کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق خاتون حاملہ تھیں اور حادثے کے باعث سڑک پر ہی بچے کو جنم دیا جو جانبر نہ ہو سکا۔
کوئی انسانوں کا ملک ہوتا تو یہ منظر دیکھ حاکم گھر چلے جاتے مگر کیا کریں اسلامی جمہوریہ پاکستان جگ سے نرا ہے ایک شہری سڑک پہ پیدا ہوئے بچے کو بچانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے تصویر جانبحق باپ کی ہے بیوی بھی ٹینکر حادثے میں جانبحق ہوئی pic.twitter.com/GjecUKBHH4
— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) March 24, 2025
کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافی فیض اللہ خان نے واقعے کی تفصیل کے ساتھ ایسے مناظر بھی شیئر کیے ہیں جن میں ایک ہیلمٹ پہنے شخص ہاتھوں میں نوزائیدہ بچہ کو تھامے ہوئے ہے جب کہ دوسری تصویر میں جواں سال متوفی کو دکھایا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا ملیر ہالٹ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے حاملہ خاتون اور اس کے شوہر کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور ٹریفک پولیس ٹینکرز و ڈمپرز کے ڈرائیوروں کو لگام دینے اور شہریوں کے تحفظ میں بُری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
ایم کیو ایم حقیقی کے چیئر مین آفاق احمد نے کہا کہ بار ہاں یاد دہانی کے باوجود سندھ حکومت کی سر پرستی میں ڈمپر اور ٹینکر ز مافیازکی غنڈہ گردی رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔