پاکستان تحریکِ انصاف کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے کہا ہے ٹک ٹاکر صاحبہ کالج سے ڈراپ آؤٹ کا بدلہ پنجاب بھر کے 1000 سے زائد ہیلتھ یونٹس کو پرائیواٹائز کر کے لے رہی ہیں۔
تحریک انصاف کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ٹک ٹاکر صاحبہ میڈیکل کالج سے ڈراپ آؤٹ کا بدلہ پنجاب بھر کے 1000 سے زائد ہیلتھ یونٹس کو پرائیویٹائز کر کے لے رہی ہیں، پنجاب بھر میں محکمہ صحت کےملازمین سراپا احتجاج ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا کہ یہ لوگ خود تو زیادہ پڑھے لکھے ہیں نہیں، اسی لیے پڑھے لکھے اور ہنرمند لوگوں کو بے روزگار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے حکومت کی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے، ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہیں اور تقریباً 18 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
عالیہ حمزہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی رپورٹس بھی اقتدار کے قبضہ مافیا کی خوبصورتی کی طرح پلاسٹک کی ہیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ہر پسے ہوئے طبقے کی آواز ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
محکمہ صحت کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا، حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہیلتھ سیکٹر بحران کا شکار ہو چکا ہے۔