آنسوؤں اور آہوں میں ڈوبی ایک ویڈیو وائرل ہے، یہ ویڈیو ماہ رنگ بلوچ کی ہے، ماہ رنگ جو کہہ رہی ہے کیا وہ سچ ہے یا محض سوشل میڈیا سٹنٹ؟ کیا ہارڈ سٹیٹ ایسے بیانات اور ویڈیوز کا ردعمل ہے یا کہانی کچھ اور ہے؟ آئیے آپ کو بتاتے ہیں
ناظرین۔ بلوچستان میں لاپتہ افراد کی تاریخ دہائیوں سے موجود ہے۔ بلوچستان میں کئی رہنماؤں نے اس پر آواز بلند کرنے کی کوشش کی۔ لیکن کچھ کے ہونٹ سی دیے گئے جب کہ کچھ لاپتہ ہوگئے۔
ماہ رنگ بلوچ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک انسانی حقوق کی کارکن ہیں جو جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف جدوجہد کر رہی ہیں۔ ان کے والد، عبد الغفار لانگو، کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے رکن تھے، جو 2009 میں لاپتہ ہوئے اور 2011 میں ایک کارروائی میں مارے گئے۔
ماہ رنگ بلوچ نے 2023 میں بلوچستان سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا، اس مارچ کے شرکا نے شہر اقتدار میں دھرنا دیا۔ مارچ کا بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز بلند کرنا بتایا گیا۔
پچھلے دنوں ماہ رنگ بلوچ اپنے ساتھیوں کے ساتھ احتجاج کر رہی تھی کہ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ماہ رنگ بلوچ کو گرفتار کر لیا اور کوئٹہ جیل منتقل کر دیا۔
اس واقعہ کا ہونا تھا کہ بلوچستان میں مظاہرے پھوٹ پڑے، انتظامیہ کو شہر بند کرنے پڑے اور مظاہرین کو بزورطاقت روکنا پڑا۔ یہ مظاہرین تو نہتے ہیں پھر اتنی سختی کیوں؟ کیا ان کا تعلق بھی پہاڑوں پر آباد شرپسندوں سے ہے؟
بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات بڑھ رہے ہیں۔ ان واقعات میں پنجابی مزدوروں کا قتل کیاجاتا ہے۔لیکن ماہ رنگ بلوچ سے کیے جانے والے سوال میں انہوں نےاس کی مذمت تک نہ کی۔
ایک طرف تو ماہ رنگ اپنے لاپتہ افراد کے لیے جدوجہد کرتی نظرآتی ہیں تو دوسری جانب وہ دہشت گرد حملوں میں مارے جانے والے معصوم پنجابیوں اور فورسز کے جوانوں کی موت پر خاموش۔ یہ خاموشی، پراسرار خاموشی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا واقعی وہ بلوچستان کے حقوق کے لیے لڑ رہی ہیں؟
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جن کے خلاف وہ جدوجہد کر رہی ہیں اصل میں یہ خود بھی انہی کی کارندہ ہیں۔ اور بلوچ عوام کے سامنے ایک ہیروئن کے طور پر نظر آرہی ہیں۔
ماہ رنگ کو وہاں سے پذیرائی مل رہی ہے جن کو پاکستانیوں کی اکثریت دشمن سمجھتی ہے۔ بظاہر ماہ رنگ بلوچ کا مقصد بلوچ قوم میں شعور بیدار کرنا اور انہیں متحد کرنا ہے، مگر ویڈیو میں کیے گئے دعوؤں اور ان کے سرٹیفکیٹس سے لگتا ہے کہ یہ آنسومگر مچھ کے آنسو ہیں۔ کیا آپ کا بھی یہی خیال ہے؟
