بٹس کی جگہ کوانٹم بٹس یا کیو بٹس استعمال کیے جاتے ہیں۔
عام کمپیوٹرز میں معلومات زیرو اور ون کی شکل میں محفوظ ہوتی ہیں، جبکہ کوانٹم کمپیوٹرز میں کیو بٹس ایک ساتھ زیرو اور ون دونوں کی حالت میں رہ سکتے ہیں، جسے سپر پوزیشن کہا جاتا ہے۔
یہ خاصیت کوانٹم کمپیوٹرز کو ایک ہی وقت میں بے شمار کیلکولیشنز کرنے کی صلاحیت دیتی ہے، جو عام کمپیوٹرز کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔
کوانٹم کمپیوٹنگ کے کئی فائدے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ انتہائی پیچیدہ مسائل کو جلد حل کر سکتی ہے، جیسے ماحولیاتی تبدیلیوں کے نئے حل پیش کرنا اور سائبر سیکیورٹی میں نئی اینکرپشن تکنیکوں کا استعمال۔
لیکن اگر اس کا غلط استعمال کیا جائے تو اس کے نقصانات بھی ہو سکتے ہیں۔ سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ کوانٹم کمپیوٹرز موجودہ ڈیٹا اینکرپشن کو کمزور کر سکتے ہیں۔
اگر یہ آج کے اینکرپشن سسٹم کو توڑنے میں کامیاب ہو گئے تو ہماری ذاتی معلومات، بینک اکاؤنٹس اور دیگر اہم ڈیٹا خطرے میں پڑ سکتا ہے، جو اخلاقی اور قانونی لحاظ سے ایک سنگین مسئلہ ہوگا۔
آج ہم جو بھی انٹرنیٹ پر کرتے ہیں، جیسے آن لائن شاپنگ، بینک ٹرانزیکشنز، سوشل میڈیا تبصرے— سب کچھ ایک خفیہ کوڈ میں محفوظ ہوتا ہے۔ لیکن اگر مکمل طور پر فعال کوانٹم کمپیوٹر بن گیا تو یہ کوڈ کسی بھی وقت توڑا جا سکتا ہے۔
امریکہ، چین، روس، برطانیہ اور دیگر ممالک اس سپر فاسٹ کوانٹم کمپیوٹر بنانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں اور اس میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ سائبر سیکیورٹی، اسٹریٹیجک اور دفاعی معاملات میں سبقت حاصل کر سکیں۔
کوانٹم کمپیوٹنگ ایک طاقتور ٹیکنالوجی ہے جو ہمارے مستقبل کو بدل سکتی ہے، لیکن ہمیں اس کے فوائد اور نقصانات دونوں کو مدنظر رکھنا ہوگا۔