انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا دوسرا میچ آج راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدر آباد میں کھیلا گیا، جہاں راجستھان رائلز اور سن رائزرز حیدر آباد ایک دوسرے کے مدِمقابل آئے۔ ایس آر ایچ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 286 رنز بنائے، میچ میں فتح حاصل کرنے کے لیے انہیں اچھی گیندبازی کی ضرورت تھی۔
ایس آر ایچ کے میڈیم فاسٹ گیندباز سمرجیت سنگھ نے 3 اوورز میں 46 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، جن میں سے ایک انڈین سٹار بیٹریشوی جیسوال، جب کہ دوسری کپتان ریان پراگ کی تھی۔سمرجیت سنگھ نے ایک ہی اوور میں دونوں شاندار کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔
17 جنوری 1998 کو دہلی میں پیدا ہونے والے سمرجیت سنگھ نے اپنے کرکٹ سفر کا آغاز ڈومیسٹک کرکٹ سے کیا اور آج وہ انڈین پریمیئر لیگ کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈرز میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ 27 سالہ سمرجیت دائیں بازو کے میڈیم فاسٹ بولر ہیں، جو اپنی رفتار اور گیند کو حرکت دینے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کی محنت اور صلاحیت نے انہیں آئی پی ایل کے بڑے فرنچائزز کے لیے ایک قیمتی اثاثہ بنا دیا ہے۔

سمرجیت نے 2018 میں وجے ہزارے ٹرافی میں لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اسی سال رنجی ٹرافی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں قدم رکھا۔ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروانے کی ان کی صلاحیت نے انہیں جلد ہی دہلی کے بولنگ اٹیک کا ایک اہم رکن بنا دیا۔ ان کی شاندار کارکردگی نے آئی پی ایل فرنچائزز کی توجہ حاصل کی اور انہیں جلد ہی لیگ کا حصہ بننے کا موقع ملا۔
ابتدا میں سمرجیت سنگھ کو ممبئی انڈینز نے ایک متبادل کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا، مگر انہیں ڈیبیو کا موقع نہ مل سکا۔ 2022 میں چنئی سپر کنگز (CSK) نے انہیں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ لیجنڈری کپتان ایم ایس دھونی کی قیادت میں کھیلتے ہوئے، سمرجیت نے دو سیزن میں 10 میچ کھیلے اور 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی درست لائن اور لینتھ کے ساتھ رفتار نے انہیں CSK کے لیے ایک قابلِ اعتماد بولر بنا دیا تھا، مگر 2025 کے سیزن سے قبل چنئی نے انہیں ریلیز کر دیا۔
2025 کی آئی پی ایل نیلامی میں سمرجیت سنگھ پر سن رائزرز حیدرآباد (SRH) نے بھروسہ کرتے ہوئے انہیں 1.50 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ SRH کی پالیسی ہمیشہ سے نوجوان اور باصلاحیت فاسٹ بولرز پر انحصار کرنے کی رہی ہے اور یہ فیصلہ ان کے حق میں گیا۔
23 مارچ 2025 کو جب SRH نے راجستھان رائلز کے خلاف میدان میں قدم رکھا، تو سمرجیت نے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ پہلے بلے سے 286 رنز بنانے کے بعد ایس آر ایچ کو ایک زبردست بولنگ آغاز کی ضرورت تھی اور سمرجیت نے یہ ذمہ داری بخوبی نبھائی۔

انہوں نے اپنے خطرناک باؤنسرز سے یشسوی جیسوال کو مشکل میں ڈالا اور آخرکار ان کی وکٹ حاصل کی۔ چند گیندوں بعدانہوں نے راجستھان کے کپتان ریان پراگ کو بھی ایک شارٹ بال پر قابو میں لے کر پویلین بھیج دیا۔
سمرجیت سنگھ کے لیے یہ آئی پی ایل سیزن نہ صرف خود کو ثابت کرنے کا موقع ہے بلکہ یہ بھی دکھانے کا کہ وہ فرنچائز کرکٹ میں ایک مستقل اور مؤثر بولر بن سکتے ہیں۔ اگر وہ اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہیں، تو ممکن ہے کہ جلد ہی انہیں بھارتی قومی ٹیم میں بھی موقع مل جائے۔