Follw Us on:

ڈی جی آئی ایس پی آر: آپریشن میں کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، تمام دہشتگرد ہلاک

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کامیاب ہو گیا ہے۔ (فوٹو: پی ٹی وی)

ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کامیاب ہو گیا ہے، یرغمالیوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11مارچ کو ایک بجے بولان کے قریب ریلوے ٹریک کو پہلے دھماکے سے اڑایا گیا، دہشت گردوں نے بعد میں جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا، دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں تھے۔

احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے آپریشن شروع کیا اور تمام یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا، جب کہ تمام دہشتگردوں کا صفایا کر دیا گیا، تاہم اس کارروائی میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ کارروائی میں 33 دہشتگرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سے پہلے دہشتگردوں نے 21 معصوم شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کی بدولت کسی بھی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، اور تمام یرغمالیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے عورتوں اور بچوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کیا، دہشتگردوں نے یرغمالیوں کو ٹولیوں میں تقسیم کر رکھا تھا، جنھیں پاک فوج نے باحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاک فوج نے اپنی مہارت کی بنا پر ایک بھی خودکش بمبار کو پھٹنے کا موقع نہیں دیا۔

انہوں نے بتایا کہ بازیابی کا آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا، بازیابی کے آپریشن میں پاک فوج، ایئر فورس، ایف سی اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا، دہشت گردوں نے تین ٹولیوں میں مسافروں کو بٹھایا ہوا تھا، مرحلہ وار یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہم نے بغیر نقصان کے یرغمالیوں کو فائنل آپریشن میں بازیاب کرایا، فائنل کلیئرنس آپریشن میں کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، بڑی احتیاط اور پروفیشنل طریقے سے آپریشن کیا گیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس