Follw Us on:

جے یو آئی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد انتقال کر گئے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hafiz hussain ahmad
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کوئٹہ میں انتقال کرگئے۔( فائل فوٹو)

حافظ حسین احمد گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کی تدفین کل کوئٹہ میں ہوگی۔

حافظ حسین احمد کا شمار مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں اختلافات ختم کر کے حافظ حسین احمد دوبارہ جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شامل ہو گئے تھے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینیئر سیاستدان حافظ حسین احمد کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ ان کا کہنا  تھاکہ حافظ حسین احمد کی وفات سے حسین یادوں کا ایک باب ختم ہوگیا، حافظ حسین احمد مرحوم زیرک ،حاضر جواب اور نظریاتی پارلیمانی رہنما تھے۔

حافظ حسین احمد 1988میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد وہ 1991 میں سینیٹر بنے، پھر 2002 میں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے دوسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بنے اور قومی اسمبلی میں پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔

حافظ حسین احمد طویل عرصے تک پارلیمنٹ میں جے یو آئی کی آواز بنے رہےہیں۔ وہ 1988 کے انتخابات کے بعد چار بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

حافظ حسین بہت عرصے تک پارٹی کے مرکزی ترجمان رہے، تا ہم انہیں دسمبر 2020 میں جے یو آئی سے نکال دیا گیا تھا، پارٹی کی طرف سے حافظ حسین احمد پر پارٹی فیصلوں، پالیسی، دستور اور منشور سے انحراف جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

وہ جے یو آئی کے سنہ 1973 میں رکن بنے جب اس پارٹی کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے والد مفتی محمود کے ہاتھوں میں تھی، جبکہ مولانا فضل الرحمان کی پارٹی میں شمولیت 1980 میں ہوئی، اس وجہ سے حافظ حسین احمد پارٹی میں مولانا فضل الرحمان سے سینیئر شمار کیے جاتے تھے۔

حافظ حسین احمد کئی دفعہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف خطاب کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی جے یو آئی میں موروثیت کی سیاست نہیں چلنے دیں گے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس