اپریل 11, 2025 5:52 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

معاشی استحکام پہلا زینہ، ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے سسٹم میں اصلاحات پر اپنی تجاویز دیں۔ (فوٹو: گوگل)

وزیرِاعظم شہباز شریف سے پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت کی بہتری، کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور حکومتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کاروباری شخصیات نے معاشی استحکام کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ ہے، ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے۔ معیشت کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

وزیرِاعظم نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور دیگر اصلاحات کے نتیجے میں کاروباری برادری کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ فیس لیس کلیئرنس سسٹم کی بدولت بندرگاہوں پر کنٹینرز کی کلیئرنس کے وقت میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، جو تجارت کے فروغ میں اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے سسٹم میں اصلاحات پر اپنی تجاویز دیں، تاکہ کاروباری برادری اور حکومت مل کر ملک کی معیشت کو مزید مستحکم بنا سکیں۔

اجلاس میں شریک کاروباری شخصیات نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر کاروباری برادری کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، شرکاء کا کہنا تھا کہ انھیں حکومتی پالیسیوں میں شامل کرنا خوش آئند ہے، خاص طور پر بجٹ کے مشاورتی عمل میں شامل کرنے پر وزیرِاعظم کے مشکور ہیں۔

وزیرِاعظم نے متعلقہ وزارتوں اور سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کے بعد ان کی تجاویز کی روشنی میں پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل تیار کریں، تاکہ ملک کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، حنیف عباسی، سردار اویس خان لغاری، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیرِمملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس