رمضان المبارک 2025 کا اختتام قریب ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس مقدس مہینے کی سب سے عظیم رات ‘لیلۃ القدر’ کی تلاش میں ہیں۔ یہ وہ رات ہے جسے اللہ تعالیٰ نے ‘ہزار مہینوں سے بہتر’ قرار دیا یعنی اس ایک رات کی عبادت کا اجر 83 سال سے زیادہ عبادت کے برابر ہے۔
یہ رات مومنین کے لیے ایک نادر موقع فراہم کرتی ہے، جہاں وہ عبادت، دعا اور استغفار کے ذریعے اللہ کی رحمت اور مغفرت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہی وہ بابرکت رات ہے، جب اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو نازل فرمایا۔
روایات کے مطابق پورا قرآن لوح محفوظ سے پہلے آسمان پر اتارا گیا اور پھر 23 سال کے عرصے میں نبی اکرم ﷺ پر وحی کے ذریعے مکمل کیا گیا۔ یہ رات قرآن کی عظمت، ہدایت اور انسانیت کے لیے اس کے پیغام کی تجدید کی علامت ہے۔
یہ رات صرف عبادت کے لیے نہیں، بلکہ اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور خصوصی دعائیں کرنے کا بھی بہترین موقع ہے۔
حضرت عائشہؓ روایت کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے لیلۃ القدر میں ایک مخصوص دعا پڑھنے کی تلقین فرمائی: اللَّهُمَّ إِنَّكَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّي
(اے اللہ! تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند کرتا ہے، پس مجھے معاف فرما دے)
علماء کہتے ہیں کہ یہ وہ رات ہے، جب اللہ تعالیٰ دعاؤں کو قبول کرتا ہے اور بخشش کے دروازے ہر سچے مومن کے لیے کھول دیے جاتے ہیں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: “جو شخص لیلۃ القدر میں ایمان اور ثواب کی نیت سے قیام کرے، اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔”
یہ رات سکون، رحمت اور نور سے بھری ہوتی ہے اور جو کوئی اس میں اخلاص کے ساتھ عبادت کرتا ہے، وہ اللہ کی مغفرت اور بے پناہ برکتیں حاصل کر سکتا ہے۔
اسلامی تعلیمات کے مطابق لیلۃ القدر کی صحیح تاریخ معلوم نہیں، لیکن نبی اکرم ﷺ نے مسلمانوں کو رمضان کے آخری عشرے میں، خاص طور پر طاق راتوں (21، 23، 25، 27، 29) میں اسے تلاش کرنے کی تاکید فرمائی۔
علماء کی رائے میں 27ویں شب کو لیلۃ القدر ہونے کا امکان زیادہ ہے، لیکن حتمی وقت کا علم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان رمضان کے آخری ایام میں عبادت کو بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ اس بابرکت رات کو ضائع نہ کریں۔
یہ رات محض ایک معمولی رات نہیں، بلکہ یہ زندگی بدل دینے کا لمحہ ہے۔
یہ موقع ہے اللہ سے بخشش مانگنے، دعا کرنے اور اپنی روحانی زندگی کو بہتر بنانے کا، جو شخص اخلاص اور سچے دل سے اس رات کو عبادت میں گزارے، وہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔
تو کیا آپ تیار ہیں؟ لیلۃ القدر کا انتظار مت کریں، بلکہ اس کی تلاش میں اپنی عبادت کو بڑھائیں اور اللہ کی رحمت سمیٹیں۔