Follw Us on:

ہونڈوراس میں طیارہ حادثہ، سات افراد ہلاک، زندہ بچنے والوں کی حالت تشویش ناک

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
ہونڈوراس میں طیارہ حادثہ، سات افراد ہلاک، زندہ بچ جانے والوں کی حالت تشویش ناک

ہونڈوراس کے کیریبین ساحل پر ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو غمگین کر دیا۔ لانسہ ایئر لائن کا جیٹ اسٹریم طیارہ روٹن آئی لینڈ سے اُڑنے کے بعد محض چند منٹ کی پرواز کے بعد بحر کیریبین میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں سات افراد کی جانیں گئیں جبکہ دس دیگر افراد خوش قسمتی سے زندہ بچ گئے۔

حادثہ پیر کی رات کو پیش آیا، جب طیارہ روٹن آئی لینڈ کے ساحل سے تقریباً ایک کلومیٹر (0.6 میل) دور سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

طیارے میں مجموعی طور پر 14 مسافر اور 3 عملے کے ارکان سوار تھے، جن میں ایک امریکی، ایک فرانسیسی شہری اور دو بچے شامل تھے۔ یہ طیارہ ہونڈوراس کے مرکزی شہر لا سیبیا کی طرف روانہ ہو رہا تھا۔

حادثے کی اطلاع ملنے مقامی حکام اور امدادی ٹیموں نے فوراً کارروائی شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کے حوثیوں پر فضائی حملے جاری، پانچ بچوں سمیت 53 افراد جاں بحق

روٹن کے فائر کیپٹن فرینکلن بورجاس نے اس بات کی تصدیق کی کہ سات افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے جبکہ زندہ بچ جانے والوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اس حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں انتہائی مشکل تھیں، کیونکہ تیز لہروں اور 30 میٹر بلند چٹانوں نے ریسکیو آپریشن کو مزید پیچیدہ بنا دیا تھا۔

قریب ہی موجود کشتیوں سے روشنیاں چمکائی جا رہی تھیں، جبکہ مقامی پولیس اور فائر اہلکاروں نے بچ جانے والوں کو خطرناک چٹانی ساحل تک پہنچایا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ امدادی کارکنان زخمی افراد کو اسٹریچروں پر اٹھا کر ساحل تک لے جا رہے ہیں۔

اس حادثے میں ہونڈوراس کے معروف گاریفونا موسیقار آوریلیو مارٹنیز سوازو کی بھی موت ہو گئی، جس نے اس سانحے کو اور بھی المناک بنا دیا۔

فی الحال، طیارے کے گرنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا اور ایئر لائن نے بھی ابھی تک اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

دوسری جانب حکام نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ موسمی حالات نے تلاش و بچاؤ کی کارروائیوں کو بہت مشکل بنا دیا ہے، اور غوطہ خوروں کے لیے پانی میں صفر بصارت کے باعث امدادی کاموں میں شدید رکاوٹیں آئی ہیں۔

روٹن آئی لینڈ، جو کہ ہونڈوراس کے بے شمار سیاحوں کی پسندیدہ منزل ہے، اس سانحے کے بعد سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل نے دوبارہ غزہ پر حملہ کر دیا: مختلف حملوں میں 200 افراد جاں بحق

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس