اپریل 4, 2025 7:36 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

اضافی بجلی کو کرپٹو مائننگ کے لیے استعمال کرنے کا مشورہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
پاکستان کو اپنے منفرد حالات کے مطابق ریگولیٹری ماڈلز اپنانے چاہییں۔ (فوٹو: گوگل)

پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے پہلے اجلاس میں بٹ کوائن مائننگ کے لیے اضافی بجلی کے مؤثر استعمال کی تجویز پیش کر دی گئی۔

پاکستان کرپٹو کونسل کا باضابطہ قیام 15 مارچ کو عمل میں آیا، جس کا مقصد کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کو مالیاتی نظام میں ضم کرنا اور اس شعبے کے لیے ایک مؤثر ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنا ہے۔ اس تاریخی اقدام نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اسٹیٹ بینک کے گورنر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین، وفاقی آئی ٹی اور لاء سیکریٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرپٹو اسپیس میں پاکستان کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔

کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے منفرد حالات کے مطابق ریگولیٹری ماڈلز اپنانے چاہییں، تاکہ کرپٹو انڈسٹری کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اضافی بجلی جو کم طلب اور ناکافی انفراسٹرکچر کے باعث ضائع ہو رہی ہے، اسے بٹ کوائن مائننگ کے لیے استعمال کر کے ملک کے مالیاتی وسائل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کرپٹو انقلاب، وفاقی حکومت نے ’پاکستان کرپٹو کونسل‘ قائم کر دی

دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا پاکستان کرپٹو کونسل کے اس وژن کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ہماری معیشت کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل باب کا آغاز ہے۔ ہم ایک شفاف اور جدید مالیاتی نظام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، جو سرمایہ کاری کو راغب کرے، نوجوانوں کو بااختیار بنائے اور پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں کرے۔

مزید یہ کہ اجلاس میں ریگولیٹری وضاحت، صارفین کے تحفظ، لائسنسنگ سسٹم اور قومی بلاک چین پالیسی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ عالمی معیار کی روشنی میں مقامی ضروریات کے مطابق ماڈلز تیار کیے جائیں، جب کہ ابتدائی پائلٹ پروجیکٹس اور بین الاقوامی ضابطوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس