محکمہ داخلہ پنجاب نے ’گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ‘ سے آگاہی کیلئے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ لکھ دیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کو ’گڈ ٹچ‘ اور ’بیڈ ٹچ‘ سے آگاہ کرنے کے لیے نصاب میں باقاعدہ شامل کیا جائے، کیونکہ بچوں کی ذاتی حفاظت کے بارے میں تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی کلاسز کے نصاب میں ’گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ‘ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے، تاکہ بچے درست معلومات حاصل کر کے نامناسب رویوں کو پہچان سکیں اور متعلقہ اداروں کو رپورٹ کر سکیں۔
مزید برآں، مراسلے میں والدین اور اساتذہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو سکھائیں کہ گھر یا باہر کسی بھی نامناسب رویے کو کس طرح رپورٹ کیا جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے نشاندہی کی کہ جنسی استحصال کا شکار بچے زندگی بھر ذہنی دباؤ کا سامنا کر سکتے ہیں، لہٰذا انہیں محفوظ بنانا اور استحصال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بچوں کو سکھایا جائے کہ وہ کسی بھی قسم کے جنسی استحصال کی کوشش کرنے والوں سے خوفزدہ نہ ہوں، بلکہ انہیں بے نقاب کریں۔ اس مقصد کے لیے ماہرین کی مدد سے نصاب میں ’گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ‘ ماڈیول شامل کرنے پر زور دیا گیا ہے، تاکہ اس حساس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے اور آئندہ نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ، محکمہ داخلہ پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تعاون سے ’گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ‘ سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔